موجودہ دورِ جدت میں خواتین کی ذہنی، معاشرتی اور تعلیمی ترقی ایک درخشاں باب کی مانند ہے، جہاں انہوں نے علم و ہنر کی مشعل سے نہ صرف اپنے وجود کو منور کیا بلکہ سماج کے ان تاریک زاویوں کو بھی روشناس کرایا جو صدیوں تک نظرانداز کیے گئے تھے۔ یہ وہ منزل ہے جہاں عورت نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا کر ثابت کیا کہ وہ محض گھر کی چار دیواری تک محدود نہیں، بلکہ علم کے میدان میں بھی مردوں کے شانہ بشانہ چلنے کی اہل ہے۔ اس سفر میں انہوں نے نہ صرف خود اعتمادی کی بلندیوں کو چھوا بلکہ معاشرے میں اپنا ایک ممتاز مقام بھی تخلیق کیا۔ یہ صرف ایک سماجی انقلاب نہیں، بلکہ صدیوں کی محرومیوں اور رکاوٹوں کو عبور کرنے کی ایک عظیم داستان ہے، جس پر ہر باشعور انسان کو ناز ہونا چاہیے۔
لیکن ہر روشن صبح کے بعد ایک شام بھی آتی ہے، اور ہر چمکتے سورج کے ساتھ ایک سایہ بھی ہوتا ہے۔ خواتین کی اس ترقی کے ساتھ ہی کچھ ایسی سماجی سوچیں اور رویے پروان چڑھ رہے ہیں جو دیکھنے میں تو معصوم نظر آتے ہیں، لیکن درحقیقت مردوں کے کندھوں پر ایک بڑا بوجھ بن کر ان کی زندگیوں کو دشوار بنا رہے ہیں۔ یہ بوجھ محض مالی نوعیت کا نہیں، بلکہ یہ نفسیاتی دباؤ، ذہنی کشمکش اور گھریلو سکون کے زوال کی صورت میں بھی ظاہر ہو رہا ہے۔ مادی خواہشات کی ایک لامتناہی لہر نے گھریلو زندگی کے توازن کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ دکھاوے کی دوڑ، غیر ضروری اخراجات کی عادت اور معاشی بے راہ روی نے خاندانی نظام کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ یہ اب صرف ایک فرد کا مسئلہ نہیں رہا، بلکہ پورا خاندانی ڈھانچہ اس کی لپیٹ میں ہے، جہاں مردوں پر ذہنی تشویش اور مالی مسائل کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ مسلط ہو چکا ہے۔
یہ صورتِ حال ایک ایسے معاشرے کی عکاسی کرتی ہے جہاں ترقی کے ساتھ ساتھ توازن کی اہمیت کو یکسر نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ خواتین کی خودمختاری اور حقوق کی بات کرنا یقیناً ضروری ہے، لیکن کیا ہم نے کبھی اس پہلو پر غور کیا کہ یہ آزادی دوسروں کی آزادی کو سلب تو نہیں کر رہی؟ کیا ہم ایک ایسے معاشرے کی تشکیل تو نہیں کر رہے ہیں جہاں ایک کی خوشی دوسرے کے دکھ کا سبب بن جائے؟ یہ سوالات اپنی جگہ انتہائی اہم ہیں، کیونکہ حقیقی ترقی وہی ہے جو سب کے لیے مساوی طور پر مفید ہو، نہ کہ صرف ایک طبقے کو فائدہ پہنچائے اور دوسرے کو مشکلات میں دھکیل دے۔
گھریلو اخراجات میں بے جا اسراف ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ آج کل خواتین کا گھنٹوں موبائل فون پر مصروف رہنا، معمولی سے گھریلو کاموں کے لیے ملازموں کی فوج تعینات کرنا، ہر موسم میں نئے فیشن کے مطابق مہنگے ترین برانڈز کے کپڑے خریدنا، شہر کے اعلیٰ ترین بیوٹی پارلرز کے چکر لگانا، اور بار بار غیر ضروری سیر و تفریح اور ہوٹلوں میں کھانے پر اصرار کرنا ایسی عادات ہیں جو خاندانی بجٹ کو تہس نہس کر دیتی ہیں۔ اگرچہ زندگی میں آسائش اور خوبصورتی کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں، لیکن عاجزی، سادگی، صبر اور اعتدال کو اپنا کر ضرورت کے دائرے میں رہتے ہوئے اخراجات کو کنٹرول کرنا ہی حقیقی عقلمندی ہے۔
اسی طرح، پورے ہفتے یا مہینے چلنے والی سماجی تقریبات اور رسم و رواج نے بھی مالی دباؤ کو بے پناہ بڑھا دیا ہے۔ شادی بیاہ، سالگرہ پارٹیز اور دیگر تقریبات پر بے تحاشہ خرچ کرنے کا رجحان خواتین میں خاصا عام ہو چکا ہے۔ ہر عورت کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی سہیلیوں یا رشتہ داروں سے زیادہ پرکشش اور خوبصورت نظر آئے۔ افسوس کہ یہ مقابلہ بازی نہ صرف ان کے اپنے لیے بھاری مالی بوجھ کا سبب بنتی ہے، بلکہ وہ شوہر پر دباؤ ڈال کر رشتہ داروں اور دوستوں کے لیے مہنگے ترین تحائف اور سفر کے اخراجات بھی ان سے اٹھوانے پر مجبور کر دیتی ہیں۔ یہ سب کچھ معاشی طور پر غیر متوازن رویہ ہے، جو خاندان کی مالی صحت کو داؤ پر لگا دیتا ہے۔
اگر تعلیم کے شعبے میں نظر دوڑائی جائے تو یہاں بھی خواتین کی طرف سے لاپرواہی واضح طور پر نظر آتی ہے۔ بچوں کی تعلیم و تربیت مکمل طور پر ٹیوٹرز پر چھوڑ دی جاتی ہے، جس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ہر مضمون کے لیے الگ اساتذہ کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں، اور یہ سلسلہ مہینوں بلکہ سالوں تک چلتا رہتا ہے۔ اگر مائیں بچوں کی بنیادی تعلیم اور نظم و ضبط پر ذرا سی توجہ دیں تو نہ صرف ٹیوشن کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی، بلکہ بچوں کی تربیت بھی بہتر انداز میں ہو سکے گی۔
یہ سوال اٹھنا بالکل فطری ہے کہ کیا صبح سے رات تک مرد کی کمائی صرف دکھاوے اور غیر ضروری رسم و رواج پر لٹانی ہے؟ کیا بیوی کا فرض نہیں کہ وہ گھر کے اخراجات کو سمجھداری سے سنبھالے، فضول خرچی سے مکمل پرہیز کرے، اور آنے والے کل کے بارے میں سوچے؟ کیا شوہر کے ساتھ مل کر مالی بوجھ کو کم کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے؟ اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ بیوی کوئی ملازمت کرے، بلکہ وہ چھوٹی چھوٹی بچت کی عادات اپنا سکتی ہے، جیسا کہ اپنے اور بچوں کے کپڑے خود سلائی کرنا، مرغیاں پالنا، گھر پر سبزیاں اگانا، یا بجلی کے استعمال میں احتیاط برتنا۔ درحقیقت، خاندان کی کامیابی صرف مرد کے کندھوں پر نہیں، بلکہ عورت کی دوراندیشی اور معاملہ فہمی پر منحصر ہے۔
اگر خواتین اپنی ترجیحات کو درست کر لیں تو گھریلو معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ اولاد کی بہترین تربیت، گھر کی ذمہ داریوں کی دیکھ بھال، اور اخراجات میں توازن پیدا کرنا بیوی کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہونا چاہیے۔ جب عورت شوہر کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے تو نہ صرف مالی مسائل کم ہوتے ہیں، بلکہ گھر میں محبت اور ہم آہنگی کا ماحول بھی قائم رہتا ہے۔
کوئی مانے یا نہ مانے، حقیقت یہ ہے کہ زندگی صرف سہولت اور عیش و عشرت کا نام نہیں، بلکہ اس میں حکمت اور توازن کی ضرورت ہوتی ہے۔ بخدا، ایک کامیاب گھرانہ وہی ہے جہاں مرد اور عورت دونوں اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے ایک دوسرے کا احساس، احترام اور بوجھ ہلکا کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔ مرد اگر گھر کے لیے محنت و مشقت کرتا ہے تو عورت کو بھی چاہیے کہ وہ دل کی گہرائیوں سے اس کی قربانیوں کی قدر کرے اور فضول خرچی سے گریز کرے۔
خواتین اگر اپنی سوچ کو بدلیں اور اخراجات میں معقولیت پیدا کریں تو نہ صرف گھریلو بجٹ میں بچت ہو سکتی ہے، بلکہ شوہر پر پڑنے والے دباؤ میں بھی نمایاں کمی آ سکتی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ معاشرے میں اسراف اور نمائشی دکھاوے کے بجائے سادگی، انسان دوستی، اچھے اخلاق اور حقیقی خوشی کو فروغ دیا جائے۔ ایک سمجھدار عورت، خواہ وہ پڑھی لکھی ہو یا ان پڑھ، گھر کو جنت بنا سکتی ہے، بشرطیکہ وہ اپنے رویوں میں اعتدال، صبر، پیار، محبت، شیریں لہجہ اور ہمدردی کو شامل کرے۔
یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ خاندان کی فلاح و بہبود مرد و عورت کے باہمی تعاون پر منحصر ہے۔ دونوں کو چاہیے کہ وہ ایک دوسرے کے دکھ، سکھ اور مشکلات کو سمجھیں، مالی معاملات میں احتیاط برتیں، اور اپنی اولاد کو بھی سادگی، چھوٹوں پر شفقت اور بڑوں کی عزت و احترام کا سبق دیں۔ صرف اسی طریقے سے ایک مضبوط، پر سکون اور خوشحال گھرانہ وجود میں آ سکتا ہے، جہاں نہ صرف مالی استحکام ہو، بلکہ روحانی سکون اور اطمینان بھی میسر ہو۔