سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ صوبے میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کے بعد متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ آئندہ دنوں سندھ کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی سمیت سکھر، کشمور، گھوٹکی، جامشورو، شکارپور، لاڑکانہ میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
شرجیل میمن نے یہ بھی کہا کہ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 6 اپریل کو شدت اختیارکر سکتاہے، حساس ڈھانچوں اورفصلوں کے تحفظ کےلیے پیشگی اقدامات کیےجا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں کی پیشگوئی کے باعث حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا، ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی ادارے اور ریسکیو سروسزکو متحرک کر دیا گیا ہے جبکہ کسانوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر حکومتی رہنمائی اور معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔