امریکا نے 8 ہزار طلبہ سمیت ایک لاکھ سے زائد افراد کے ویزے منسوخ کردیے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کےدور صدارت کے پہلے سال ایک لاکھ سے زائد ویزے منسوخ کیے گئے ہیں، ان ویزوں میں کاروبار اور سیاحت کے لیے آنے والے وہ افراد شامل تھے جو مدت مکمل ہونے کے باوجود امریکا میں مقیم تھے۔
محکمہ خارجہ کے مطابق جن افراد کے ویزہ منسوخ ہوئے ان میں 8 ہزار طلبہ اور روزگار کے لیے آنے والے 2 ہزار 500 افراد بھی شامل ہیں اور ان میں بیشتر افراد وہ ہیں جن کے خلاف مجرمانہ ریکارڈ یا قانونی خلاف ورزیوں کے شواہد موجود ہیں۔
محکمہ خارجہ کے مطابق شراب نوشی کے دوران گاڑی چلانے، تشدد ، چوری، بچوں سے بدسلوکی، منشیات کی تقسیم اور مالی بدعنوانی کی بنیاد پر بھی ویزے منسوخ کیے گئے ہیں۔
محکمہ خارجہ نے واضح کیا کہ امریکا کو محفوظ رکھنے کے لیے ملک بدری اور ویزا منسوخی کی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اگست میں ٹرمپ انتظامیہ نے 55 ملین افراد کے ویزوں کا جائزہ لینے کا اعلان کیا تھا۔