الخدمت فاؤنڈیشن اور غزہ

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کا شمار ان چند بڑے فلاحی اداروں میں ہوتا ہے جو خالصتاً انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔ یہ ادارہ کسی سیاسی، لسانی یا مذہبی وابستگی سے بالاتر ہو کر صرف ایک مقصد کے لیے کام کر رہا ہے، اور وہ ہے انسانیت، ضرورت مندوں کے چہروں پر مسکراہٹ واپس لانا اس کا مقصد ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے نہ صرف پاکستان کے اندر بلکہ دنیا بھر میں متاثرہ انسانوں کی مدد کے لیے اپنی خدمات کا دائرہ وسیع کیا ہے۔ قدرتی آفات جیسا کہ زلزلے، سیلاب، قحط سالی اور دیگر آفات کے دوران جہاں کہیں بھی انسان مصیبت میں نظر آئے، وہاں الخدمت کے رضاکار اپنی خدمات پیش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

گزشتہ دو برس میں غزہ پر ظلم و بربریت کی ایک نئی لہر چلی، معصوم بچے، عورتیں اور بوڑھے بمباری اور محاصرے کے باعث کربناک حالات سے دوچار ہوئے، تو اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے اپنی روایتی انسان دوستی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ فاؤنڈیشن نے فوری طور پر غزہ کے متاثرین کے لیے امدادی مہم کا آغاز کیا۔ پاکستان بھر سے عوام نے دل کھول کر الخدمت میں عطیات دیے جنہیں الخدمت نے شفاف طریقے سے استعمال کرتے ہوئے متاثرہ فلسطینیوں تک امداد پہنچائی۔

غزہ کے عوام کے لیے بھیجے جانے والے امدادی سامان میں خوراک، ادویات، پانی، بچوں کے لیے دودھ، خیمے، کمبل، کپڑے، اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیاء شامل تھیں۔ یہ سامان مصر کے راستے مختلف فلاحی اداروں کے تعاون سے غزہ کے اندر داخل کیا گیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے اس بات کو یقینی بنایا کہ امداد وہاں پہنچے جہاں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ فاؤنڈیشن نے زخمیوں کے علاج معالجے کے لیے طبی آلات، سرجیکل سامان، اور ادویات بھی روانہ کیں تاکہ غزہ کے ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات بحال رہ سکیں۔

آج بھی الخدمت فاؤنڈیشن اپنی انسان دوستی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ آج بھی الخدمت کی جانب سے پانچ ہزار فلسطینی خاندانوں کے لیے سو ٹن امدادی سامان کی پینتیسویں کھیپ لاہور سے مصر روانہ کی گئی۔ لاہور ایئرپورٹ سے روانہ کیے گئے اس امدادی سامان میں بے گھر فلسطینی خاندانوں اور بچوں کے لیے پورے مہینے کا راشن موجود ہے، جس میں آٹا، چاول، کوکنگ آئل، تیار کھانے، کوک ٹیل فروٹ، سویٹ کارن اور دیگر اشیائے خوردونوش شامل ہیں۔ یہ امدادی سامان الخدمت کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری، این ڈی ایم اے اور وزارتِ خارجہ کے حکام کی نگرانی میں روانہ کیا گیا۔ اس موقع پر سید وقاص جعفری نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اب تک غزہ کے متاثرین کے لیے 4957 ٹن امدادی سامان روانہ کر چکی ہے، اور بے گھر فلسطینی خاندانوں اور بچوں کی امداد کو مسلسل جاری رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن کی یہ خدمات اس بات کا مظہر ہیں کہ پاکستانی عوام دل کے اعتبار سے امتِ مسلمہ کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ یہ ادارہ بھی دنیا کو یہ پیغام دیتا ہے کہ انسانیت کی خدمت کے لیے جغرافیائی حدود کوئی معنی نہیں رکھتیں۔ غزہ کے بچوں کے چہروں پر امید کی ایک نئی روشنی جگانے میں الخدمت فاؤنڈیشن کا کردار یقیناً ناقابلِ فراموش ہے۔ یہ تنظیم پاکستان کی وہ نیک نام پہچان ہے جو خاموشی سے خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے، اور ہر مصیبت زدہ دل کے لیے سکون کا ذریعہ بن رہی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے