موبائل گیا مگر اصل خزانہ بچ گیا

چند دن پہلے ایک واقعہ یوں پیش آیا کہ میں حسبِ عادت اپنی سوچوں میں گم کسی ضروری کام کے لیے شاہراہ پر جا رہا تھا۔ اچانک ہوا کا ایک جھونکا نہیں بلکہ دو نوجوان فلمی ہیرو کی مانند میرے قریب سے یوں لپکے جیسے کسی ایکشن مووی کا سین چل رہا ہو۔ پلک جھپکنے کی دیر تھی اور میرا موبائل ان کے ہاتھ میں، جیسے کسی جادوگر نے کمالی چال چل دی ہو۔

میں نے بھی اپنی بہادری کو آزمانا چاہا۔ دو قدم دوڑا، سانس پھولا، اور نتیجہ وہی نکلا جو عموماً نکلتا ہے میں ناکام، اور وہ کامیاب۔

اب قاعدے کے مطابق میں قریبی پولیس اسٹیشن پہنچا اور FIR درج کرائی۔ لیکن جناب، ہمارے ہاں کی FIR بھی کمال کی چیز ہے جیسے مریض کے ہاتھ میں ڈاکٹر کی پرچی دوائی کم، تسلی زیادہ خیر، مجھے موبائل کے جانے کا غم نہیں تھا، اصل دکھ ہوتا تو ڈیٹا کے ضائع ہونے پر ہوتا۔ مگر شکر ہے کہ وہ سب کچھ cloud میں محفوظ تھا۔ گھر پہنچتے ہی میں نے اپنے نئے فون پر ورچولی Restore کا بٹن دبایا، اور پل بھر میں میری تصاویر، ویڈیوز اور حتیٰ کہ بینک اکاؤنٹس بھی میرے سامنے جگمگا اٹھے یوں کہیے، چور کے ہاتھ جو آیا، وہ محض ایک خالی ڈبہ تھا۔

یہاں تک تو قصہ کچھ مزاحیہ سا ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ آج کے دور میں موبائل سے زیادہ قیمتی شے ڈیٹا ہے۔ یہی سوچ کر میں نے طے کیا کہ دوستوں کو بتاؤں کہ یہ قیمتی اثاثہ کیسے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔

دیکھیے، ڈیٹا آخر ہے کیا؟ یہ وہی یادگار تصاویر ہیں جن میں آپ کی ہنسی قید ہے، ویڈیوز جن میں آپ کی آواز گونجتی ہے، وہ آڈیوز جن میں کبھی دوستوں کی شرارتیں اور کبھی کسی اُستاد کی نصیحت محفوظ ہوتی ہے، اور وہ Contacts جو ہماری دنیا کو جوڑتے ہیں۔ سب سے بڑھ کر وہ پاس ورڈز جو ہماری آن لائن زندگی کا قفل کھولتے ہیں۔ اب ذرا سوچئے اگر یہ سب کچھ ایک لمحے میں غائب ہو جائے تو انسان جیب سے زیادہ دماغ خالی محسوس کرتا ہے۔

تو آئیے، چند آزمودہ طریقے سمجھ لیتے ہیں:

Google Photos
یہ گوگل کا وہ البم ہے جو کبھی پرانا نہیں ہوتا۔ ایک بار Gmail login کیجیے اور آپ کی تصاویر ہمیشہ کے لیے محفوظ۔ چاہے موبائل چوری ہو جائے یا طوفان میں بہہ جائے، آپ کی تصویریں کلاؤڈ میں سلامت رہیں گی۔

Google Contacts
یہ ایک ایسا خزانہ ہے جس سے اکثر لوگ ناواقف ہیں۔ صرف نمبر نہیں بلکہ ای میل، پروفائل پکچر اور یہاں تک کہ بلڈ گروپ بھی محفوظ کیا جا سکتا ہے۔ ایک دوست نے یہی احتیاط کی تھی، بعد میں اس کی ایک جان بچانے میں یہی معلومات کام آئیں۔

Google Messages
بات صرف کانٹیکٹس تک محدود نہیں، بلکہ پیغام رسانی تک پھیلی ہے۔ اگر موبائل گیا تو میسجز نہیں جاتے۔

Find My Device
یہ فیچر تو جیسے گمشدگی کا تعویذ ہے۔ موبائل چوری یا گم ہو جائے تو اس کی آخری لوکیشن دیکھ سکتے ہیں۔ چاہیں تو موبائل پر میسج بھیجیں:
بھائی صاحب! یہ موبائل واپس کر دیں، میں انعام دوں گا۔
اگر سامنے والا ایماندار نکلا تو وارے نیارے، ورنہ خیر ہے

Google Password Manager
یہ آپ کے مشکل اور hack-proof پاسورڈز کا محافظ ہے۔ زمانہ بدل گیا ہے؛ اب ’’1234‘‘ یا ’’password‘‘ لکھنے والوں کے دن گئے۔ عقلمند وہ ہے جو لمبے اور اسپیشل کریکٹرز والے پاسورڈز بنائے اور انہیں یہیں محفوظ کرے۔

Google Keep Notes
یہ میری ذاتی پسندیدہ ایپ ہے۔ اس میں کورسز، پاسورڈز اور AI prompts تک سب کچھ کیٹیگریز میں محفوظ کر رکھتا ہوں۔ یوں دماغ ہلکا اور زندگی آسان ہو جاتی ہے۔

آخر میں یہی عرض ہے کہ موبائل کو بازار میں یوں مت گھمائیے جیسے کوئی نایاب تحفہ دکھا رہے ہوں۔ چور حضرات ایسے مواقع کے منتظر رہتے ہیں۔ اور یاد رکھیے، احتیاط نصف ایمان ہے۔

دوستو! یہ میری کہانی بھی تھی اور ایک آرٹیکل بھی۔ اگر آپ نے غور سے پڑھا تو آپ کو ہنسی بھی آئی ہوگی اور ساتھ ہی فائدہ بھی ملا ہوگا۔ اب ذرا آپ بتائیےکیا میری یہ تحریر آپ کو محظوظ کر گئی یا نہیں؟

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے