اسلام آباد: اکادمی ادبیات پاکستان کے مقبول ہفتہ وار سلسلے ” چائے باتیں اور کتابیں” کی 51 ویں غیر رسمی نشست بدھ 20 اگست 2025 کو منعقد ہوئی۔ اکادمی کے ناظم محمد عاصم بٹ نے آنے والے شعرا ء ، ادیبوں، دانشوروں اور فنون لطیفہ سے متعلق شخصیات کو خوش آمدید کہا۔
اس غیر رسمی نشست میں شرکا ء نے اکادمی ادبیات ِ پاکستان کے زیر اہتمام حالیہ دو روزہ نسل نو ادبی میلے کے کامیاب انعقاد پر صدر نشین ڈاکٹر نجیبہ عارف ، ناظم اعلیٰ جناب سلطان ناصر سمیت اکادمی کی جملہ ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مبارک باد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے ادبی میلے خاص طور پر نوجوان نسل میں ادب پروری کا نہ صرف شوق پیدا کرتے ہیں بلکہ ان میں ادب کی ترویج کا ولولہ بھی پروان چڑھتا ہے۔ شرکا ء نےاکادمی کے تحت منعقدہ دو روزہ” نسل نو ادبی میلے” کو نوجوانوں کی ادبی تربیت میں سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ میلے میں سینئر ادیبوں اور شعرا ء سمیت دانشوروں کی کثیر تعداد میں موجودگی سے میلے میں شریک نوجوانوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے۔ایسی تقریبات سے نوجوان نسل کواپنی ادبی راہ متعین کرنے میں مدد ملتی ہے۔
شرکا نے خواہش کا اظہار کیا کہ ایسے ادبی میلوں اور تقریبات کا انعقاد تسلسل سے ہونا چاہیے تاکہ عصر حاضر کے نوجوان قلم کار اہل سخن سے تربیت پاتے رہیں جس سے نہ صرف ان میں ادبی شائستگی پیدا ہوگی بلکہ قلم کی پختہ کاری میں بھی مدد ملے گی۔ اس کے بعد شرکا ء نے تخلیقی ادب میں مصنوعی ذہانت کےاستعمال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے تخلیقی ادب میں مصنوعی ذہانت کس حدتک موجود ہے اور انسان خود اس میں کس قدر شامل ہےٗ یہ طے کرنا اب مشکل ہوگیا ہے کیوں کہ مصنوعی ذہانت کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں جاپان نے ایک خاتون ناول نگار کو بڑا ایوارڈ دیا ہے جس نےبعد ازاں خود اعتراف کیا کہ ناول کے کچھ حصے چیٹ جی بی ٹی کی مدد سے تیار کیے گئے تھے۔
نشست کے شرکا ءنے یہ بھی طے کیا کہ ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں افسانے پر گفتگو ہوگی اور مہینے کے تیسرے ہفتے میں نظم پر بات ہوگی۔ آخر میں اکادمی کے ناظم جناب محمد عاصم بٹ نے تما م حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔اس غیر رسمی نشست میں شرکت کرنے والوں میں، جناب محمد حمید شاہد، ڈاکٹر فرخ ندیم ، ڈاکٹر روش ندیم، کرنل( ر ) شرافت علی، جناب محمد عاصم بٹ، جناب محمد مشتاق طارق، جناب اختر رضا سلیمی، جناب داؤ کیف، .محترمہ صنوبر الطاف، محترمہ فاطمہ عثمان ، جناب منیر احمد، جناب محمد وسیم فقیر ، جناب توصیف الحسنین ، جناب سید محمد محمود شاہ ، جناب اقبال حسین افکار ، ڈاکٹر محمد حمزہ شیخ سمیت دیگر شامل تھے۔