وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے ساتھ ساتھ تجارتی ڈیل کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا میں پاکستان اور امریکا کے درمیان گزشتہ روز واشنگٹن میں کامیابی سے طے پانے والی تاریخی تجارتی ڈیل میں لیڈر شپ رول ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دل کی اتاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے مزید لکھا کہ یہ تجارتی معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط کرے گا اور اس معاہدے سے مستقبل میں پاک امریکا پائیدار شراکت داری کو مزید وسعت ملے گی۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا الحمد اللہ! پاکستان کی امریکا کے ساتھ ڈیل طے پا گئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا امریکا کے ساتھ ڈیل ہماری معیشت کے لیے بڑی خوش آئند پیشرفت ہے، ہماری ٹیم کے مستقل مذاکرات ہوتے رہے جس کے نتیجے میں یہ ڈیل سائن ہوئی۔
بلا ل اظہر کیانی کا کہنا تھا اس ڈیل کے نتیجے میں پاکستان سے امریکا جانے والی اشیا کے ٹیرف میں کمی ہوگی، اس ٹیرف میں کمی سے بہت بڑا اثر آئے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے کا اعلان کر دیا۔
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان سے ڈیل کا اعلان کردیا جبکہ بھارت پر ٹیرف عائد کرکے زور دار جھٹکا دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان سے تجارتی ڈیل مکمل ہوگئی ہے۔امریکا پاکستان کے تیل ذخائر بڑھانے کیلئے اقدام کرے گا۔
ٹرمپ نے کہا کہ شراکت داری کی قیادت کرنے والی کمپنی کا چناؤ کیا جارہا ہے۔ شاید ایک دن ایسا آئے جب پاکستان تیل بھارت کو فروخت کرے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ وائٹ ہاؤس میں تجارتی معاہدے کرنے میں انتہائی مصروف ہیں، انہوں نے بہت سے ممالک سے بات کی ہے اور ہر رہنما امریکا کو بہت خوش کرنا چاہتا ہے۔
اس کے علاوہ امریکی صدر نے کہا کہ بہت سے ممالک ٹیرف میں کمی کی پیش کش بھی کررہے ہیں۔ ان تمام اقدامات سے امریکا کا تجارتی خسارہ کم ہونے میں مدد ملے گی اور اس حوالے سے مکمل رپورٹ جلد جاری کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر بھارت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس پر 25 فیصد ٹیرف اور اضافی جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔