زندگی، جیسا کہ ہمیں دکھائی دیتی ہے، دراصل ایک ایسا تماشا ہے جس میں ہر کردار اپنا مفاد لیے ہوئے نقاب پہنے ہوئے ہے۔ ہم جسے سچ سمجھتے ہیں، وہ دراصل ہماری اپنی ادھوری سمجھ، محدود مشاہدے اور ناقص تجربات کا عکس ہوتا ہے۔ حقیقت ہر انسان کے لیے مختلف ہے، کیونکہ ہر کوئی اپنی آنکھوں سے دنیا دیکھتا ہے، اپنے دل سے محسوس کرتا ہے اور اپنی سوچ سے فیصلہ کرتا ہے۔ اور یہی پرسیپشن ہی ہماری دنیا ہے ۔ایک جعلی دنیا، جو سچ ہونے کا صرف دکھاوا کرتی ہے۔
اس تماشے میں سب کچھ مصنوعی ہے: رشتے، محبت، اخلاقیات، اور حتیٰ کہ خود "سچ” کا تصور بھی۔ ہر شخص یہ مانتا ہے کہ وہی درست ہے، اور جو سب سے زیادہ مغرور ہوتا ہے، وہی خود کو سب سے زیادہ عاجز ظاہر کرتا ہے۔ جیسے والدین — وہ کہتے ہیں کہ وہ اپنے بچوں سے محبت کرتے ہیں، لیکن اگر یہ محبت واقعی غیر مشروط ہوتی، تو وہ آپ کے نمبروں، کامیابیوں یا ناکامیوں کی پرواہ نہ کرتے۔ انہیں بس یہ جاننے کی فکر ہوتی کہ آپ خوش ہیں یا نہیں۔ لیکن اصل میں انہیں فکر اس بات کی ہوتی ہے کہ "ہمارا بیٹا ڈاکٹر بن گیا”، "ہماری بیٹی انجینئر ہے” — تاکہ وہ معاشرے کے سامنے فخر سے سر اٹھا سکیں۔ محبت نہیں، یہ دراصل فخر کا وہ نقاب ہے جو محبت کی شکل میں پہنایا گیا ہے۔
کیا یہ سب کچھ خودغرضی نہیں؟ "تم ہمارے بڑھاپے کا سہارا بنو گے” — یہ جملہ سنتے ہوئے کبھی کسی نے سوچا کہ وہ ایک جیتے جاگتے انسان کو نہیں، بلکہ ایک سہارا، ایک بیمہ پالیسی کی طرح پرورش دے رہے ہیں؟ کیا یہ محبت ہے یا صرف کنٹرول کا ایک اور روپ؟ ہر رشتہ، چاہے وہ ماں باپ کا ہو یا کسی اور کا، بالآخر آپ کو قابو میں رکھنے کی خواہش پر مبنی ہوتا ہے۔ آزادی، محبت، وفاداری — یہ سب صرف الفاظ ہیں، جو اصل میں اپنے مفاد کے تحفظ کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
فرانز کافکا کے مشہور ناول "Metamorphosis” میں گریگر سیمسا کی کہانی اسی دکھاوے کی نقاب کشائی ہے۔ گریگر، جو اپنے خاندان کی کفالت کرتا ہے، جب ایک "کیڑے” میں تبدیل ہو جاتا ہے اور کام کرنے کے قابل نہیں رہتا، تو اس کے اپنے والدین اسے قابل نفرت نگاہ سے دیکھنے لگتے ہیں۔ جب وہ مفید نہیں رہا، تو محبت بھی ختم ہو گئی۔ کیا یہ سچ میں محبت تھی؟ یا صرف اس کی کمائی اور خدمات کی محبت تھی؟ کافکا نے ایک سادہ سی کہانی میں انسان کے رشتوں کی خودغرضی کو بے نقاب کر دیا۔
اسی طرح نطشے (Nietzsche) کہتا ہے کہ "There are no facts, only interpretations” یعنی کوئی حقیقت نہیں، صرف تشریحات ہوتی ہیں۔ ہر انسان اپنی سوچ کے مطابق سچ کو گڑھتا ہے۔ اچھائی، برائی، سچ، جھوٹ — سب کچھ سیاق و سباق اور ذاتی مفاد کے تابع ہوتا ہے۔ نطشے کے مطابق اخلاقیات بھی ایک طاقت کا کھیل ہیں، جہاں طاقتور لوگ اپنے اصول دوسروں پر تھوپتے ہیں۔
ہمارے معاشرے میں جو کچھ بھی سچ سمجھا جاتا ہے، وہ دراصل صرف سماجی قبولیت کا نتیجہ ہے۔ ہمیں جو سکھایا جاتا ہے — کہ جھوٹ بولنا برا ہے، بڑوں کا کہنا ماننا فرض ہے، اپنی خواہشات قربان کرنا عظمت کی نشانی ہے ۔ یہ سب اس لیے ہے تاکہ ہم ایک خاص دائرے میں رہیں، جہاں ہم دوسروں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں۔
رشتے، مذہب، معاشرتی اصول، یہ سب صرف ایک ڈھانچہ ہے، جو انسان کو قابو میں رکھنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ جب ایک بچہ پیدا ہوتا ہے، تو وہ خالص ہوتا ہے۔ مگر پھر اس پر نام رکھ دیا جاتا ہے، ایک ذات، ایک مذہب، ایک زبان، ایک خواب، ایک مقصد — جو کہ اس نے خود نہیں چنے۔ سب کچھ اسے سونپ دیا جاتا ہے۔ اور وہ ساری عمر اسی شناخت کے بوجھ تلے زندگی گزارتا ہے، جس کا انتخاب اس نے کبھی کیا ہی نہیں۔
زندگی کا سب سے بڑا دھوکہ یہ ہے کہ ہمیں لگتا ہے کہ ہم آزاد ہیں، جبکہ ہم محض اپنے اردگرد کی "expectations” کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے ہیں۔ ہم محبت میں بندھتے نہیں، بلکہ جھکتے ہیں؛ ہم کامیابی کے پیچھے نہیں بھاگتے، بلکہ قبولیت کے پیچھے دوڑتے ہیں۔ ہمیں اپنے خوابوں سے زیادہ دوسروں کی امیدیں پوری کرنے کی فکر ہوتی ہے۔
کیا یہ سب ایک تماشا نہیں؟ اور اگر ہے، تو اس کا سب سے بڑا تماشائی کون ہے؟ ہم خود — جو جانتے ہوئے بھی ان جھوٹوں کو جیتے ہیں۔
شاید اسی لیے کافکا اور نطشے جیسے مفکرین کو دنیا نے کبھی مکمل قبول نہیں کیا — کیونکہ وہ آئینہ دکھاتے تھے، اور سچ کا آئینہ ہمیشہ تکلیف دہ ہوتا ہے۔
آخر میں، اگر زندگی ایک تماشا ہے، تو سوال یہ نہیں کہ ہم کس کردار میں ہیں، بلکہ یہ ہے کہ ہم خود کو اس تماشے میں کہاں کھو بیٹھے؟ کیا ہمیں کبھی اپنا اصل چہرہ بھی دیکھنے کا موقع ملے گا؟ یا ہم مرتے دم تک اسی دھوکے کے دائرے میں قید رہیں گے جسے ہم "زندگی” کہتے ہیں؟
یہ تماشا جاری ہے، اور ہم سب اس کے محض کردار ہیں — کچھ جان بوجھ کر، اور کچھ انجان۔