وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ سیاسی مفاد کی خاطر پاکستان کو نقصان پہنچانے کی سازشیں ناکام ہوں گی، پی ٹی آئی کا مکروہ چہرہ دنیا نے دیکھ لیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کے بیٹے اور زلفی بخاری کی سرگرمیوں پر ردعمل میں کہا کہ جنیوا میں افسوسناک صورتحال دیکھنے میں آئی، پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا ناقابل برداشت ہے،کوئی سیاسی جماعت یا لیڈر پاکستان سے بڑانہیں ہوسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ عارف اجاکیہ پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے، زلفی بخاری کی عارف اجاکیہ کے ساتھ ملاقات کی ویڈیو محض اتفاق نہیں، عارف اجاکیہ ہمیشہ پاکستان کے خلاف پیراپیگنڈاکرتا رہا، پی ٹی آئی ملک کے خلاف مہم چلانے میں ملوث ہے، ملک کے خلاف باتیں کرنے والوں کو شرم آنی چاہئے، پی ٹی آئی کے سوشل اکاؤنٹس سے کبھی اسرائیل کی مذمت نہیں دیکھی، سیاسی مخالفت میں ملک کی تضحیک ناقابل برداشت ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کو نائیکوپ پرپاکستان آنے کا کہا، نائیکوپ کےبجائےبانی پی ٹی آئی کے بیٹے دوسرے ذرائع پر لگے رہے، پی ٹی آئی والوں نے پاکستان کو ڈیفالٹ کے دھانے پر لا کھڑا کیا تھا، انہوں نے دعائیں کیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے،پاکستان ڈیفالٹ کر جاتا تو سب کا نقصان ہوتا، یہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس واپس کروا کر ایکسپورٹرز کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے۔
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بعض لوگ خود کو پاکستان سے مقدم سمجھتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے دونوں بیٹے امریکا میں اسرائیلی لابی کے ساتھ ملے، پاکستان کے جی ایس پی اسٹیٹس کو متنازع بنانے کی کوشش کی، پاکستان کے خلاف یہ دوسرا 9 مئی کیا گیا ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہرکا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے غیرسیاسی ہیں، عطاتارڑ کے رویے کی مذمت کرتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بچوں کاحق ہے کہ وہ اپنے والد کے لیے آوازاٹھائیں،بانی کے بچوں نے ایک لفظ جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے خلاف نہیں کہا۔