یہ دن مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کے اظہار، ان کی طویل اور صبر آزما جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور ان بے مثال قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے جو وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے دے رہے ہیں۔ یومِ یکجہتی کشمیر درحقیقت اس عہد کی تجدید ہے کہ کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں تنہا نہیں اور پاکستان ہر سطح پر ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
اس موقع پر پاکستان اور آزاد کشمیر میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بہنے والے معصوم اور بے گناہ لہو کو سلام پیش کیا جائے گا۔ ملک کے طول و عرض میں خصوصی تقاریب، جلسے، جلوس، ریلیاں، سیمینارز اور کانفرنسز منعقد کی جائیں گی، جن میں کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگر کیا جائے گا اور مسئلہ کشمیر کو عالمی ضمیر کے سامنے بھرپور انداز میں پیش کیا جائے گا۔ ان سرگرمیوں کا مقصد دنیا کو یہ باور کرانا ہے کہ کشمیر ایک زندہ اور حل طلب مسئلہ ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر مقبوضہ وادی کے عوام کے ساتھ عملی اور بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹیز بھی ریلیوں، تقاریب اور اجتماعات کے ذریعے کشمیری عوام کی آواز بن رہی ہیں اور عالمی برادری کی توجہ اس دیرینہ تنازع کی جانب مبذول کروا رہی ہیں۔
یہ ایک تلخ اور ناقابلِ تردید حقیقت ہے کہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں چھ لاکھ سے زائد کشمیری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ صرف گزشتہ 34 برسوں میں 96 ہزار سے زائد کشمیری شہید کیے گئے، 7 ہزار سے زیادہ افراد دورانِ حراست جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک لاکھ سے زائد بچے والدین کی شفقت سے محروم ہو چکے ہیں۔ ہزاروں خاندان آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔
05 اگست 2019 کے بعد بھارتی ریاستی جبر میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا۔ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران 966 کشمیری شہید، 25 ہزار سے زائد افراد گرفتار اور ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو عقوبت خانوں میں بدترین تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔جنوری 2025 میں بھی ظلم و زیادتی کا یہ سلسلہ جاری رہا اور مزید بے گناہ کشمیریوں کی جانیں ضائع ہوئیں، جو عالمی انسانی حقوق کے دعوؤں پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
یومِ یکجہتی کشمیر اس پختہ یقین اور عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان کی جدوجہد ہماری جدوجہد ہے، اور وہ دن ضرور آئے گا جب وادیٔ کشمیر میں آزادی، امن اور انصاف کا سورج پوری آب و تاب کے ساتھ طلوع ہوگا اور کشمیری عوام اپنے بنیادی حقوق کے ساتھ آزاد فضا میں سانس لے سکیں گے۔