ادھوری زندگی

زندگی ایک مسلسل سفر ہے، جو خواہشات، خوابوں، اور رشتوں کے درمیان جھولتا ہے۔ ہم میں سے ہر ایک ایک مکمل زندگی کی چاہ رکھتا ہے، ایسی زندگی جس میں سب کچھ مکمل ہو جائے ۔ رشتے، خواب، مقاصد، اور خودی کی پہچان۔ لیکن اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ہم اپنی زندگی میں کسی نہ کسی جگہ ادھورے رہ جاتے ہیں۔ کچھ خواب پورے نہیں ہوتے، کچھ باتیں ادھوری رہ جاتی ہیں، کچھ رشتے نامکمل ہوتے ہیں، اور کچھ پہچانیں وقت کی گرد میں کھو جاتی ہیں۔ یہی ادھورا پن اکثر ہمیں پریشان کرتا ہے، مایوس کرتا ہے، لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ اسی ادھورے پن میں زندگی کی اصل معنویت بھی چھپی ہوتی ہے۔

جب انسان کسی رشتے کو مکمل کرنے کی کوشش کرتا ہے لیکن وہ رشتہ کسی وجہ سے مکمل نہیں ہو پاتا، یا کسی خواب کے پیچھے دوڑتے دوڑتے تھک جاتا ہے، تب وہ خود سے یہ سوال کرتا ہے کہ کیا یہ ادھورا پن اس کی ناکامی ہے؟ کیا ادھورے خواب اور ادھورے رشتے انسان کو ادھورا بنا دیتے ہیں؟ لیکن اگر گہرائی میں جا کر سوچا جائے، تو پتہ چلتا ہے کہ ادھورا رہ جانا صرف کمی یا محرومی نہیں، بلکہ یہ ایک ایسی حالت ہے جو انسان کے اندر تلاش، جستجو، اور ارتقاء کی چنگاری کو زندہ رکھتی ہے۔ یہی ادھورے خواب انسان کو زندہ رکھتے ہیں، یہی ادھورے رشتے اسے محبت کی طلب میں رکھتے ہیں، اور یہی ادھوری پہچان اسے خود کو سمجھنے پر مجبور کرتی ہے۔

وجودی فلسفہ کے بانیوں میں سے ایک، سورین کیئرک گورڈ، اپنی تصنیف The Sickness unto Death میں انسان کی باطنی مایوسی کا ذکر کرتے ہیں، اور فرماتے ہیں کہ انسان اس وقت مایوس ہوتا ہے جب وہ خود بننے سے انکار کرتا ہے۔ اس کے نزدیک انسانی خودی ایک ایسا توازن ہے جو امکان اور حقیقت کے درمیان موجود ہوتا ہے۔ یہ توازن کبھی مکمل نہیں ہوتا، اور یہی ادھورا پن انسان کو اپنی ذات کی تلاش میں رکھتا ہے۔ انسان جو کچھ ہے اور جو کچھ بن سکتا ہے، اس کے درمیان ایک واضح فرق ہوتا ہے، اور اسی فرق میں زندگی کا سب سے بڑا سوال چھپا ہوتا ہے۔

اسی طرح جرمن فلسفی کارل جیسپرز کہتے ہیں کہ انسان کا حقیقی وجود اُس وقت ظاہر ہوتا ہے جب وہ خود کو کسی حد تک ادھورا محسوس کرتا ہے۔ ان کی فلسفۂ وجود میں انسان کی اصل معنویت اُس کی مکمل خودی میں نہیں بلکہ اُس کی تلاش میں ہے۔ انسان ہمیشہ کسی نہ کسی “حدیّت” (boundary situation) میں ہوتا ہے — جیسے موت، ناکامی، گناہ، یا جدائی — اور ان سب تجربات کا بنیادی وصف یہی ہوتا ہے کہ وہ مکمل نہیں ہوتے، اور انسان کو اپنے وجود پر سوچنے پر مجبور کرتے ہیں۔

مارتن ہائیڈیگر، جو بیسویں صدی کے سب سے بڑے وجودی مفکر مانے جاتے ہیں، اپنی کتاب Being and Time میں انسان کی حقیقت کو “وقت” سے جوڑتے ہیں۔ ان کے مطابق انسان مستقبل کی طرف رجوع کرتا ہے، اور وہ مستقبل ہمیشہ ایک نامعلوم، ادھورا میدان ہوتا ہے۔ ہائیڈیگر کہتے ہیں کہ انسان کی زندگی ایک ایسا منصوبہ ہے جو کبھی مکمل نہیں ہوتا۔ یہی ادھورا پن ہمیں اپنی فطری حالت سے آگاہ کرتا ہے اور ہمیں مجبور کرتا ہے کہ ہم اپنی زندگی کی سمت خود طے کریں، نہ کہ کسی اور کے بنائے ہوئے نقشے پر چلیں۔

اگر ہم روزمرہ کی زندگی میں جھانکیں تو نظر آتا ہے کہ ہر فرد کسی نہ کسی ادھورے پن کے ساتھ جی رہا ہوتا ہے۔ کوئی اپنی محبت پوری نہ کر سکا، کوئی تعلیم ادھوری چھوڑ آیا، کوئی خوابوں کی تعبیر سے پہلے بکھر گیا، کوئی اپنی پہچان کے سفر میں تھک گیا۔ لیکن ان سب ادھورے تجربات کے باوجود زندگی رکتی نہیں، بلکہ یہی ادھورے لمحے انسان کو تخلیقی بناتے ہیں، اُسے سوچنے، سمجھنے، لکھنے اور جینے کا جذبہ دیتے ہیں۔

ادھورا پن اکثر تکلیف دہ ہوتا ہے۔ انسان خود کو ناکام، نا مکمل اور کمزور سمجھنے لگتا ہے۔ لیکن اگر اس ادھورے پن کو قبول کر لیا جائے، تو یہی ادھورا پن ایک محرک بن سکتا ہے، ایک نئی شروعات کی امید۔ کبھی کبھی مکمل ہونا ایک اختتام ہوتا ہے، جبکہ ادھورا رہ جانا ایک آغاز۔ مکمل چیزیں جامد ہوتی ہیں، جبکہ ادھوری چیزیں متحرک۔ ادھورے خواب انسان کو جگائے رکھتے ہیں، ادھوری باتیں سوچنے پر مجبور کرتی ہیں، اور ادھوری خواہشیں اُسے بہتر انسان بننے کی طرف لے جاتی ہیں۔

فلسفیانہ نکتہ نظر سے اگر دیکھا جائے، تو زندگی کا مکمل ہونا شاید ایک خام خیالی ہے۔ زندگی اپنی فطرت میں ہی ادھوری ہے۔ یہ نہ مکمل خوشی دیتی ہے نہ مکمل غم۔ ہر حالت عارضی ہے، ہر جذبہ گزر جانے والا ہے، ہر رشتہ ایک دن اختتام کو پہنچتا ہے۔ یہی تغیّر، یہی ناپائیداری زندگی کو خوبصورت بناتی ہے۔ اگر سب کچھ مکمل ہو جائے، تو شاید انسان رک جائے، سوچنا چھوڑ دے، جینا چھوڑ دے۔

زندگی کا حسن اس کے ادھورے پن میں ہے۔ جب کچھ باقی رہ جاتا ہے، تو انسان کے اندر ایک خواہش باقی رہتی ہے — کچھ حاصل کرنے کی، کچھ جاننے کی، کچھ ہونے کی۔ یہی خواہش اُسے زندہ رکھتی ہے۔ ادھوری زندگی مکمل زندگی سے کہیں زیادہ حقیقی، گہری اور انسان دوست ہے۔ اور شاید یہی وہ راز ہے جو بڑے بڑے فلسفیوں نے اپنی پوری عمر کی تلاش کے بعد دریافت کیا: مکمل ہونے سے زیادہ ضروری ہے، مکمل ہونے کی جستجو میں رہنا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے