کون کہتا ہے کہ یہ ممکن نہیں ہے؟ بخدا یہ ممکن ہے کہ ایک خاتون اپنے کردار، خیالات اور طرزِ عمل سے دیگر خواتین میں امید، حوصلہ اور شعور کی شمع روشن کرے۔ قیادت کے لیے مرد ہونا ضروری شرط نہیں سوچ، وژن، اور دوسروں کی بہتری کا جذبہ ہی اصل پہچان ہے۔
جب ایک عورت مثبت اندازِ فکر کے ساتھ زندگی کے مختلف شعبوں میں قدم رکھتی ہے، تو اس کے عمل سے کئی اور خواتین کے دلوں میں ہمت بیدار ہوتی ہے۔ قیادت ایک بلند مقام ہے، لیکن اس کی بنیاد میں عاجزی، خدمت اور انسان دوستی شامل ہوتی ہے۔
عورت جب زندگی کے چیلنجز کو ہمت کے ساتھ قبول کرتی ہے تو وہ دوسروں کے لیے ایک مثال بن جاتی ہے، اور یوں ایک مثبت سلسلہ جنم لیتا ہے۔ معاشرتی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ خواتین خود کو محض پیروکار نہ سمجھیں، بلکہ رہنما کی حیثیت سے خود کو تسلیم کریں اور اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں۔
لیڈر وہ ہوتا ہے جو محض راستہ دکھانے پر اکتفا نہیں کرتا وہ خود بھی اس پر چل کر دوسروں کے لیے اعتماد اور روشنی کی بنیاد رکھتا ہے۔ خواتین میں یہ خوبی قدرتی طور پر پائی جاتی ہے کہ وہ صبر، شفقت، ہمدردی اور قربانی جیسے جذبے سے مزین ہوتی ہیں۔ یہی اوصاف قیادت کو مثبت بناتے ہیں۔ جب عورت ایک ادارے، خاندان یا معاشرے کی بھلائی کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لاتی ہے تو وہ خود کو ثابت کرتی ہے کہ وہ کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں۔ وہ خوابوں کو حقیقت سے جوڑنے کا ہنر جانتی ہے، اور لوگوں کے دلوں میں امید کا چراغ جلاتی ہے۔ ایک مثبت رہنما اپنے نظریات کے ذریعے لوگوں کے شعور میں بیداری پیدا کرتا ہے، اور ان کی زندگیوں میں بہتری کے دروازے کھولتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خواتین کو اپنی شخصیت میں وہ اوصاف پیدا کرنے چاہئیں جو انہیں دوسروں کے لیے مشعلِ راہ بنا سکیں۔
مثبت قیادت کا اثر محض کام کی رفتار یا نتائج پر نہیں ہوتا بلکہ یہ دلوں اور ذہنوں کو جیتنے کا عمل ہے۔ جب ایک خاتون لیڈر اپنی ٹیم کو عزت دیتی ہے، ان کی رائے کو اہمیت دیتی ہے، اور ہر فرد کی خوبیوں کو اجاگر کرتی ہے تو وہ ایک ایسے ماحول کی تشکیل کرتی ہے جہاں ہر فرد خود کو محفوظ، اہم اور کارآمد محسوس کرتا ہے۔ ایسے ماحول میں نہ صرف کام بہتر ہوتا ہے بلکہ افراد کی ذاتی ترقی بھی ممکن ہوتی ہے۔ قیادت میں شفافیت، ایمانداری اور خلوص جیسے عناصر وہ پل ہیں جو لیڈر کو پیروکاروں سے جوڑتے ہیں۔ عورت جب اپنے رویے میں شفافیت رکھتی ہے تو اس کی بات دل پر اثر کرتی ہے۔ یہی اندازِ قیادت ایک ایسی فضا قائم کرتا ہے جہاں تنقید برائے اصلاح اور غلطی کو قبول کرنا ایک عام بات بن جاتی ہے۔
دنیا کی تاریخ میں ہمیں ایسی بے شمار خواتین ملتی ہیں جنہوں نے نہ صرف اپنی زندگی بدل کر دکھائی بلکہ دوسروں کے لیے بھی کامیابی کے در کھولے۔ مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح، پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو، یا پھر اقوامِ متحدہ میں سرگرم خواتین، سب نے اپنی ہمت، عزم اور حوصلے سے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ عورت اگر چاہے تو پہاڑ جیسی رکاوٹیں بھی عبور کر سکتی ہے۔ ان خواتین کی کامیابی کا راز صرف تعلیم یا قابلیت نہیں تھا بلکہ ان کی قیادت میں وہ مثبت سوچ شامل تھی جو دوسروں کو بھی اپنی طرف متوجہ کرتی تھی۔
وہ اپنی باتوں سے نہیں بلکہ اپنے عمل سے دنیا کو قائل کرتی تھیں کہ تبدیلی ممکن ہے۔ یہ حقیقت ایک رہنما کے اندرونی شعور کی عکاسی کرتی ہے، جو خود پر یقین رکھتا ہے اور دوسروں کی صلاحیتوں پر اعتماد کرتا ہے۔
ایک مثبت لیڈر کے الفاظ میں صرف جادو ہی نہیں ہوتا، ان کا رویہ اور طرزِ گفتگو دلوں پر نقش چھوڑ دیتا ہے۔ وہ جب بولتا ہے تو صرف لفظوں کی موتی نہیں بکھرتے ایک جذبہ بھی منتقل کرتا ہے۔ عورت اگر چاہے تو ایک ماں کی حیثیت سے، ایک استاد کی صورت میں، ایک وفادار و سچے کھرے دوست کی شکل میں یا ایک کاروباری شخصیت کے طور پر اپنے اردگرد کی فضا کو بہتر بنا سکتی ہے۔ اس کا کردار اپنے عمل سے اس قدر متاثر کن ہوتا ہے کہ لوگ اس کی طرف کھنچے چلے آتے ہیں۔ جب ایک خاتون دوسروں کو اعتماد دیتی ہے کہ وہ اپنی زندگی خود سنوار سکتے ہیں تو وہ اصل لیڈر بنتی ہے۔ یہ صرف ایک کردار نہیں بلکہ ذمہ داری ہے جو معاشرے میں تبدیلی کی بنیاد رکھتی ہے۔
مزید برآں، منفی سوچ رکھنے والی قیادت اگرچہ وقتی طور پر اثر انداز ہو سکتی ہے، لیکن اس کا انجام ہمیشہ زوال کی صورت میں ہوتا ہے۔ ایسی قیادت جہاں لوگوں میں خوف، بے یقینی اور بے بسی پھیلتی ہے، وہاں ترقی رک جاتی ہے۔ افراد اپنی بات کہنے سے کتراتے ہیں، اور نتیجتاً وہ اپنے جوہر کو ضائع کر بیٹھتے ہیں۔ خاتون اگر منفی رویے کو اپنائے تو وہ نہ صرف اپنی عزت کھوتی ہے بلکہ اپنے اردگرد کے ماحول کو بھی نقصان پہنچاتی ہے۔
اس لیے ضروری ہے کہ ہر عورت جو کسی بھی سطح پر قیادت کی ذمہ داری اٹھا رہی ہو، وہ اپنی ذات میں خود احتسابی، صبر اور مثبت طرزِ عمل کو پروان چڑھائے۔
معاشرے میں بہتری صرف تب آئے گی جب قیادت رحم، انصاف اور شفافیت کے اصولوں پر استوار ہو۔
اسی طرح نئی نسل کی خواتین کو اگر قیادت کا شعور دیا جائے تو وہ حیران کن طور پر تبدیلی لا سکتی ہیں۔ موجودہ دور میں نوجوان لڑکیاں مختلف شعبوں میں آگے بڑھ رہی ہیں، لیکن انہیں رہنمائی، اعتماد، اور حوصلہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ تعلیمی ادارے، خاندان، اور معاشرتی تنظیمیں اس ذمہ داری کو قبول کریں کہ وہ نوجوان خواتین کی تربیت کریں تاکہ وہ کل کے بہتر رہنما بن سکیں۔
جب ایک لڑکی کم عمری میں ہی خود پر یقین کرنا سیکھ جاتی ہے، تو وہ زندگی کے ہر میدان میں اپنے قدم مضبوطی سے جماتی ہے۔ اس میں اگر مثبت سوچ، خدمتِ خلق اور قیادت کا جذبہ شامل ہو جائے، تو وہ صرف خود نہیں بلکہ کئی اور لوگوں کی زندگی بدل سکتی ہے۔
تہذیب ہمیں بتاتی ہے کہ جب بھی کوئی قوم زوال کا شکار ہوئی تو اس کی وجہ کمزور یا منفی قیادت رہی۔ اور جب بھی ترقی کی منازل طے کیں تو اس کے پیچھے ایسے افراد تھے جو اپنے لوگوں کو ایک مقصد کے تحت جوڑنے میں کامیاب رہے۔ خواتین میں بھی یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ معاشرے میں اتحاد و اتفاق پیدا کریں، اختلافات کو ختم کریں اور لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر لائیں۔ اگر وہ چاہیں تو اپنی بصیرت، فہم و فراست اور تدبر کے ذریعے معاشرتی سطح پر بڑی تبدیلیاں لا سکتی ہیں۔ قیادت کا اصل کمال یہی ہے کہ وہ اختلافات کے باوجود لوگوں کو ایک مقصد پر یکجا کر دے، اور عورتیں یہ کردار بہت خوبی سے ادا کر سکتی ہیں۔
یہ حقیقت قابلِ غور ہے کہ ترقی یافتہ ممالک میں بھی قیادت کے شعبے میں خواتین کی نمائندگی کم ہے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ خواتین کو قیادت کے مواقع فراہم کرنا صرف ترقی پذیر ممالک کا مسئلہ نہیں، بلکہ یہ ایک عالمی چیلنج ہے۔ دنیا کو ایسی خواتین لیڈرز کی ضرورت ہے جو جدت، رحم دلی، اور قوتِ فیصلہ کے ساتھ قیادت کر سکیں۔ یہ قیادت صرف سیاسی میدان تک محدود نہ ہو بلکہ تعلیمی، طبی، کاروباری اور سماجی میدانوں میں بھی اپنی مثال آپ ہو۔ خواتین کو چاہیے کہ وہ خود کو ان کرداروں کے لیے تیار کریں جہاں ان کی آواز سنی جائے، ان کی رائے کو اہمیت دی جائے، اور وہ فیصلہ سازی کا حصہ بن سکیں۔
اسی طرح، آج کی دنیا جس تیزی سے تبدیلی کی جانب بڑھ رہی ہے، وہاں مایوسی، تناؤ اور غیر یقینی نے لوگوں کے دلوں میں ڈیرے ڈال لیے ہیں۔ ایسے وقت میں اگر کوئی فرد، بالخصوص خاتون، حوصلے اور اُمید کا پیغام لے کر سامنے آتی ہے تو وہ بہت سے دلوں کو نئی زندگی دے سکتی ہے۔ چاہے وہ ایک ماں ہو جو اپنے بچوں کو زندگی کے لیے تیار کرتی ہے، ایک اُستاد ہو جو طلبہ کو اعتماد دیتا ہے، یا ایک تنظیم کی سربراہ ہو جو سماج میں تبدیلی لا رہی ہو اس کی قیادت کا دائرہ بہت وسیع ہو سکتا ہے۔ خاتون کی مثبت سوچ اور عمل سے ایک ایسی زنجیر بنتی ہے جو محبت، یکجہتی اور ترقی کو پروان چڑھاتی ہے۔
کوئی مانے یا نہ مانے لیکن ہمیں یہ بہر صورت تسلیم کرنا چاہیے کہ قیادت صرف عہدے یا اختیار کا نام نہیں، یہ تو ایک جذبہ ہے جو دوسروں کی بھلائی کے لیے کام کرتا ہے۔ ایک سچی لیڈر وہ ہے جو خود روشنی کی طرف بڑھے اور دوسروں کو بھی اندھیروں سے نکالے۔ وہ جو خوف کو اعتماد میں بدلے، اور مایوسی کو امید میں۔ خواتین میں یہ وصف بدرجہ اتم موجود ہوتا ہے کہ وہ مشکل حالات میں بھی اپنے وقار، استقامت اور تحمل کے ساتھ رہنمائی کر سکتی ہیں۔ یہ وصف نہ صرف ذاتی زندگی بلکہ قومی سطح پر بھی بہتری کا ضامن بن سکتا ہے۔
بخدا مجھے اس بات پر سو فیصد یقین ہے کہ اگر خواتین قیادت کی قوت کو سمجھ لیں، اور اپنے اندر موجود صلاحیتوں کو پہچان کر ان پر محنت کریں، تو وہ نہ صرف خود اپنی تقدیر بدل سکتی ہیں بلکہ پوری نسل کی فکری، سماجی اور معاشی حالت کو بھی سنوار سکتی ہیں۔ ہر خاتون کے اندر ایک قائد چھپا ہوتا ہے، بس ضرورت اس بات کی ہے کہ وہ خود پر اعتماد کرتے ہوئے اپنی آواز بلند کرے، اپنی پہچان بنائے اور اپنی سوچ کو عملی جامہ پہنائے۔ قیادت کوئی مخصوص مقام یا شخصیت کا نام نہیں یہ تو ایک سفر ہے جو مسلسل خود کو بہتر بنانے اور دوسروں کو ساتھ لے کر آگے بڑھنے سے مکمل ہوتا ہے۔ جب ایک خاتون یہ عزم کر لیتی ہے کہ وہ روشنی بنے گی، تو اندھیرے خود بخود چھٹنے لگتے ہیں۔ وہ جن مشکلات سے گزرتی ہے، انہیں اپنے تجربے میں ڈھال کر دوسری خواتین کے لیے ہمت، سلیقے اور رہنمائی کی مثال قائم کرتی ہے۔ اس کے ایک قدم سے کئی اور قدم ہمت پاتے ہیں، اور یوں ایک معاشرہ تشکیل پاتا ہے جو انصاف، ہم آہنگی اور ترقی کا آئینہ دار ہوتا ہے۔