نوجوان نہ صرف قائد اعظم بلکہ بانیان پاکستان کے مشن کو زندہ رکھیں: میاں محمد جاوید

اسلام آباد میں قائد اعظمؒ کی دیانت، انکے کردار کی عظمت اور قیادت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔نوجوانوں کو چاہئیے کہ وہ نہ صرف قائد اعظمؒ بلکہ بانیان تحریک کے مشن کو زندہ رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار نظریہ پاکستان کونسل ٹرسٹ کے چیئرمین میاں محمد جاوید نے فیصل مسجد میں بانیٔ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی 77 ویں برسی کے موقع پر نماز جمعہ کے بعد این پی سی کے زیرِ اہتمام دعائیہ تقریب کے دوران کیا۔

انہوں نے اپنے قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے علامہ شبیر احمد عثمانیؒ کا قول نقل کیا کہ ’’میں نے قائد اعظم کو ایک سچا اور دیانتدار شخص پایا۔‘‘ فیصل مسجد کے خطیب ڈاکٹر حافظ محمد انور نے نمازِ جمعہ کے بعد دعا کرائی اور قائد اعظمؒ کی خدمات و کارناموں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے اور اسکی قدر و قیمت وہی قومیں جان سکتی ہیں جو غلامی یا آزادی کی جدو جہد سے گزری ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قائد اعظمؒ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے اور اُن کے مشن کو آگے بڑھانا چاہیے۔

انہوں نے امت مسلمہ کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ غزہ، فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمان بدترین مظالم اور جبر کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ ایک دن وہ بھی آزادی حاصل کرینگے اور ظلم و جبر سے نجات پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظمؒ نے ہمیں آزادی دی، اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم بحفاظت اس ورثہ کو آئندہ نسلوں کو منتقل کریں۔ قبل ازیں قائد اعظم محمد علی جناح کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی گئی۔

نماز جمعہ کے بعد ہونے والی اس تقریب میں غیر ملکی سفارتکاروں، معروف سماجی شخصیات، این پی سی کے ایگزیکٹو سیکرٹری گوہر زاہد ملک، بانی چیئرمین این پی سی و ایڈیٹر انچیف پاکستان آبزرور مرحوم زاہد ملک ( ستارۂ امتیاز، ہلالِ امتیاز) کے اہل خانہ، او ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر عمر ملک، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن، معروف شاعر و دانشور نعیم اکرم قریشی، قاری عبد الحمید، محمد درویش، آئی سی ٹی پولیس اور سی ڈی اے کے افسران سمیت سول سوسائٹی کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء نے قائد اعظمؒ کے ایصالِ ثواب کیلئے دعا کی اور اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ برصغیر کے عظیم رہنما تھے جنکی قیادت میں مسلمانوں نے اپنی الگ ریاست حاصل کی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے