صدر پروفیسر ایسوسی ایشن و آل گورنمنٹ ایمپلائیز گرینڈ الائنس (AGEGA) گلگت بلتستان، پروفیسر فضل کریم نے کہا ہے کہ ڈگری کالج چیلاس پروفیسر ہاسٹل سے پروفیسر صاحبان کی زبردستی بے دخلی کے خلاف آج سے گلگت بلتستان کے تمام کالجز میں احتجاج کا آغاز ہو گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آج پورے گلگت بلتستان میں اساتذہ کرام نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر تدریسی عمل جاری رکھا اور یہ احتجاج آئندہ تین روز تک جاری رہے گا۔ یہ پرامن احتجاج اس بات کا اظہار ہے کہ قوم کے معماروں کی عزت اور وقار کو کسی صورت پامال نہیں ہونے دیا جائے گا۔
صدر فضل کریم نے کہا:
"اساتذہ کرام کا یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ان کے لئے باعزت رہائش کا بندوبست نہیں کیا جاتا۔ اگر تین دنوں میں مسئلہ حل نہ ہوا تو ہم آئندہ کا لائحہ عمل طے کر کے ایک بڑے اور فیصلہ کن اعلان کریں گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کا شعبہ پیغمبری شعبہ ہے اور پروفیسر صاحبان کو بے گھر کرنا علم کی حرمت کے ساتھ کھلی ناانصافی ہے۔
"ہم کسی بھی صورت اپنے وقار پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ آج سے سیاہ پٹیاں اس بات کی علامت ہیں کہ ہم اپنی عزت، حق اور وقار کے لئے پرامن مگر مضبوط آواز اٹھا رہے ہیں۔”
فضل کریم
صدر
پروفیسر ایسوسی ایشن و آل گورنمنٹ ایمپلائیز گرینڈ الائنس (AGEGA)