دورہ امریکا ہرلحاظ سے کامیاب رہا، یو این میں فلسطین کیساتھ مسئلہ کشمیر اٹھایا: اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ان کا دورہ امریکا اور اقوام متحدہ ہر لحاظ سے کامیاب رہا۔

امریکا اور اقوام متحدہ کے 10 روزہ دورے کے بعد وطن واپسی پر میڈیاسے بات کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین کے ساتھ ہر بار مسئلہ کشمیر اٹھایا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے دورہ اقوام متحدہ کے دوران سلامتی کونسل کے اجلاس کی 3 بار صدارت کی۔

اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس میں پاکستان کی پیش قرارداد سلامتی کونسل میں متفقہ طور پر منظور ہوئی۔ تنازعات کو پُرامن انداز سےحل کرنے سے متعلق پاکستان کی اس قرارداد کا متفقہ منظور کیا جانا تاریخی نوعیت کا واقعہ ہے۔

نائب وزیراعظم نے اس دورے میں اقوام متحدہ میں دوریاستی حل سے متعلق فلسطین کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔اس کانفرنس کا اہتمام فرانس اور سعودی عرب نے کیا تھا۔ فرانس نے اس موقع پر یہ بھی واضح کیا ہے کہ وہ فلسطین کو بطور ریاست ستمبر میں تسلیم کرلے گا۔

اپنے خطاب میں اسحاق ڈار نےعالمی برادری سے اپیل کی تھی کہ ایسے تمام ممالک جنہوں نے فلسطین کو تاحال تسلیم نہیں کیا وہ بھی اس سمت میں قدم بڑھائیں جبکہ اقوام متحدہ فلسطینی ریاست کو مکمل رکنیت دے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے اس خطاب کے ایک ہی روز بعد برطانیہ کے وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے بھی فلسطین کو مشروط طور پر ستمبر میں تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

نیویارک سے استنبول کے راستے اسلام آباد واپسی پر جیونیوز سے بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ مزید ممالک فلسطینی ریاست کو تسلیم کرلیں گے۔

نائب وزیراعظم نے نیویارک سے استنبول ائیرپورٹ پہنچتے ہی وزیراعظم شہبازشریف کو ٹیلی فون بھی کیا اور غزہ میں غذائی بحران اور قحط کی صورتحال پر بات کی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم نے ان کے کہنے پر 200 ٹن غذائی سامان غزہ بھیجنے کی فوری منظوری دی، جس پر انہوں نے ایم ڈی این ڈی ایم اے اور خارجہ سیکرٹری کو ہدایت کی کہ سامان جلد غزہ بھیجنے کی تیاری کریں۔

اسحاق ڈار نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کو غذا اور ادویات کی بلاروک ٹوک فراہمی فوری طور پر یقینی بنائے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ میں ہیومینیٹرین فوڈ صورتحال دل دہلا دینے والی ہے، غزہ میں خواتین اور بچے بھوک سے مر رہے ہیں۔پاکستان فلسطینی عوام کےساتھ غیرمتزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

امریکا اور اقوام متحدہ کے اس دورے کے دوران اسحاق ڈار نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے محکمہ خارجہ میں ملاقات کی اور ایک بار ٹیلی فون پر بھی رابطہ کیا گیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نےسعودیہ، مصر سمیت 8 ممالک کے وزرا سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کیں، وہ کاروباری شخصیات اور پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہےکہ اسحاق ڈار نے جس طرح بطور وزیر خزانہ معاشی استحکام میں ایک عرصے کردار ادا کیا تھا،دورہ امریکا اور اقوام متحدہ میں ان کی مدبرانہ تقاریر اور مختلف رہنماؤں سے اہم دوطرفہ ملاقاتوں نے خارجہ محاذ پر بھی عالمی برادری کو ان کی غیر معمولی صلاحیتوں کا قائل کرلیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے