وہ لمحہ جب روشنی اندھیرے کو چیلنج کرے، جب ایک چراغ جل اُٹھے تاکہ کھوئے ہوئے راستے پھر سے دکھائی دینے لگیں تب وہ وجود محض ایک فرد نہیں رہتا، وہ ایک پورے عہد کا استعارہ بن جاتا ہے۔ نادین ایوب اسی استعارے کا نام ہے۔ ایک ایسی باہمت بیٹی، جو ایسے وقت میں مس یونیورس جیسے دنیا کے سب سے بڑے بیوٹی پیجینٹ کے اسٹیج پر فلسطین کا پرچم بلند کرنے جا رہی ہے، جب اس کا وطن خاک و خون میں ڈوبا ہوا ہے۔
نادین کا سفر کسی عام فیشن شو سے شروع نہیں ہوا، بلکہ تاریخ، تہذیب، اور شناخت کے کرب سے ہوتا ہوا یہاں تک پہنچا ہے۔ وہ صرف خوبصورتی کی نمائندہ نہیں، ایک ایسی صدا بھی ہیں جو سسکیوں اور خامشی کے درمیان ابھرتی ہے۔ ایک ایسی آواز، جو دنیا کو یہ باور کرانا چاہتی ہے کہ فلسطینیوں کو محض جنگی خبروں کا حصہ نہ سمجھا جائے، بلکہ ان کے خوابوں، صلاحیتوں اور امنگوں کو بھی اہمیت دی جائے۔
ستائیس سالہ نادین کا تعلق مغربی کنارے کے اس خطے سے ہے جو صدیوں سے جدوجہد اور استقامت کی علامت رہا ہے، تاہم ان کی پرورش امریکہ اور کینیڈا میں ہوئی۔ ان کے گھرانے میں تعلیم کو اولین ترجیح حاصل تھی، اور والدین نے انہیں شعور اور فہم کی جانب راغب کیا۔ انہوں نے نفسیات اور ادب میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی، اور بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ کام کرتے ہوئے خواتین، مہاجرین، اور ذہنی صحت جیسے حساس موضوعات پر اپنی خدمات پیش کیں۔ ان کی شخصیت کے مختلف پہلو ہیں، جنہیں محض ماڈل کے طور پر بیان کرنا انصاف کے تقاضے پورے نہیں کرتا۔
ان کی نگاہوں میں عزم ہے، اور ان کے لبوں پر ایک پیغام کہ فلسطین صرف ایک زخم خوردہ تاریخ نہیں، جینے، آگے بڑھنے اور دنیا میں مقام حاصل کرنے کی تمنا کا نام بھی ہے۔
نادین کے لیے بیوٹی انڈسٹری میں قدم رکھنا خواب کی تکمیل سے زیادہ اس سوچ کا تسلسل تھا کہ وہ ایک مضبوط پیغام دنیا تک پہنچائیں۔ وہ چاہتی تھیں کہ فلسطینی لڑکیوں کو بھی وہ مواقع میسر آئیں جو دیگر اقوام کی بیٹیوں کو حاصل ہیں۔ ان کے نزدیک، عالمی سطح پر اپنی شناخت منوانے کے لیے فلسطینیوں کی ہر میدان میں شرکت ضروری ہے۔ ان کے مطابق حسن کا تصور صرف چہرے کی کشش پر نہیں، علم، اقدار اور کردار پر بھی مبنی ہے۔ اسی نظریے کے ساتھ انہوں نے اس سفر کا آغاز کیا، جہاں مقابلہ حسن ایک اہم وسیلہ بن گیا۔
2022 میں ہونے والا پہلا آن لائن مس فلسطین مقابلہ اس سمت میں پہلا سنگ میل ثابت ہوا۔ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے فلسطینیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی یہ کامیاب کوشش نادین کی قابلیت اور وژن کا مظہر تھی۔ اس کامیابی کے بعد وہ مس ارتھ کے عالمی اسٹیج پر بھی جلوہ گر ہوئیں، جہاں انہوں نے ماحول، خواتین کے حقوق، اور معاشرتی بہتری جیسے موضوعات کو اجاگر کیا۔ ان کی موجودگی اس حقیقت کا اظہار بنی کہ فلسطینی خواتین عالمی سطح پر قیادت کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہیں اور اپنے ملک کا وقار بلند کرنے میں پیش پیش ہیں۔
وقت نے ایک بار پھر فلسطین کو خاک و خون میں نہلا دیا۔ اکتوبر 2023 میں اسرائیلی بمباری کے آغاز کے ساتھ ہی نادین نے اپنے تمام پروجیکٹس معطل کر دیے۔ ان کی توجہ اُن بچوں، ماؤں اور خاندانوں کی طرف مبذول ہو گئی جو ہر لمحہ موت کے سائے میں زندگی گزار رہے تھے۔ اسرائیلی حملوں سے تباہ شدہ اسپتال، منہدم اسکول، اور معصوم لاشیں ایک ہولناک انسانی سانحے کی عکاسی بن چکی تھیں۔ جہاں دنیا کی اکثریت نے چشم پوشی اختیار کی، وہاں نادین نے خاموشی توڑنے کا فیصلہ کیا۔ وہ اپنی آواز کو نئی توانائی کے ساتھ عالمی اسٹیج تک لے گئیں، تاکہ فلسطینیوں کا دکھ اور درد دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ سکے۔
یہ جنگ صرف زمین کے ٹکڑے پر قبضے کی نہ تھی، بلکہ شناخت اور وجود کے انکار کی بھی تھی۔ غزہ کی گلیاں معصوم خون سے سرخ ہو چکی تھیں، مائیں بین کرتی، نوجوان چیختے، اور ملبے کے نیچے دبی امیدیں دم توڑ رہی تھیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے سخت بیانات نے نسل کشی کی اس پالیسی کو مزید بےنقاب کر دیا۔ ان کے الفاظ نے واضح کر دیا کہ آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ان کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں۔ ایسے حالات میں نادین جیسے باوقار چہروں کی موجودگی دنیا کو یاد دلاتی ہے کہ ہر ظلم کے خلاف ایک سچ ضرور کھڑا ہوتا ہے۔ ایسا سچ جو اگر حسن کے پردے میں ہو، تو دلوں کو زیادہ گہرائی سے متاثر کر سکتا ہے۔
نادین ایوب صرف بیوٹی کوئین کے دائرے میں محدود نہیں، وہ ایک ادارے کی بانی بھی ہیں، جہاں نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت، پائیدار ترقی، اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ جیسے جدید علوم کی تربیت دی جاتی ہے۔ ان کا مقصد محض شہرت نہیں، بلکہ نوجوان نسل کو ایک بااختیار مستقبل کی طرف لے جانا ہے۔ ان کا ادارہ، ان کا وژن اور ان کی سوچ فلسطینی نوجوانوں کے لیے ایک روشن راستہ ہے۔ وہ چاہتی ہیں کہ فلسطینی نوجوان صرف ہمدردی کا نشانہ نہ بنیں بلکہ عالمی ترقی میں فعال کردار ادا کریں، اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کریں اور دنیا میں اپنا مقام خود بنائیں۔
مس یونیورس 2025، جو رواں سال نومبر میں تھائی لینڈ میں منعقد ہو رہا ہے، محض ایک مقابلہ نہیں، ایک عالمی علامت بن چکا ہے۔ نادین اس اسٹیج پر فلسطین کی وہ تصویر پیش کرنا چاہتی ہیں جو میڈیا میں اکثر پس منظر میں چلی جاتی ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ جب وہ اسٹیج پر قدم رکھیں تو ان کی موجودگی ایک ایسی خوشبو کی مانند پھیلے جو دلوں کو چھو جائے، اور ہر آنکھ میں تحسین کے ساتھ ساتھ ایک سوال بھی پیدا ہو آخر یہ ظلم کب رکے گا؟ وہ دنیا کو یاد دلانا چاہتی ہیں کہ فلسطینی نوجوان بھی خواب رکھتے ہیں، اور انہیں بھی دنیا میں اپنی شناخت بنانے کا پورا حق حاصل ہے۔
نادین ایوب آج کی دنیا میں امید کی ایک روشن مثال ہیں۔ انہوں نے دکھ، مزاحمت، اور وقار کو ایک نئے روپ میں دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔ وہ اس حقیقت کو ثابت کر رہی ہیں کہ حسن صرف چہرے کا نہیں، بلکہ مقصد، خودداری اور سچائی کا بھی نام ہے۔ ان کی کہانی ان لاکھوں لڑکیوں کے لیے روشنی کی ایک کرن ہے جو جنگ، ظلم یا غربت کے اندھیروں میں پرورش پا رہی ہیں، مگر جن کے دل میں اڑان کی تڑپ ہے۔ نادین نے دنیا کے سب سے بڑے اسٹیج پر ان خوابوں کو ایک زبان عطا کی ہے۔ یہ محض کامیابی کا لمحہ نہیں، بلکہ تاریخ کا وہ باب ہے جو آنے والی نسلوں کے ضمیر کو بیدار کرے گا۔
نادین ایوب عالمی مقابلہ حسن میں شرکت کر رہی ہیں، مگر ان کی موجودگی ایک مضبوط عالمی پیغام ہے: ہم زندہ ہیں، باشعور ہیں، اور دنیا کا اہم حصہ ہیں۔ وہ فلسطینیوں کی اس نسل کی نمائندہ ہیں جو جنگ کے بجائے علم سے مقابلہ کرنا چاہتی ہے، جو گولیوں کے جواب میں نظریات پیش کرتی ہے۔ نادین کا سفر صرف انفرادی کامیابی نہیں، یہ ایک پوری قوم کی اجتماعی خواہش کا عکس ہے، جو ملبے کے بیچ سے اپنی شناخت کو تراشنے میں مصروف ہے۔ ان کے قدموں کے نشان صرف اسٹیج پر نہیں، بلکہ دلوں، سوچوں اور تاریخ کے اوراق پر ثبت ہوتے جا رہے ہیں۔