ورلڈ ٹی20 میں پاکستان کا سفر تمام

آسٹریلیا نے پاکستان کو 21 رنز سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر کردیا۔

موہالی کے پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کے 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بناسکی۔ اوپننگ بلے باز شرجیل خان اور احمد شہزاد نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا لیکن 20 کے مجموعی اسکور پر احمد شہزاد 6 گیندوں پر ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ جارح مزاج شرجیل خان بھی 40 کے مجموعی اسکور پر 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 6 چوکے بھی لگائے۔  تیسری وکٹ کیلیے عمراکمل اور خالد لطیف نے 45 رنز کی شراکت داری قائم کی، عمر اکمل 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کپتان آفریدی بیٹنگ کیلیے آئے اور 7 گیندوں پر 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ خالد لطیف نے شعیب ملک کے ساتھ ملکر 37 رنز کی شراکت داری قائم کی لیکن وہ بھی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرواسکے، خالد لطیف 41 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ عماد وسیم اگلی ہی گیند پر بغیر کوئی رنز بنائے وکٹ گنوا بیٹھے، سرفراز احمد 2 اور وہاب ریاض صفر پر آؤٹ ہوئے جب کہ شعیب ملک 40 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے جیمز فالکنر نے 5،  ایڈم زمبا نے 2 اور جوش ہیذلے ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کینگروز کپتان اسٹیون اسمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کینگروز بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر193 رنز بنائے۔ کپتان اسٹیون اسمتھ 61 اورشین واٹسن 44 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ کینگروز ٹیم کے اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ اور ایرون فنچ نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا لیکن 28 کے مجموعی اسکور کر عثمان خواجہ 21 رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جس کے بعد ڈیوڈ وارنر بھی 9 رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کا شکار بن گئے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز ایرون فنچ تھے جو 57 کے مجموعے پر 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ چوتھی وکٹ کی شراکت میں کپتان اسٹیون اسمتھ اور گلین میکسویل نے 62 رنزکی شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور 14ویں اوور میں 119 تک پہنچا تو میکسویل عماد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے اور کپتان اسٹیون اسمتھ اور شین واٹسن نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 74 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی اور ٹیم کا اسکور 193 تک پہنچا دیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد سمیع سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے جنہوں ے اپنے 4 اوورز میں 52 رنز دیئے جب کہ وہاب ریاض اورعماد وسیم نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

گروپ ٹو میں شامل نیوزی لینڈ 6 پوائنٹس حاصل کرکے پہلے ہی سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرچکا ہے جب کہ پاکستان کے ایونٹ سے باہر ہونے کے بعد دوسری ٹیم کا فیصلہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان میچ کے بعد ہوگا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے