فرینک کیپریو: انسانی ہمدردی، احترام اور بے لاگ انصاف کا بہت بڑا علمبردار

انسانی ہمدردی، احترام اور بے لاگ و بے لوث انصاف کا بہت بڑا علمبردار امریکی جج فرینک کیپریو طویل عرصے سے لبلبے کے کینسر میں مبتلا تھے جو کہ 88 سال کی عمر میں 21 اگست 2025 کو ان کا انتقال ہو گیا۔ ان کی موت سے چند روز قبل ہی انہوں نے پاکستان کے یوم آزادی پر خصوصی پیغام بھی جاری کیا تھا جس میں انہوں نے پاکستانی عوام کے روشن مستقبل کے لیے خصوصی دعا کی تھی۔ حال ہی میں ان کے آخری ویڈیو پیغام بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوا جس میں انہوں نے اپنے مداحوں کو مشورہ دیا تھا کہ "ہمیں نہیں معلوم کہ مستقبل میں کیا ہونے والا ہے، ہمارا کل ہمارے لیے کیا لا رہا ہے، اس لیے اپنی زندگی کا ایک ایک لمحہ انجوائے کریں اور اسے درست انداز میں جئیں”۔ آئیے ان کی زندگی، شخصیت اور خیالات پر مختصر اور جامع روشنی ڈالتے ہیں۔

فرینک کیپریو کی ابتدائی زندگی اور تعلیم

فرینک کیپریو 1936 میں امریکی ریاست روڈ آئی لینڈ کے شہر پروویڈنس میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد اٹلی سے تارک وطن ہوئے تھے جنہیں کیپریو خود اپنی زندگی میں ملنے والے "سب سے شریف انسان” قرار دیتے تھے۔ ان کے والد کی تعلیمات اور اصولوں نے فرینک کیپریو کی شخصیت اور انصاف کے بارے میں نقطہ نظر پر گہرا اثر ڈالا تھا۔ ایک واقعہ کے دوران جب فرینک کیپریو نے عدالت میں ایک غریب ماں کے ساتھ سخت رویہ اختیار کیا تو ان کے والد نے انہیں سمجھایا کہ "آپ کو ان سے مناسب انداز میں بات کرنی چاہیے تھی، ان کے مسائل کو سمجھنا چاہیے تھا”۔ یہ واقعہ فرینک کیپریو کے عدالتی کیریئر میں ایک اہم موڑ ثابت ہوا اور اس کے بعد انہوں نے کبھی بھی کسی ملزم کے ساتھ سختی نہیں برتی۔

فرینک کیپریو کا عدالتی کیریئر اور انوکھا انداز

فرینک کیپریو نے تقریباً چالیس سال تک پروویڈنس میونسپل کورٹ میں خدمات انجام دیں، جن میں سے کئی سال چیف جج کے عہدے پر فائز رہے. انہوں نے روڈ آئی لینڈ بورڈ آف گورنرز اینڈ ایجوکیشن میں بھی بطور چیئرمین کام کیا۔ فرینک کیپریو کا عدالتی شو ‘کاٹ اِن پروویڈنس’ جو ریئلٹی کورٹ ٹی وی شو کے طور پر پیش کیا جاتا تھا، دراصل ان کی شہرت کا سب سے بڑا ذریعہ بنا۔ اس شو میں ٹریفک خلاف ورزیوں سے لے کر فوجداری جرائم تک کے مقدمات کی سماعت دکھائی جاتی تھی۔

فرینک کیپریو کا انسانی ہمدردی کا منفرد فلسفہ

جج فرینک کیپریو کے عدالتی فیصلوں کی بنیاد محض قانون کی دفعات نہیں تھیں، بلکہ وہ انصاف کو انسانیت سے جوڑنے پر پختہ یقین رکھتے تھے۔ ان کا ماننا تھا کہ انصاف کا مقصد صرف سزا دینا نہیں بلکہ انسانی جذبات اور مشکلات کو سمجھنا بھی ہے، اس طرح ان کے خیال میں ہر مجرم کے پس منظر اور حالات کو سمجھنا بھی حد درجہ ضروری ہے، ان کا یہ بنیادی فلسفہ تھا کہ قانون اور انسانیت کے درمیان توازن قائم کرنا ہی عدالت کی سب سے ذمہ داری ہے۔

فرینک کیپریو کی انصاف پسندی کے سبب عالمی شہرت اور مقبولیت

جج فرینک کیپریو کی عدالتی کارروائیوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوکر لاکھوں لوگوں تک پہنچیں۔ انسٹاگرام پر ان کے 33 لاکھ جبکہ ٹک ٹاک پر 16 لاکھ فالوورز تھے۔ ان کی ویڈیوز نے ان ممالک میں بھی مقبولیت حاصل کی جہاں عام طور پر امریکہ کو پسند نہیں کیا جاتا تھا۔ ان کی مقبولیت کا راز صرف ان کا عدالتی انداز ہی نہیں تھا، بلکہ ان کی شخصیت میں موجود ہمدردی، وقار، گرمجوشی، خوبصورت مزاح اور بے انتہا مہربانی بھی تھی جو کہ ہر دیکھنے اور سننے والے کے دل پر اَن مٹ نقش چھوڑ جاتی تھی۔

فرینک کیپریو کے اعزازات اور فیصلے

جج فرینک کیپریو کے شو "کاٹ اِن پروویڈنس” کو ڈے ٹائم ایمی ایوارڈ کے لیے تین نامزدگیاں مل چکی تھیں اور 2024 میں کیپریو خود "ڈے ٹائم پرسنیلٹی ڈیلی” ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئے تھے. ان کے چند مشہور فیصلے مندرجہ ذیل ہیں۔

96 سالہ بزرگ کی رہائی: ایک معاملے میں انہوں نے ایک 96 سالہ بزرگ شخص کو جیل جانے سے بچایا جب انہیں معلوم ہوا کہ وہ اپنے 63 سالہ بیٹے کو خون کے ٹیسٹ کے لیے لے جا رہے تھے جس کو کینسر تھا۔

غریب ماں کے ساتھ نرمی: ایک اور واقعے میں انہوں نے ایک غریب ماں کو پارکنگ ٹکٹ کے جرمانے سے معاف کر دیا جب انہیں معلوم ہوا کہ وہ مالی مشکلات کا شکار ہیں۔

جج فرینک کیپریو کا پیشہ ورانہ دورانیہ چالیس سال پر محیط رہا جس کے دوران انہوں نے ہزاروں تنازعات انصاف اور ہمدردی کی بنیاد پر فیصلے کیے۔ دوران سماعت باقاعدہ میڈیا کو بلایا جاتا اور کاروائی ریکارڈ کرنے کی اجازت دی جاتی۔ کاٹ ان پروویڈنس ان کے فیصلوں پر مبنی مقبول عام ٹی وی شو تھا۔ سوشل میڈیا پر ان کے لاکھوں فالورز دنیا بھر میں موجود تھے۔ وہ تین بار ایمی ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئے تھے جو کہ ان انصاف پسندی اور انسانی ہمدردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

فرینک کیپریو کی وفات پر روڈ آئی لینڈ کے گورنر ڈین مک کی نے ان کے احترام میں ریاستی عمارتوں پر پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا ہے اس موقع پر گورنر نے کہا کہ "جج کیپریو صرف عوام کے خدمت گزار نہیں تھے، بلکہ وہ عوام کے ساتھ ایک گہرا ہمدردانہ رشتہ بھی رکھتے تھے۔ وہ عدلیہ پر انسانیت کے اعتماد کی ایک بہترین مثال تھے”۔

فرینک کیپریو کی ذاتی زندگی اور اثرات

فرینک کیپریو ایک قابل اور انصاف پسند جج ہی نہیں بلکہ ایک شفیق شوہر، محبت کرنے والے والد، دادا، پردادا اور بہترین دوست بھی تھے۔ انہوں نے اپنی اہلیہ جوائس اور پانچ بچوں کے ساتھ خوشگوار اور بھرپور زندگی گزاری۔ ان کی زندگی اور کام دونوں نے لاکھوں لوگوں کو ہمدردی، انصاف پسندی، درگزر، نرمی اور مہربانی کے اوصاف اپنانے کی ترغیب دی۔

فرینک کیپریو کے تین مشہور اقوال

"انصاف صرف قانون کا نفاذ نہیں بلکہ انسان کے حقیقی حالات کو سمجھنا بھی ہے”۔

"جب انصاف کے ساتھ رحم و کرم کا جوہر بھی شامل ہو جائے تو پھر کیا کچھ ممکن نہیں ہوسکتا”۔

"ہمیں دنیا کو ہمدردی کے ذریعے زیادہ بھرپور اور بہترین بنانا چاہیے”۔

جج فرینک کیپریو نے اپنی زندگی اور عدالتی خدمات سے ثابت کیا کہ انصاف اور انسانیت کے درمیان توازن قائم کرنا نہ صرف ممکن بلکہ مطلوب ہے۔ ان کی شخصیت اور منصفانہ کردار نہ صرف امریکہ بلکہ پوری دنیا میں آنے والی نسلوں کو انصاف کے ہمدردانہ پہلو کو اپنانے کی ترغیب دیتا رہے گا۔ ان کی زندگی کا سب سے بڑا سبق شاید یہی ہے کہ قانون کی پاسداری کے ساتھ ساتھ انسانی ہمدردی کو بھی عدالتی فیصلوں کا حصہ بنانا چاہیے۔

جج فرینک کیپریو کی وفات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یہی کہا جا سکتا ہے کہ وہ نہ صرف ایک عظیم جج بلکہ ایک عظیم انسان بھی تھے جنہوں نے دنیا بھر کے لوگوں کے دلوں میں اپنی ہمدردی، محبت اور انصاف پسندی کی ایک ایسی شمع روشن کی ہے جو دنیا کو طویل عرصے تک روشن رکھی گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے