اساتذہ وہ مشعل بردار ہیں جن کا نام ان کے جانے کے بعد بھی زندہ رہتا ہے: پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود
حکومت دو کروڑ سے زائد اسکول سے باہر بچوں کو زیورِ علم سے آراستہ کرے: میاں محمد جاوید
اسلام آباد ؛ نظریۂ پاکستان کونسل کے زیرِ اہتمام ایوانِ قائد میں “عالمی یومِ اساتذہ” کے موقع پر ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے اساتذہ، دانشوروں اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا اہتمام کونسل کے منصوبہ "تعلیم نیٹ ورک” کے تحت کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ:
“اساتذہ وہ مشعل بردار ہیں جن کے چلے جانے کے بعد بھی ان کا نام اور کام زندہ رہتا ہے۔ آج کے دن ہمیں ان کی بے لوث خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا چاہیئے۔ قوم کے بچوں کا مستقبل سنوارنے میں اساتذہ کا کردار نہایت اہم ہے۔”
انہوں نے کہا کہ ہمارے دینِ اسلام اور معاشرتی اقدار نے استاد کو والدین کے برابر درجہ دیا ہے۔ اب یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم اس عظیم منصب کے اہل کیسے ثابت ہوتے ہیں۔
کونسل کے چیئرمین میاں محمد جاوید نے صدارتی خطاب میں کہا کہ:
“اساتذہ تمام تر مشکلات کے باوجود قوم کے مستقبل کو سنوارنے میں مصروف ہیں۔ حکومت کو تعلیم جیسے بنیادی فریضے سے غافل نہیں ہونا چاہیے۔ ملک کے دو کروڑ سے زائد اسکول سے باہر بچوں کو زیورِ علم سے آراستہ کرنا قومی ذمہ داری ہے۔”
انہوں نے مخیر حضرات اور نجی اداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ آگے بڑھ کر تعلیمی منصوبوں میں حکومت کا ساتھ دیں۔
مہمانِ اعزاز معروف دانشور اور سابق سفیر افراسیاب مہدی ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن نے ہمیں “پڑھنے، سوچنے، سمجھنے اور عمل کرنے” کا حکم دیا ہے۔ رسول اللہ ﷺ کا فرمان ہے کہ “جو علم پھیلاتا ہے، اس کے لیے آسمان و زمین کی مخلوقات دعائیں کرتی ہیں” — اس سے استاد کے بلند مرتبے کا اندازہ ہوتا ہے۔
سابق سینیٹر اور چیئرپرسن تعلیم نیٹ ورک پاکستان محترمہ رزینہ عالم خان نے کہا کہ:
“ہمارے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ استادالاساتذہ پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود آج اس تقریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہیں۔ وہ وفاقی دارالحکومت اور مضافاتی علاقوں کے نمایاں اساتذہ میں تعریفی اسناد تقسیم کریں گے۔”
قبل ازیں سابق سفیر صلاح الدین چوہدری، ماہرینِ تعلیم ڈاکٹر محمد سلیم، ڈاکٹر محمد افضل بابر، نرگس ناصر اور حمید قیصر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کو تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔
اس موقع پر کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، سابق سیکریٹری خزانہ عبداللہ یوسف، سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور محمد دلشاد، معروف لکھاری افشاں عباسی سمیت سرکاری و نجی اسکولوں کے اساتذہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔