امریکا اور بھارت کے مابین پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی محض دو معیشتوں کی باہمی رساکشی نہیں، بلکہ اس کے پس منظر میں ایک وسیع تر عالمی حکمتِ عملی اور طاقت کے توازن کی بازترتیب کارفرما ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارت پر یکے بعد دیگرے ٹیرف عائد کرنے، بعض مصنوعات پر پچیس فیصد تک درآمدی ڈیوٹی لگانے اور مزید سخت اقتصادی اقدامات کی دھمکی دینے کا معاملہ معمولی تجارتی چپقلش سے کہیں زیادہ گہرا اور پرمعانی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سیاسی بیانیے کو "MAGA” یعنی Make America Great Again کے نعرے کے گرد استوار کیا۔ اس نعرے کی عملی تعبیر مقامی صنعتوں کی بحالی، درآمدات پر انحصار میں کمی، اور روزگار کے مواقع میں اضافہ تھی۔ مگر زمینی حقائق یہ ہیں کہ امریکی مارکیٹ چینی اور بھارتی مصنوعات سے بھری پڑی ہے۔ یہ اشیاء نہ صرف قیمت میں سستی ہیں بلکہ وہ امریکی پیداوار کا گلا گھونٹ رہی ہیں۔ نتیجتاً، ملکی صنعتیں سکڑ رہی ہیں، روزگار کے مواقع سمٹتے جا رہے ہیں، اور قومی سرمایہ بیرونِ ملک بہہ رہا ہے۔
چینی اور بھارتی مصنوعات کی لاگت کم ہونے کی ایک اہم وجہ ان ممالک کی پیداواری لاگت میں کمی اور سبسڈی پر مبنی برآمدی پالیسی ہے۔ نتیجتاً، امریکا کی مقامی صنعت کو مقامی مارکیٹ میں شدید مقابلے کا سامنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ درآمدی اشیاء پر بھاری ٹیرف عائد کر رہی ہے تاکہ یہ سستی اشیاء ٹیرف کے بعد اتنی مہنگی ہو جائیں کہ امریکی صارفین انہیں مقامی مصنوعات پر ترجیح نہ دیں، اور یوں امریکی معیشت کو اندرونی طور پر تقویت ملے۔
اسی تناظر میں ایک چونکا دینے والا مگر غیر مبہم فیصلہ سامنے آیا کہ امریکا نے ایپل کمپنی کو بھارت میں اپنا پیداواری یونٹ بند کرنے کی ہدایت کی۔ یہ اقدام بظاہر ایک کاروباری فیصلہ لگتا ہے، لیکن دراصل یہ امریکی اقتصادی تحفظ پسندی کی پالیسی کا حصہ ہے۔
بھارت کے لیے یہ صورتحال خاصی پریشان کن ہے۔ اس کی امریکا کو برآمدات تیزی سے بڑھ رہی ہیں، جبکہ امریکی مصنوعات بھارتی مارکیٹ میں محدود پیمانے پر داخل ہو پاتی ہیں۔ اس عدم توازن کو ٹرمپ انتظامیہ ایک ناقابلِ قبول خسارے کے طور پر دیکھتی ہے۔
خاص طور پر ٹرمپ کے مشیروں کا یہ نکتہ زور پکڑ رہا ہے کہ بھارت روس سے سستا تیل درآمد کرتا ہے، جبکہ امریکا سے مہنگی مصنوعات خریدنے کے بجائے اس کی مصنوعات کے لیے اپنی منڈی تقریباً بند رکھتا ہے۔
یعنی ایک طرف بھارت امریکی مارکیٹ سے بھرپور فائدہ اٹھا رہا ہے، تو دوسری طرف امریکی مفادات کو نظرانداز کر رہا ہے۔ ٹرمپ کے نزدیک یہ "ون وے ٹریفک” ناقابلِ قبول ہے۔
چین کے بعد بھارت بھی اسی فہرست میں شامل ہو چکا ہے جسے امریکا اپنے اقتصادی مفادات کے لیے خطرہ تصور کر رہا ہے۔ ٹرمپ کی پالیسی واضح ہے: یا تو معاہدے پر ازسرنو بات چیت کی جائے، یا پھر نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہا جائے۔
ایسے میں پاکستان کی حیثیت نہایت اہم ہو گئی ہے۔ افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد خطے میں پاکستان کی تزویراتی (اسٹریٹجک) اہمیت ازسرنو نمایاں ہوئی ہے۔
چین کے ساتھ پاکستان کے معاشی تعلقات، خصوصاً سی پیک جیسے منصوبے، پاکستان کو ایک علاقائی مرکزیت فراہم کرتے ہیں۔ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کے لیے نرم رویہ اختیار کرنا، اور بھارت کو تجارتی شکنجے میں کسنا، اس امر کا مظہر ہے کہ امریکا جنوبی ایشیا میں اپنی حکمتِ عملی کو دوبارہ ترتیب دے رہا ہے۔
پاکستان کے لیے یہ صورتِ حال ایک اہم موقع بھی ہے اور آزمائش بھی۔ امریکا کے ساتھ تعلقات میں بہتری کا فائدہ صرف اسی صورت میں حاصل کیا جا سکتا ہے جب اسلام آباد اپنی خودمختاری کو مجروح کیے بغیر توازن کی پالیسی اپنائے۔ اگر ہم اندرونی سیاسی عدم استحکام کے باعث یا کسی خارجی دباؤ میں آ کر اپنے معدنی وسائل یا قومی مفادات ارزاں نرخوں پر پیش کرنے لگیں، تو یہ وقتی فائدہ درحقیقت طویل المدت نقصان میں بدل جائے گا۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان اندرونی سطح پر سیاسی ہم آہنگی پیدا کرے۔ اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کے بجائے قومی سیاسی دھارے کا حصہ بنایا جائے، تاکہ قومی پالیسیوں میں وسیع تر سیاسی اتفاقِ رائے پیدا ہو۔ اگر ہم داخلی طور پر کمزور رہے، تو بیرونی دنیا میں ہماری آواز نہ صرف غیر مؤثر ہوگی بلکہ عالمی قوتیں ہماری اس کمزوری سے اپنے مفادات کے لیے فائدہ بھی اٹھا سکتی ہیں۔
دنیا ایک نئی سرد جنگ کے دہانے پر کھڑی ہے، جہاں اقتصادی پابندیاں، سفارتی چالاکیاں اور اسٹریٹجک داؤ پیچ اصل ہتھیار ہیں۔ اس بدلتی دنیا میں پاکستان کو نہ صرف اپنے مفادات کا تحفظ کرنا ہے بلکہ اپنی حیثیت کو بھی برقرار رکھنا ہے۔ شرط صرف ایک ہے خودمختاری، دانشمندی اور قومی وحدت۔