زندگی کے پیچیدہ راستوں پر چلتے ہوئے انسان کو اکثر ایسے چہروں سے واسطہ پڑتا ہے جو بظاہر تو مسکرا رہے ہوتے ہیں مگر اندر سے خالی ہوتے ہیں۔ کچھ نگاہیں ایسی بھی ملتی ہیں جو سمجھنے سے زیادہ پرکھنے پر یقین رکھتی ہیں، اور کچھ لب ایسے بھی جو ہمدردی کی بجائے زہر گھولتے ہیں۔ ان لمحات میں جب کوئی آپ کی خاموشی کو کمزوری، یا وقار کو غرور سمجھ لے تو دل میں ہلکا سا درد ابھرتا ہے، لیکن اگر انسان اس سب کے باوجود اپنی روشنی کو بجھنے نہ دے، تو یہی اس کی اصل کامیابی ہے۔ دنیا کی مایوسیاں اُس روشنی کو چھو نہیں سکتیں جو دل کے اندر امید کی صورت روشن ہو۔
اکثر ہم دوسروں کی باتوں کا وزن اپنے دل پر لے لیتے ہیں اور اپنی خوشی، اپنے وقار کو ان تبصروں کے حوالے کر دیتے ہیں جو ہمارے ہونے کو سمجھ ہی نہ سکے۔ ہر لفظ، ہر طنز، ہر لاپرواہی کا لمحہ ایسا لگتا ہے جیسے ہمارے وجود پر ایک بوجھ بن چکا ہو۔ مگر جب انسان یہ سیکھ جائے کہ ہر کہی گئی بات کی گونج سننا ضروری نہیں، تب وہ خود کو اس قید سے آزاد کر لیتا ہے۔ کسی کی بے اعتنائی کو اپنی قدر کا پیمانہ بنانے سے بہتر ہے کہ انسان خود کو پہچان لے۔ زندگی کا حسن اس میں ہے کہ انسان اپنی ذات کو اتنی اہمیت دے کہ دوسروں کے خیالات اس کے سکون پر دستک نہ دے سکیں۔
دل کی گہرائیوں میں ایک خاموش اعتماد ہوتا ہے، جو شور میں نہیں ابھرتا وہ سکون سے اپنا اظہار کرتا ہے۔ یہ اعتماد کہ میں جانتا ہوں، میں کون ہوں، انسان کو بےنیاز بنا دیتا ہے۔ وہ بےنیازی جو غرور ہی نہیں خود شناسی کا ایک نازک پردہ ہوتی ہے۔ ایسے لوگ تنقید میں بھی زندگی کا سبق ڈھونڈ لیتے ہیں اور تعریفوں میں بھی اپنی اصلاح کے زاویے تلاش کرتے ہیں۔ جو خود سے راضی ہوتا ہے، وہ دوسروں کے فیصلوں کا محتاج کسی بھی صورت نہیں رہتا۔ وہ ہر لمحے میں اپنی آزادی کو محسوس کرتا ہے، اور اسی آزادی میں سکون پنپتا ہے۔
زندگی ان لوگوں کیلئے زیادہ خوبصورت بن جاتی ہے جو اپنی خوشی کے فیصلے خود کرتے ہیں۔ جو یہ جانتے ہیں کہ مسکرانا نہ صرف چہرے کی حرکت ہے یہ تو دل کی گہرائیوں سے اٹھنے والا ایک احساس ہے۔ ایسے لوگ جب تھک جاتے ہیں تو خود سے لاتعلقی نہیں برتتے وہ خود کو وقت دیتے ہیں۔ تنہائی میں بیٹھ کر ایک کپ چائے پکوڑے اور سموسے کے ساتھ، وہ اپنے آپ سے وہ باتیں کرتے ہیں جو شاید کبھی کسی نے سنی ہی نہیں ہوتیں۔ وہ جانتے ہیں کہ ان کے اندر جو روشنی ہے، وہ وقتی تاریکیوں سے مدھم ہو سکتی ہے، مگر بجھ نہیں سکتی۔
تکلیفیں، دکھ اور ماضی کی تلخیاں ہر انسان کے دامن میں کسی نہ کسی صورت میں موجود ہوتی ہیں۔ لیکن اصل فن یہ ہے کہ ان دکھوں کو اپنی شناخت کا مرکز نہ بننے دیا جائے۔ کامیاب وہی ہوتا ہے جو دکھ کے ساتھ جینے کا فن سیکھ لیتا ہے۔ وہ جانتا ہے کہ ہر زخم کے بعد وقت مرہم بن جاتا ہے، اور ہر آندھی کے بعد ہوا میں ایک نرم سکون آ بسے گا۔ دکھ کو دل میں جگہ ضرور دیں، مگر اتنی نہیں کہ وہ دل کے باقی گوشوں پر قبضہ کر لے۔ اسے زندگی کی کہانی کا ایک صفحہ سمجھیں، پوری کتاب نہ بننے دیں۔
بخدا مسکرانے کی ہمت، اُس لمحے میں سب سے بڑی جیت بن جاتی ہے جب آپ کے دل پر غم کا بوجھ ہو۔ یہ مسکراہٹ ہماری کمزوری نہیں ہوتی یہ تو ایک بے آواز بغاوت ہے اُس دنیا کے خلاف جو صرف خوشی میں خوشی دیکھ سکتی ہے۔ دل کے دروازے پر پہرہ دینا ضروری ہے تاکہ ہر لفظ، ہر جذبہ اندر داخل نہ ہو۔ صرف وہ احساسات دل کے اندر بسنے دیں جو آپ کی روح کو ہلکا کریں، جو آپ کو زندہ محسوس کرائیں۔ بے شک دنیا بدل جائے، لوگ روٹھ جائیں، وقت تلخ ہو جائے، مگر اپنے دل کے سکون کو تھامے رکھنا انسان کی سب سے بڑی جیت اور خوش قسمتی ہے۔
ہر لفظ کے پیچھے چھپی نیت کو جانچنا ضروری نہیں ہے۔ ہر بات کا جواب دینا بھی انسان کی ذمہ داری نہیں ہے۔ بعض اوقات خاموشی سب سے خوبصورت، سب سے باوقار ردعمل بن جاتی ہے۔ ہر سوال کے جواب میں صرف الفاظ ہی نہیں ہوتی بلکہ سکوت بھی اپنی زبان رکھتا ہے۔ زندگی میں ایسے موڑ آتے ہیں جہاں خاموشی بول اٹھتی ہے اور یہ خاموشی اپنی پوری شان سے اپنا وقار منواتی ہے۔ ایسے لمحات میں انسان کو اپنی روشنی پر بھروسہ رکھنا چاہیے، کیونکہ یہ روشنی کسی اور کی خیرات میں دی ہوئی نہیں ہے انسان کے اندر کی ایک چمک ہے۔
ہر دن ایک نیا موقع ہے خود سے دوستی کا، خود کو سمجھنے کا۔ آئینے میں خود کو دیکھ کر یہ محسوس کرنا کہ میں وہی ہوں جس نے سب کچھ سہہ کر بھی خود کو ٹوٹنے نہ دیا، یہ احساس انسان کو اندر سے مضبوط کر دیتا ہے۔ جب ہم خود کو اپنی کمزوریوں کے ساتھ قبول کر لیتے ہیں تو ہم زندگی کے سب سے بڑے سبق کو سیکھ لیتے ہیں: کہ ہم مکمل ہیں، جیسا کہ ہم ہیں۔ زندگی کی نرمی، اس کی مہک، اس کی اصل خوبصورتی تب ہی آشکار ہوتی ہے جب ہم اپنے وجود کو سچے دل سے تسلیم کر لیتے ہیں۔
زندگی انسان کے پاس ایک عارضی امانت ہے، جس پر دکھوں کی گرد بیٹھنے دینا خود پر ظلم کے مترادف ہے۔ مسکراہٹ کو اپنی پہچان بنائیے، تاکہ آپ کے چہرے سے جھلکتی روشنی ان دلوں تک پہنچے جو تاریکی میں راستہ تلاش کر رہے ہیں۔ شاید آپ کی یہی مسکراہٹ کسی کے لئے امید کا چراغ بن جائے۔ شاید آپ کی خاموش ہمت کسی کو جینے کا حوصلہ دے جائے۔ آپ کے لفظ، آپ کا وقار، آپ کا سکون، سب کچھ ایک پیغام ہیں کہ زندگی آسان نہیں، مگر جینے کے لائق ضرور ہے۔
زندگی کی سچائی یہ ہے کہ دکھ آئیں گے، لوگ بدلیں گے، حالات آزمائیں گے، مگر اگر آپ اپنی ذات کے ساتھ جڑے رہیں، تو کوئی طوفان آپ کو ہلا نہیں سکتا۔ خود سے جڑ کر جینا، خود کو جان کر جینا ہی اصل کامیابی ہے۔ ہر لمحہ جو آپ نے وقار، سکون اور امید کے ساتھ گزارا، وہ آپ کی اصل جیت ہے۔ یہ زندگی ایک انمول تحفہ ہے، اور آپ اس کے سب سے خوبصورت وارث ہیں۔