بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آباد کے شعبہ سول انجینئرنگ کی جانب سے خانپور، ایوبیہ میں منعقدہ بارہ روزہ فیلڈ سروے کیمپ نہ صرف ایک تعلیمی سرگرمی تھی بلکہ ایک ایسا تربیتی ماڈل ثابت ہوا جس نے طلباء کو سول انجینئرنگ کی عملی جہتوں سے روشناس کروایا، انہیں زمینی چیلنجز کا سامنا کرنا سکھایا اور ماحولیاتی و سماجی شعور پیدا کرنے کا موقع فراہم کیا۔
اس کیمپ میں فال 2022 اور فال 2023 کے طلباء نے شرکت کی، جنہوں نے سخت موسمی حالات، ناہموار زمین اور چیلنجنگ ٹپوگرافی میں جدید سروےنگ ٹولز جیسے ٹوٹل اسٹیشن، آٹو لیول، GPS، اور ٹریورسننگ تکنیکوں کے ذریعے عملی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔ طلباء نے موقع پر جا کر پوائنٹ فکسنگ، لیولنگ، اور نقشہ سازی جیسی سرگرمیوں کو انجام دیا۔ ان مشقوں نے نہ صرف ان کے تکنیکی علم کو بڑھایا بلکہ انہیں فیلڈ ورک کے حوالے سے ایک جامع وژن بھی دیا۔
یہ کیمپ صرف فنی تربیت تک محدود نہیں تھا بلکہ ایک سماجی اور ماحولیاتی شعور بیدار کرنے والا پلیٹ فارم بھی تھا۔ اختتامی دن “کمیونٹی کلین ڈرائیو” کے انعقاد نے کیمپ کو ایک بامقصد سماجی مہم میں بدل دیا۔ طلباء، فیکلٹی ممبران، اور مقامی قیادت نے مل کر علاقے کی صفائی میں حصہ لیا، ماحولیاتی تحفظ کا پیغام دیا، اور مقامی افراد کو بھی اس عمل میں شامل کیا۔ اس سرگرمی میں خصوصی شرکت محترم مبارشیر حسین عباسی (سینئر نائب صدر، ہیومن رائٹس ہزارہ ڈویژن) اور محترم وکاس احمد (یونین کونسل نمائندہ) نے کی۔
اس کیمپ کی کامیابی میں کئی اہم شخصیات کی محنت اور رہنمائی شامل رہی۔
ڈاکٹر انجینئر نثار علی خان (اسسٹنٹ پروفیسر و انچارج کیمپ) کی قیادت میں تمام تعلیمی اور فیلڈ سرگرمیوں کی منظم انداز میں نگرانی کی گئی۔ ان کی فیلڈ ورک میں مہارت اور طلباء سے موثر رابطے نے تربیت کو ایک بہترین تعلیمی تجربے میں تبدیل کر دیا۔
اسی طرح ڈاکٹر نعمان (اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ سول انجینئرنگ) کی تکنیکی رہنمائی اور سائٹ پر فعال موجودگی نے طلباء کو مخصوص ٹیکنیکل امور، جیسے سروے آلات کے استعمال اور ڈیٹا کی تشریح، میں براہِ راست رہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے طلباء کی ٹیموں کے ساتھ مسلسل فیلڈ میں وقت گزارا اور ان کی عملی کارکردگی میں بہتری کے لیے مفید مشورے دیئے ۔
پروفیسر ڈاکٹر راشد فاروق (سینئر فیکلٹی ممبر، شعبہ سول انجینئرنگ) نے کیمپ کے مجموعی تعلیمی معیار کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی فکری رہنمائی اور تعلیمی وژن نے کیمپ کی منصوبہ بندی کو ایک جامع تعلیمی ماڈل بنایا۔ ان کی موجودگی نے طلباء کے حوصلے بلند کیے اور انہوں نے تربیت کے ہر مرحلے میں طلباء کی حوصلہ افزائی کی۔
بطور لیکچرار، میں فخر سے یہ کہہ سکتا ہوں کہ خانپور کیمپ ایک تعلیمی، پیشہ ورانہ، اور اخلاقی تربیت کا ایسا امتزاج تھا جو آج کل کی انجینئرنگ تعلیم میں کمی محسوس کی جاتی ہے۔ ہمیں ضرورت ہے کہ ایسے تربیتی کیمپس کو باقاعدہ نصاب کا حصہ بنایا جائے تاکہ ہم صرف ڈگری یافتہ نہیں بلکہ فیلڈ میں قابل، باکردار اور باشعور انجینئرز تیار کر سکیں۔
یقیناً خانپور فیلڈ سروے کیمپ ایک کامیاب اور قابلِ تقلید تجربہ تھا، جس کی بنیاد سچائی، علم، ٹیم ورک اور خدمتِ خلق پر رکھی گئی۔