پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی شہید بےنظیربھٹو ویمنز یونیورسٹی کی وائس چانسلر کی انگلش میں تقریر پر برہم ہوگئے، آئندہ اردو میں تقریر کرنے کا حکم دے دیا۔
پشاور میں شہید بےنظیربھٹو ویمنز یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ وائس چانسلر صاحبہ نے انگریزی میں تقریر کی جو مجھے اچھی نہیں لگی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ ہماری قومی زبان اردو ہے، اگلی دفعہ انگلش میں تقریر ہوئی تو مجھے غصہ آجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے تمام یونیورسٹیوں کو اردو میں تقریر کرنے کی ہدایات دی ہیں۔
اس کے علاوہ امن و امان سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے میں 14 ہزار سےزیادہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ہوئے۔ آپریشنز سے دہشتگردی ختم نہیں ہوئی۔ قوم کو اعتماد میں لے کر آپریشنز کریں۔
انہوں نے کہا کہ آپریشنز شروع ہونے سے پہلے آفریدی قوم میں کوئی بھیک لینے والا نہیں تھا۔ ہم نے پاکستان کیلئے بار بار قربانیاں دی ہیں اور پھر بھی دیں گے۔