اسلام آباد: رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے چیئرمین خورشید احمد ندیم نے اسلام آباد میں امام بارگاہ پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے اسلام دشمن اور انسان دشمن عناصر کی گھناؤنی سازش قرار دیا ہے۔
اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ حملہ نہ صرف پاکستانی معاشرے کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے بلکہ امتِ مسلمہ کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کی ایک منظم اور خطرناک سازش کا حصہ بھی ہے۔
چیئرمین رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی نے واضح کیا کہ مسلمان نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت اور نام پر متحد ہیں، اور یہی وحدت ہماری اصل شناخت اور قوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر فرقہ واریت کو ہوا دے کر ہمیں نچلی سطح پر لے جانا چاہتے ہیں، مگر ان کی یہ کوشش کبھی کامیاب نہیں ہو سکے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات مبارکہ امت کو جوڑنے، یکجا رکھنے اور باہمی احترام کے فروغ کی علامت ہے، اور پاکستان کا مستقبل اسی وحدت، رواداری اور اخوت میں مضمر ہے۔ فرقہ وارانہ نفرت پھیلانے والے عناصر دراصل پاکستان کے دشمن ہیں، اور پوری قوم مل کر ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنائے گی۔
خورشید احمد ندیم نے اس موقع پر شیعہ سنی قیادت کے ذمہ دارانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سنی اور شیعہ قیادت ہمیشہ پاکستان میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، باہمی احترام اور امن کے فروغ کی علمبردار رہی ہے، اور وہ اس سازش کو بھی ناکام بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
آخر میں انہوں نے ریاستی اداروں پر زور دیا کہ وہ اس حملے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لائیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔