ملک کے مختلف شہروں میں تیز بارش، اسلام آباد کے نشیبی علاقے ڈوب گئے، ڈی آئی خان میں 7 افراد جاں بحق

ملک کے مختلف شہروں میں بادل پھر برس پڑے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش ہوئی جس کے نتیجے میں بہارہ کہو اٹھال چوک پانی میں ڈوب گیا۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی، شدید بارش سے اسلام آباد کا علاقہ بہارہ کہو اٹھال چوک پانی میں ڈوب گیا، پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا، مختلف مقامات پر کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔

اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے بعد راول ڈیم کے اسپل وے کھول دیے گئے، شدید بارش کے باعث مارگلہ ہلز پر ٹریل 2-3-4 اور 5 آج بند رہیں گے جبکہ سید پور گاؤں کے عقب میں واقع ٹریل بھی بند رکھنےکا اعلان کیا گیا ہے۔

پنجاب کےشہروں چیچہ وطنی،حافظ آباد، چنیوٹ،گجرات، کمالیہ، کوٹ ادو اور گوجرہ سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔

ادھر پشاور، شمالی و جنوبی وزیرستان سمیت خیبر پختونخوا کےمختلف علاقوں میں بھی بادل جم کر برسے۔

ڈی آئی خان میں طوفانی ہواؤں کےساتھ موسلادھاربارش ہوئی، چھتیں گرنے سمیت مختلف واقعات میں 7 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے۔

ڈی آئی خان میں مختلف علاقوں میں درخت اکھڑ گئے، تاریں ٹوٹ گئیں جس کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی۔

مردان میں بھی بارش کےدوران کمرے کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2افراد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب اسکردو میں آج سے تیز بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، اس حوالےسے حکام نے عوام اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سےگریز کی ہدایت کردی۔

دریائے گلگت کے بہاؤ میں اضافےکے خدشہ کے پیش نظر دریا سے ملحقہ تمام ہوٹلز کو بند کردیا گیا جبکہ دریا کنارے موجود تعلیمی ادارے پیر کو بند رہیں گے۔

یاد رہےکہ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 30 اگست تک ملک کے بیش تر علاقوں میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر رکھا ہے ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے