سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ ضلع کیچ میں اغوا برائے تاوان کے واقعات خطرناک حد تک بڑھ چکے ہیں، جو نہ صرف امن و امان بلکہ کاروباری سرگرمیوں کے لیے بھی شدید خطرہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری اور سنجیدہ اقدامات کرتے ہوئے مغویان کی بازیابی اور عوام کو تحفظ فراہم کریں۔
تربت پریس کلب میں منعقدہ ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے ہمراہ آل پارٹیز کیچ کے کنوینئر نواب خان شمبیزئی، بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین ایڈووکیٹ جاڈین دشتی، کیچ بار ایسوسی ایشن کے صدر مجید شاہ ایڈووکیٹ، انجمن تاجران کیچ کے صدر نثار احمد جوسکی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ کیچ سے تعلق رکھنے والی دو معروف اور پرامن کاروباری شخصیات، حاجی یاسین کے فرزند حسیب یاسین اور حاجی گل جان رند کے فرزند شاہ نواز گل جان کو اغوا برائے تاوان کے لیے اٹھایا گیا ہے، جو انتہائی تشویشناک ہے۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران تمام متعلقہ اداروں، وزیر اعلیٰ بلوچستان اور آئی جی پولیس سمیت اعلیٰ حکام سے بارہا رابطہ کیا گیا، مگر تاحال کوئی تسلی بخش جواب یا عملی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کی خاموشی کے باعث عوام اور کاروباری طبقے میں شدید خوف پایا جاتا ہے، اسی لیے مجبور ہو کر اس مسئلے کو میڈیا کے ذریعے اجاگر کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اغوا برائے تاوان جیسے جرائم نے کیچ کے کاروباری ماحول کو مفلوج کر دیا ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ کاروباری طبقے کو تحفظ فراہم کرے تاکہ لوگ بلا خوف و خطر روزگار اور تجارت جاری رکھ سکیں۔
اس موقع پر نواب خان شمبیزئی نے خبردار کیا کہ اگر دونوں مغویان کو فوری طور پر بازیاب نہیں کرایا گیا تو 5 جنوری کو آل پارٹیز کیچ، وکلاء تنظیموں، انجمن تاجران، ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام ایک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی، جبکہ 7 جنوری کو ضلع بھر میں تمام کاروباری ادارے بند کر کے مکمل ہڑتال کی جائے گی۔
پریس کانفرنس میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی، جن میں جمعیت علماء اسلام شیرانی کے رہنما و سابق سینیٹر اسماعیل بلیدی، وائس چیئرمین ڈسٹرکٹ کیچ میر بہادر جمیل دشتی، نیشنل پارٹی کیچ کے صدر یونس جاوید، بی این پی عوامی کے مرکزی نائب صدر و چیئرمین ظریف زدگ، بی ایس او پجار کے چیئرمین بوہیر صالح، پی ایم اے کے ضلعی صدر ڈاکٹر عبدالغنی بلوچ، کیچ بار ایسوسی ایشن کے صدر ایڈووکیٹ مجید شاہ اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات شامل تھیں۔
شرکاء نے متفقہ طور پر حکومت سے مطالبہ کیا کہ کیچ میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جائے، اغوا برائے تاوان میں ملوث عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے اور مغویان کو فوری طور پر بحفاظت بازیاب کرایا جائے۔