امریکا کی سابق نائب صدر کملا ہیرس نے ایران پر بڑے پیمانے پر امریکی فوجی حملوں اور خامنہ ای کی شہادت پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ‘عزم کے لبادے میں لپٹی لاپرواہی’ قرار دیا ہے۔
ہفتے کے روز جاری اپنے بیان میں کملا ہیرس نے کہا کہ ‘ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کو ایک ایسی جنگ میں گھسیٹ رہے ہیں جسے امریکی عوام نہیں چاہتے۔’ ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی ‘خطرناک اور غیر ضروری جوا’ ہے جو امریکی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے ساتھ ساتھ مشرقِ وسطیٰ میں عدم استحکام کو بڑھا سکتی ہے۔
کملا ہیرس نے واضح کیا کہ وہ ایران میں حکومت کی تبدیلی کے لیے کسی جنگ کی حمایت نہیں کرتیں اور امریکی فوجیوں کو ایک ‘انتخابی جنگ’ کی خاطر خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔
ان کے مطابق آئین کے تحت صدر کو کسی بھی جنگی اقدام سے قبل کانگریس کی منظوری درکار ہوتی ہے، اس لیے کانگریس کو چاہیے کہ وہ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے مزید عسکری پیش قدمی کو روکے۔