آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف اپنی بیٹنگ سے بازی پلٹ کر پاکستان کو اہم جیت دلانے والے رانا فہیم اشرف کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہورہے ہیں۔
کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
نیدر لینڈز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 147 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے آغاز تو اچھا کیا لیکن پھر مڈل آرڈر ایک بار پھر ناکام ہوا اور میچ اختتامی اوورز میں پھنس گیا۔
پاکستان کو ہدف کے تعاقب میں آخری 2 اوورز میں 29 رنز درکار تھے۔ ایسے میں فہیم اشرف نے ذمہ درانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 19 ویں اوور میں 3 چھکوں کی مدد سے 24 رنز بٹورے۔
فہیم اشرف نے آخری اوور میں بھی چوکا مار کر پاکستان کو نیدرلینڈز کے خلاف شکست سے بچالیا اور 11 گیندوں پر ناقابل شکست 29 رنز بناکر گرین شرٹس کو 3 وکٹوں سے کامیابی دلادی اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
نیدرلینڈز کے خلاف شاندار بیٹنگ سے ٹیم کو جیت دلانے کے بعد سوشل میڈیا پر فہیم اشرف کی دھوم مچ گئی۔
صارفین نے فہیم کی بیٹنگ کی تعریف کی اور مزے مزے کے تبصرے کیے۔
پی ایس ایل کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ‘ ماچس تو یونہی بدنام ہے زمانے میں، آگ تو رانا فہیم نے لگا رکھی ہے’۔
ایک صارف نے لکھا کہ ‘نہ کسے دا دشمن، نہ کسے دا کانا، جی او رانا، جی او رانا’۔ جبکہ دوسرے صارف نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ’ لوگ رانا رانا کہتے ہیں رانا کو پرواہ نہیں، ایک بار دل لگا کے دیکھو رانا بے وفا نہیں’۔
ایک صارف نے شکست سے بچانے پر فہیم اشرف کا شکریہ ادا کیا۔
ایکس پر ایک صارف نے درخواست کی کہ آج کی بیٹنگ کے بعد پاکستان کے ہر شہر میں رانا فہیم اشرف کا مجسمہ بنایا جائے۔
میچ کے اختتام پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایکس اکاؤنٹ پر فہیم اشرف کے جڑواں بچوں حسن اور حسین کی تصاویر شیئر کیں۔
محسن نقوی نے کیپشن میں نیدرلینڈز کی اچھا مقابلہ کرنے پر تعریف کی اور پاکستان کی فتح کو فہیم اشرف کے جڑواں بچوں کے نام کیا۔
انہوں نے دونوں بچوں کی سلامتی اور خوشگوار زندگی کے لیے دعا بھی کی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کا دوسرا میچ 10فروی کو امریکا سے ہوگا۔