تربت شہر میں چوروں اور ڈاکوؤں کی سرگرمیوں میں خوفناک اضافہ، پولیس کی خاموشی نے شہریوں کو شدید اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔ آئے روز چوری اور ڈکیتی کے واقعات نے تاجروں اور عام شہریوں کا سکون چھین لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تربت کے مصروف ترین تجارتی مرکز دشتی بازار کے دکانداروں نے شکایت کی ہے کہ نامعلوم چوروں نے گزشتہ شب متعدد دکانوں کے ایئر کنڈیشنڈ کے پائپ چرا لیے، جب کہ اس سے قبل بھی مختلف دکانوں سے قیمتی سامان غائب کیا جا چکا ہے۔ مارکیٹ سے موٹر سائیکلوں کی چوری کی متعدد وارداتیں بھی رپورٹ ہو چکی ہیں۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے پولیس کو بارہا شکایات درج کرائیں، مگر تاحال کسی قسم کی کارروائی یا پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ ان کے مطابق پولیس کی غفلت اور مجرمانہ خاموشی نے چوروں کے حوصلے بلند کر دیے ہیں۔
تاجر برادری نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام سے فوری نوٹس لینے، گشت میں اضافہ کرنے اور بازاروں میں سیکیورٹی اقدامات مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو تحفظ کا احساس واپس مل سکے۔