چینی زرعی ڈرونز :بین الاقوامی زراعت کے اہم کردار

دنیا کی زراعت ایک ایسے دور میں داخل ہو چکی ہے جہاں زمین کے ساتھ ساتھ آسمان بھی کھیتی کے عمل میں شامل ہو چکا ہے۔ صدیوں تک کسان اپنے ہاتھوں، اوزاروں اور موسم کے سہارے زمین کو آباد کرتا رہا، مگر اب ٹیکنالوجی نے اس روایت کو ایک نئی سمت دے دی ہے۔ زرعی ڈرونز اسی تبدیلی کی نمایاں علامت ہیں، اور اس میدان میں چینی ڈرونز نے جو مقام حاصل کیا ہے وہ نہ صرف حیران کن ہے بلکہ عالمی زراعت کے مستقبل کا تعین بھی کر رہا ہے۔ آج چین دنیا کے تقریباً 70 سے 80 فیصد کمرشل ڈرونز تیار کرتا ہے، جبکہ زرعی ڈرونز کے شعبے میں چینی کمپنیوں کا حصہ عموماً 50 سے 70 فیصد کے درمیان سمجھا جاتا ہے۔ یہ اعداد و شمار محض صنعتی برتری کی نشاندہی نہیں کرتے بلکہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ چین نے زراعت اور ٹیکنالوجی کو کس مہارت سے یکجا کیا ہے۔

چینی زرعی ڈرونز کی کامیابی کے پیچھے چند بڑے نام نمایاں ہیں، جن میں DJI اور XAG سرِفہرست ہیں۔

DJI کو دنیا کی سب سے بڑی ڈرون کمپنی مانا جاتا ہے، جس کے زرعی ڈرونز ایک سو سے زائد ممالک میں استعمال ہو رہے ہیں، اور دنیا بھر میں اس کے لاکھوں یونٹس فروخت ہو چکے ہیں۔ اسی طرح XAG بھی جدید زرعی ٹیکنالوجی کے میدان میں تیزی سے ابھرتی ہوئی کمپنی ہے، جو اسمارٹ فارمنگ کے حل پیش کر رہی ہے۔ ان کمپنیوں کی کامیابی صرف مصنوعات کی فروخت تک محدود نہیں بلکہ انہوں نے ایک مکمل زرعی ایکو سسٹم تشکیل دیا ہے، جس میں ڈیٹا، مصنوعی ذہانت اور خودکار نظام شامل ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ چینی زرعی ڈرونز کی مانگ دنیا بھر میں مسلسل بڑھ رہی ہے، اور ان کی برآمدات اس رجحان کی واضح عکاسی کرتی ہیں۔ چینی سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق حالیہ برسوں میں چین کی سول ڈرون برآمدات اربوں ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، اور ہر سال ہزاروں ڈرونز دنیا کے مختلف ممالک کو بھیجے جا رہے ہیں۔ بعض صنعتی مراکز سے صرف چند مہینوں میں ہزاروں ڈرونز کی برآمد اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ صنعت کس تیزی سے پھیل رہی ہے۔

یہ ڈرونز دنیا کے مختلف خطوں میں مختلف انداز سے زراعت کو بدل رہے ہیں۔ حال ہی میں وسطی ایشیا کے ملک ازبکستان میں چینی زرعی ڈرونز کے ذریعے جدید کاری کا ایک نیا باب کھلا ہے، جہاں درجنوں نہیں بلکہ سینکڑوں ڈرونز کھیتوں میں کام کر رہے ہیں اور یہی نہیں بلکہ تعاون کی ایک جہت کے طور پر چینی ماہرین یہاں کے زرعی ماہرین کو ان کے استعمال کی بھی تربیت دے رہے ہیں ۔ کچھ ڈرونز زمین پر سپرے اور بیج بونے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں، جبکہ دیگر فضاء سے نگرانی کر کے فصلوں کی حالت کا جائزہ لیتے ہیں۔ اس سے کسان کو بروقت معلومات ملتی ہیں اور وہ زیادہ بہتر فیصلے کر سکتا ہے۔ برطانیہ جیسے ترقی یافتہ ملک میں، جہاں گرین ہاؤس زراعت ایک اہم شعبہ ہے، یہی چینی ڈرونز صفائی، بیج بونے اور فصلوں کی نگرانی جیسے کام انجام دے رہے ہیں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ ٹیکنالوجی نہ صرف ترقی پذیر بلکہ ترقی یافتہ ممالک میں بھی یکساں طور پر مفید ہے۔ جنوبی کوریا کے چاول کے کھیتوں میں بھی چینی ڈرونز کی نمایاں موجودگی دیکھی جا سکتی ہے، جہاں زرعی ڈرونز کا بڑا حصہ چین سے آتا ہے اور وہ نہایت درستگی کے ساتھ کھاد اور پانی کا استعمال ممکن بناتے ہیں۔ افریقہ کے ملک موزمبیق میں ایک ڈرون ایک گھنٹے میں کئی ہیکٹر زمین پر کام مکمل کر رہا ہے، جو پہلے کئی افراد اور کئی گھنٹوں کا محتاج ہوتا تھا، اور یہی وہ تبدیلی ہے جو زرعی نظام کو تیز، مؤثر اور کم خرچ بنا رہی ہے۔

چینی زرعی ڈرونز کی بڑھتی ہوئی مانگ کی ایک بڑی وجہ ان کی قیمت اور کارکردگی کا متوازن امتزاج ہے۔ مغربی ممالک کے مقابلے میں یہ ڈرونز نسبتاً سستے ہوتے ہیں، مگر ان کی کارکردگی کسی طرح کم نہیں ہوتی۔ یہی وجہ ہے کہ ترقی پذیر ممالک، جہاں وسائل محدود ہیں، ان ڈرونز کو ترجیح دیتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ چین کی حکومتی پالیسیوں نے بھی اس صنعت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ تحقیق و ترقی میں سرمایہ کاری، کسانوں کو سبسڈی، اور جدید ٹیکنالوجی کی تربیت نے اس شعبے کو مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔ چین میں بڑے پیمانے پر ان ڈرونز کے استعمال نے کمپنیوں کو مسلسل بہتری کا موقع دیا، جس کے نتیجے میں وہ عالمی سطح پر مسابقت میں آگے نکل گئی ہیں ۔

ٹیکنالوجی کے اعتبار سے بھی یہ ڈرونز جدید ترین خصوصیات کے حامل ہیں۔ مصنوعی ذہانت، جی پی ایس میپنگ، اور خودکار پرواز جیسے فیچرز انہیں ایک سمارٹ ڈرون بناتے ہیں۔ یہ ڈرونز فصلوں کی صحت کا تجزیہ کرتے ہیں اور صرف اسی جگہ سپرے کرتے ہیں جہاں ضرورت ہو، جس سے کیمیکلز کا ضیاع کم ہوتا ہے اور ماحول پر منفی اثرات بھی محدود رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ ڈرونز پہاڑی علاقوں، مشکل زمین اور پانی سے بھرے کھیتوں میں بھی کام کر سکتے ہیں، جہاں روایتی طریقے اکثر ناکام ہو جاتے ہیں۔ کم پانی کا استعمال، کم کیمیکل اخراج، اور زیادہ مؤثر نتائج انہیں ماحول دوست بھی بناتے ہیں، جو آج کے دور میں ایک اہم ضرورت ہے۔

اگر مجموعی طور پر دیکھا جائے تو چینی زرعی ڈرونز کی کامیابی ایک جامع حکمت عملی، جدید ٹیکنالوجی اور عالمی ضرورت کے امتزاج کا نتیجہ ہے۔ یہ صرف ایک صنعت کی ترقی نہیں بلکہ زراعت کے ایک نئے دور کا آغاز ہے، جہاں رفتار، درستگی اور پائیداری ایک ساتھ چل رہی ہیں۔ آج دنیا کو بڑھتی ہوئی آبادی، موسمیاتی تبدیلی اور خوراک کی قلت جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، اور ایسے میں زرعی ڈرونز ایک مؤثر حل کے طور پر سامنے آ رہے ہیں۔ اس میدان میں چین کی قیادت یہ ظاہر کرتی ہے کہ مستقبل کی زراعت صرف زمین تک محدود نہیں رہے گی بلکہ آسمان کے ساتھ مل کر ایک نئی دنیا تشکیل دے گی۔ یہ کامیابی صرف ڈرونز کی نہیں بلکہ ایک ایسے بدلتے ہوئے نظام کی ہے جہاں کسان کے ہاتھوں کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کے پر بھی شامل ہو چکے ہیں، اور یہی وہ سمت ہے جس میں دنیا کی زراعت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے