بھارتی سپریم کورٹ کا نئی دلی سے تمام کتوں کو پکڑ کر شیلٹرز میں منتقل کرنے کا حکم

بھارتی سپریم کورٹ نے دارالحکومت نئی دلی کو فوری طور پر آوارہ کتوں سے پاک کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ نے نئی دلی کی انتظامیہ اور نیشنل کیپیٹل ریجن (این سی آر) کو احکامات جاری کیے ہیں کہ فوری طور پر آوارہ کتوں کو پکڑ کر جراثیم سے پاک کیا جائے اور انہیں مستقل بنیادوں پر شیلٹرز میں منتقل کیا جائے۔

عدالت عظمیٰ نے حکم دیا ہے کہ نئی دلی کو کتوں سے پاک کرنے کے احکامات پر کسی قسم کے سمجھوتے کے بغیر عمل کیا جائے، اگر کوئی بھی فرد یا ادارہ ان اقدامات کی مخالفت کرے تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے کیونکہ ریبیز سے بچاؤ کے لیے یہ اقدامات بے حد ضروری ہیں۔

بھارتی سپریم کورٹ نے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر اس حوالے سے اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا یہ کام کیسے، کس طرح اور کہاں سے کرنا ہے، یہ فیصلہ خود کریں اور اگر اس کے لیے کسی فورس کی ضرورت ہے تو اسے بھی فوری طور پر مکمل کیا جائے۔

عدالت نے اپنے حکمنامے میں کہا کہ ہم نے یہ فیصلہ ذاتی فائدے کے لیے نہیں بلکہ عوامی مفاد کے لیے کیا، ہم اپنے بچوں اور نوجوانوں کو ریبیز کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، اس فیصلے کا مقصد یہ ہے کہ ہمارے بچے کتوں کے کاٹنے سے بے خوف ہو کر آزادانہ نقل و حرکت کر سکیں۔

سپریم کورٹ نے نئی دلی کی سول انتظامیہ اور این سی آر کو حکم دیا ہے کہ 8 ہفتوں کے اندر اندر آوارہ کتوں کے لیے شیلٹرز قائم کیے جائیں اور مطلوبہ اسٹاف بھرتی کر کے سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کی مدد سے یہ یقینی بنایا جائے کوئی بھی کتا جراثیم سے پاک کیے بغیر نہ رہے۔

عدالت نے یہ احکامات بھی جاری کیے کہ 6 ہفتوں کے اندر نئی دلی کے 5000 آوارہ کتوں کو پکڑا جائے اور مزاحمت کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

یاد رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے رواں برس جولائی میں دلی میں ریبیز کے کیسز میں ہوشربا اضافے اور اس سے شہریوں کی اموات سے متعلق خبروں پر سوموٹو لیا تھا اور عدالت نے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو اس حوالے سے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے