امریکا کے 72 گھنٹوں میں ایران کے 200 اہداف پر حملے، 30 سے زائد بحری جہاز تباہ کرنے کا دعویٰ
امریکی سینٹرل کمانڈ( سینٹکام) نے اعلان کیا ہے کہ پچھلے 72 گھنٹوں میں تقریباً 200 ایرانی اہداف پر حملے کیے گئے ہیں۔
سینٹ کام کمانڈر ایڈمرل بریڈ کاپر نے ایران پر حملوں سےمتعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بی ٹو بمبار طیاروں نے درجنوں بنکر بسٹر بموں سے گہرائی میں دفن بیلسٹک میزائل لانچرز تباہ کردیے ہیں۔
سینٹ کام کمانڈر نے کہا کہ پہلے دن کے بعد سے ایرانی بیلسٹک میزائل حملوں میں 90 فیصد کمی آئی ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ اب تک 30 سے زائد ایرانی بحری جہاز تباہ کردیے گئے ہیں۔
سینٹکام کے مطابق آپریشن کے اگلے مرحلے میں ایران کی میزائل پیداوار کی صلاحیت کو تباہ کرنے پر توجہ دی جائے گی۔
سینٹ کام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں ایران کی فوجی اور دفاعی صلاحیت کو محدود کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں، تاکہ مستقبل میں ممکنہ خطرات کو کم کیا جا سکے۔
ہم نے لمبی جنگ کی تیاری کر رکھی ہے، ترجمان پاسداران انقلاب
ایران نے جنگ کے آغاز میں ہی اردن، قطر ، یو اے ای میں دفاعی نظام، جاسوسی آلات کو کامیابی سے نشانہ بنایا: امریکی میڈیا
اس وقت ایران میں امریکی زمینی فوج بھیجنے پر غور کرنا وقت کا ضیاع ہوگا، ٹرمپ
امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ فی الحال ایران میں امریکی فوجی بھیجنے کا نہیں سوچا، اس وقت ایران میں امریکی زمینی فوج بھیجنے پر غور کرنا وقت کا ضیاع ہوگا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے اپنی بحریہ کھو دی، انہوں نے ہر چیز کھو دی ہے جو وہ کھو سکتے تھے اور ایسے میں ایرانی وزیرخارجہ کا یہ کہنا فضول بات ہےکہ ایران امریکا کے زمینی حملےکےلیے تیار ہے۔
ایران نے جنگ کے آغاز میں ہی اردن، قطر ، یو اے ای میں دفاعی نظام، جاسوسی آلات کو کامیابی سے نشانہ بنایا: امریکی میڈیا کی رپورٹ
امریکی ٹی وی نے سیٹیلائیٹ تصاویر کی مدد سے ایران کی بڑی جنگی کامیابیوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایران نے جنگ کے آغاز میں ہی اردن میں جدید ترین تھاڈ دفاعی نظام کا ریڈار تباہ کردیا تھا۔
امریکی ٹی وی کے مطابق ایران نے کمیونیکیشن، ریڈار اور جاسوسی آلات سےائیر ڈیفنس کمزور کرنے کی کوشش کی۔
رپورٹ کے مطابق ایران نے عرب امارات میں بھی دو مقامات پر تھاڈ ریڈار پر تاک کر حملہ کیا تاہم اماراتی ریڈار عمارت کے اندر ہونے کے سبب ٹھیک نقصان کا اندازہ ممکن نہیں۔
امریکی ٹی وی کے مطابق ایک تھاڈ ڈیفنس سسٹم کی قیمت 50 کروڑ ڈالر ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ایران کی جانب سے قطر کے ارلی وارننگ ریڈار سسٹم کو بھی تباہ کیاگیاہے۔
ہم نے لمبی جنگ کی تیاری کر رکھی ہے، ترجمان پاسداران انقلاب
ترجمان پاسداران انقلاب جنرل علی محمد نے کہ جلد ایسے اسٹریٹجک ہتھیار سامنے لائیں گے جو پہلے کبھی استعمال نہیں کیے ، دشمن تکلیف دہ وار کیلیے تیار رہے، ابھی ہتھیاروں کا معمولی حصہ استعمال کیا ہے۔
ایران کی جانب سے ترکیہ اور آذربائیجان کو نشانہ بنانےکی کوشش کی مذمت کرتے ہیں، سعودی عرب
سعودی وزارت خارجہ نے ایسےاقدامات خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا اور کہا کہ ایرانی اقدامات بین الاقوامی قوانین، اصولوں کے منافی ہے۔ سعودی عرب نے ترکیہ اور آذربائیجان کی حکومتوں اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
ایران پر حملوں کے بعد خام تیل کی قیمت بڑھتے ہوئے 84 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی
دوسری جانب چین نے ملک کی بڑی ریفائنریز کو ڈيزل اور پیٹرول کی برآمدات روکنے کا حکم دیدیا۔ امریکی میڈيا کے مطابق جاپان، انڈونیشیا اور بھارت سمیت کئی ممالک ریفائنریز کی پیداوار میں کمی اور برآمدات عارضی طور پر معطل کر چکے ہیں۔
ایران کا اسرائیل پر ایک ساتھ درجنوں ڈرونز اور میزائلوں سے حملہ
روسی میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل پر ایک ساتھ درجنوں ڈرونز اور میزائلوں سے حملہ کیا جس کے بعد تل ابیب کی فضائی صورتحال براہ راست دکھانے والے کیمرے کو عین اس وقت نیچے کرکے سڑک کی جانب کردیا گیا تاکہ فضاؤں میں ایرانی میزائل داخل ہوتے نہ دیکھے جا سکے ۔ حملے کےوقت تل ابیب میں سائرن بھی نہیں بجائے گئے۔
ایران امریکا اسرائیل جنگ، پاکستان سے مشرق وسطیٰ کی آج بھی 104 پروازیں منسوخ
کراچی سے دبئی، دوحہ، ابوظبی، شارجہ اور بحرین کے لیے آج 21 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ لاہور سے دبئی، دوحہ، شارجہ، کویت، دمام اور ابوظبی کے لیے 27 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
اسلام آباد سے دوحہ، ابوظبی، بحرین، شارجہ اور دبئی کے لیے 29 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ 14 پروازیں روانہ ہونے کے لیے تیار ہیں۔ پشاور سے دوحہ، ابوظبی، دبئی، شارجہ اور جدہ کے لیے 12 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ 4 شیڈول کی گئی ہیں۔
گزشتہ ایک ہفتے میں پاکستان سے مشرق وسطیٰ جانے والی منسوخ پروازیں مجموعی طور پر 1130 ہو چکی ہیں۔
ایران میں زمینی فوج بھیجنےکے معاملےپر ٹرمپ انتظامیہ اختلافات کا شکار
روسی میڈیا کے مطابق وزیر جنگ ہیگسیتھ اور وزیرخارجہ روبیو میں ایران کیخلاف زمینی کارروائی پر اختلافات پائے جاتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مارکو روبیو ایران جنگ کو طوالت دینے کےمخالف ہیں جبکہ پیٹ ہیگسیتھ زور دے رہےہیں کہ زمینی فوج بھیجی جائے۔
امریکا کا ایران پرحملہ مذہبی جنگ ہے، ری پبلکن سینیٹر لنزے گراہم
امریکی ری پبلکن سینیٹر لنزے گراہم نے امریکا کا ایران پرحملہ مذہبی جنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا ایک ہزار برس کیلئے مشرق وسطیٰ کی راہ متعین کردےگا۔
ایرانی ڈرونز کا خلیج عمان میں امریکی طیارہ بردارجہاز پرحملہ، روسی میڈیا
روسی میڈیا نے بتایا کہ ایرانی بحریہ نےطیارہ بردار جہاز ابراہام لنکن کو نشانہ بنایا،ایرانی حملےکے بعد امریکی طیارہ بردار جہاز خلیج سے دور چلا گیا۔