کینٹ میں گردن توڑ بخار کی وبا پھیلنے کے بعد ہیلتھ الرٹ جاری کردیا گیا۔
یوکے ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے انگلینڈ بھر میں ڈاکٹروں کو گردن توڑ بخار کی علامات پر نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
کینٹ یونیورسٹی کے 5 ہزار طلبہ کو گردن توڑ بخار سے محفوظ رکھنے کے لیے ویکسینیشن پروگرام شروع کردیا گیا ہے۔
گردن توڑ بخار کی وبا کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ کینٹربری کے ایک نائٹ کلب سے پھیلی، گردن توڑ بخار کے سبب دو طلبہ کی جان جا چکی ہے جو کینٹ یونیورسٹی اور کوئین الزبتھ گرامر اسکول میں زیرِ تعلیم تھے۔
گردن توڑ بخار کے اب تک تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 20 ہوچکی ہے اور حکام وبا کے تیزی سے پھیلنے کے سبب تشویش میں مبتلا ہیں۔
برطانوی وزیراعظم سر کئیر اسٹارمر نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ گردن توڑ بخار سے انتقال اور متاثر ہونے والے لواحقین کے لیے یہ مشکل وقت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ طبی ماہرین متاثرہ افراد سے رابطے میں رہنے والوں کی نشاندہی، اینٹی بائیوٹکس کی تقسیم اور ٹارگیٹڈ ویکسینیشن پر کام کر رہے ہیں۔