انسانی خوبصورتی ظاہر سے باطن تک

اللہ تعالیٰ نے انسان کو نہایت خوبصورت تخلیق کیا۔ کسی کو مرد اور کسی کو عورت بنایا اور دونوں کو اپنے اپنے انداز میں حسین بنایا۔ عورت سے کائنات کا حسن ہے تو مرد سے زندگی کی روانی۔ لیکن اصل خوبصورتی صرف جسمانی یا ظاہری نہیں بلکہ انسان کے باطن، اس کے کردار، اور اس کی اخلاقیات میں پوشیدہ ہے۔

انسان کی تخلیق میں جو سب سے بڑی نعمت ہے وہ اختیار ہے۔ یہ اختیار کہ وہ اپنے ظاہر اور باطن کو کیسا رکھتا ہے۔ ظاہری خوبصورتی کا پسند کیا جانا ایک فطری امر ہے، لیکن اگر اس کے ساتھ باطن کی خوبصورتی نہ ہو تو ظاہری حسن بھی کھوکھلا محسوس ہوتا ہے۔ اصل خوبصورتی یہ ہے کہ انسان اپنا دل پاکیزہ رکھے، اپنے ارادے مضبوط کرے اور اپنے عمل کو نیک اور پرخلوص بنائے۔

آج کے دور میں سوشل میڈیا کا رجحان بہت بڑھ گیا ہے۔ لوگ اپنی خوبصورت تصاویر، عمدہ کھانوں، مہنگے لباسوں اور خوشحال زندگی کی جھلکیاں شیئر کرتے ہیں۔ یہ سب دیکھ کر لگتا ہے کہ دنیا بہت حسین ہے اور لوگ مثالی زندگی گزار رہے ہیں۔ لیکن جب حقیقت میں ایسے لوگوں سے ملاقات ہوتی ہے تو بعض اوقات ان کی اصل شخصیت اس چمکتی دمکتی تصویر سے مختلف نکلتی ہے۔

یہی وہ مقام ہے جہاں انسان کی اصل خوبصورتی کا امتحان ہوتا ہے۔ اگر کوئی شخص سوشل میڈیا پر تو خوش اخلاق اور مہذب دکھائی دے، لیکن اپنے گھر والوں، دوستوں یا دفتر میں بداخلاقی کا مظاہرہ کرے تو وہ خوبصورت نہیں کہلایا جا سکتا۔ خوبصورتی صرف چہرے یا الفاظ میں نہیں بلکہ انسان کے کردار میں ہوتی ہے۔

ایک خوبصورت انسان وہ ہے جو اپنی حقیقی زندگی میں بھی اتنا ہی خوبصورت ہو جتنا وہ سوشل میڈیا پر نظر آتا ہے۔ وہ اپنے والدین کے ساتھ محبت اور احترام سے پیش آئے، اپنے شریکِ حیات کو عزت دے، اپنے بچوں کی تربیت میں دلچسپی لے اور اپنے دوستوں اور پڑوسیوں کے لیے ایک اچھا انسان ثابت ہو۔

یہی حقیقی کامیابی اور خوبصورتی ہے کہ انسان نہ صرف اپنے ظاہری وجود کو نکھارے بلکہ اپنے باطن کو بھی بہتر بنائے۔ اپنی زندگی میں ایسے اصول اپنائے جو نہ صرف دنیاوی فائدے کے لیے ہوں بلکہ آخرت میں بھی کامیابی کی ضمانت بنیں۔ اس طرح ایک انسان دنیا اور آخرت دونوں میں خوبصورت اور کامیاب کہلائے گا۔

یاد رکھیں، سوشل میڈیا پر تو کوئی بھی خوبصورت نظر آ سکتا ہے، لیکن حقیقی زندگی میں خوبصورت بننا اور رہنا ہی اصل کامیابی ہے۔ اپنا کردار ایسا بنائیں کہ لوگ آپ کو نہ صرف ظاہری طور پر پسند کریں بلکہ آپ کے باطن، آپ کی اخلاقیات، اور آپ کی انسانیت کو بھی سراہیں۔ یہی حقیقی خوبصورتی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے