عرب میڈیا کے مطابق تہران پر ہونے والے حملے جنگ کے آغاز کے بعد ہونے والی شدید ترین بمباری ہیں
نیویارک ٹائمز کے مطابق ایران نے حالیہ جنگ کے آغاز سے عرب ممالک میں اپنے اہداف پر 2000 ڈرونز اور 500 میزائل داغے
امریکا کے ساتھ مذاکرات اب ایجنڈے میں شامل نہیں، جب تک ضروری ہوا میزائل حملے جاری رکھیں گے، ایران
جنگ کا 12واں روز ، پاکستان سے مشرق وسطیٰ کی آج بھی 83 پروازیں منسوخ
کراچی سے دوحہ، بحرین، دبئی اور ابوظبی کی 18 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ لاہور سے دوحہ، کویت، دبئی، شارجہ اور ابوظبی کی 22 پروازیں منسوخ کی گئیں، اسی طرح اسلام آباد سے بھی دوحہ، کویت، بحرین، ابوظبی اور ریاض کی 19 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
پشاور سے مشرق وسطیٰ کی 16 پروازیں منسوخ جبکہ 8 آپریٹ کی جارہی ہیں۔ کراچی سے 14، لاہور 13 اور اسلام آباد سے مشرق وسطیٰ کی 20 پروازیں آپریشنل ہیں، ملک کے تمام ائیرپورٹس سے آج مشرق وسطیٰ کی 72 پروازیں آپریشنل ہیں۔
ایران نے اسرائیل کے بن گوریان ائیرپورٹ پرمیزائلوں کی بارش کردی
یکے بعد دیگرے میزائل ائیرپورٹ پر گرے جس کے باعث دور دور تک دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، آگ کے شعلے بھی بلند ہوتے دیکھے گئے، سوائے چند میزائل روکنے کے اسرائیل کا دفاعی نظام ناکام رہا اور پھر سائرن کی آوازیں گونجتی رہیں۔
ایران نے اسکول پر میزائل حملہ نہیں کیا، چک شومر نے ٹرمپ کا دعویٰ مسترد کردیا
امریکی سینیٹ میں اقلیتی ڈیموکریٹک لیڈر چک شومر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جھوٹا قرار دیدیا۔ ایک بیان میٰں چک شومر نے کہاٹرمپ نےدعویٰ کیا کہ ایرانیوں نےٹام ہاک میزائل سےاپنی بچیوں کے اسکول کو نشانہ بنایا جبکہ ایران کے پاس ٹام ہاک میزائل ہے ہی نہیں۔
سعودی عرب کا پرنس سلطان ائیربیس پر داغے گئے 6 میزائل فضا میں تباہ کرنےکا دعویٰ
سعودی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ پرنس سلطان ایئربیس پر داغے گئے 6 بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بغداد ائیرپورٹ کے قریب امریکی سفارتی مقام کو 2 ڈرونز سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
اس سے قبل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت کابینہ کا ورچوئل اجلاس ہوا جس میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب اپنی سلامتی، خود مختاری کے لیے تمام اقدامات کا حق رکھتا ہے۔
لبنان سے میزائل حملہ، اسرائیلی فوج کا کمیونیکیشن سسٹم تباہ
اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ اس وقت ختم ہوگی جب اسرائیل اور امریکا مناسب سمجھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے خاتمے کا فیصلہ امریکا اور اسرائیل مل کر کریں گے، یہ بھی بتایا کہ اسرائیل ایران سے لامحدود جنگ نہیں چاہتا۔
آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت حملوں کی 37 ویں لہر، طاقتور میزائلوں سے امریکی و اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنایاگیا
پاسداران انقلاب نے اعلان کیا کہ اس نے آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت امریکی اور صہیونی اہداف کے خلاف حملوں کی نئی لہر کا آغاز کردیا۔
پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کی 37 ویں لہر کے دوران تین گھنٹے سے زائد عرصے تک مسلسل میزائل حملے کیے گئے جن میں جدید میزائلوں کا استعمال کیا گیا۔
بیان کے مطابق اس مرحلے میں عراق کے شہر اربیل ، بحرین میں امریکی بحریہ کے ففتھ فلیٹ کے ہیڈ کوارٹراور اسرائیل کے شہر تل ابیب میں فوجی مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔
برطانوی ائیرلائن نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے باعث پروازیں منسوخ کردیں
ابوظبی آنے اور جانے والی پروازیں سال کے آخر تک منسوخ کردی گئیں جبکہ مسقط، منامہ ، دوحہ، دبئی اور تل ابیب کی تمام پروازیں رواں ماہ کے آخر تک منسوخ کی گئی ہیں۔
ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں میں روسی قونصل خانےکی عمارت کو نقصان، شیشے ٹوٹ گئے
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے ایران کے شہر اصفہان پر حملوں میں قونصل خانے کی عمارت کو نقصان پہنچنے کی تصدیق کردی۔
ترجمان کے مطابق رواں ہفتے کے آغاز میں اصفہان کے گورنر کے دفتر کے قریب ہونے والے حملےکے نتیجے میں روسی قونصل خانے کی عمارت کو نقصان پہنچا، انہوں نے بتایا کہ دھماکے سے قونصل خانےکے دفتر اور رہائشی اپارٹمنٹس کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
ماریا زاخارووا کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملےغیرقانونی ہیں، شمالی کوریا
شمالی کوریا نے امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے غیر قانونی قرار دیدیا۔ شمالی کوریاکی جانب سے کہا گیا کہ ایرانی عوام کے نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کے حق کا احترام کرتے ہیں۔
آبنائے ہرمزکے قریب بارودی سرنگیں بچھانے والی 16ایرانی کشتیاں تباہ کر دیں: سینٹکام
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام ) نے دعویٰ کیا کہ امریکی افواج نےآبنائے ہرمز کے قریب بارودی سرنگیں بچھانے والی 16ایرانی کشتیاں تباہ کر دیں ۔
اس سے قبل امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں دعویٰ کیاکہ امریکی فورسز نے گزشتہ چند گھنٹوں میں سرنگیں بچھانے والی 10کشتیوں اور جہازوں کو مکمل تباہ کردیا۔