پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس وقت دو سربراہ ہیں:وقار یونس

پاکستان کرکٹ ٹیم کے حال ہی میں مستعفیٰ ہونے والے ہیڈ کوچ وقار یونس کے خیال میں وہ پاکستان کرکٹ میں اپنی کوچنگ کے دوران کوئی خاطر خواہ تبدیلی نہیں لا سکے ہیں۔

کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کو دیےگئے انٹرویو میں وقار یونس کا کہنا تھا کہ ’اس مسئلے کی بڑی وجہ انتظامی سطح پر ایک سمت کی جانب بڑھنے میں کمی ہے۔‘

وقار یونس نے کہا کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس وقت دو سربراہ ہیں۔ ایک بورڈ کے چیئرمین شہریار خان اور دوسرے ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی۔ دونوں ہی اس کھیل کو دو الگ سمتوں میں لے جا رہے ہیں۔‘

پاکستان کی ٹی 20 ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی جو کہ آئی سی سی ورلڈ ٹی20 کے بعد کپتانی چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں کے بارے میں وقار یونس نے کہا کہ ’شاہد آفریدی کے مزاج کی وجہ سے بھی کوئی مدد نہ مل سکی ہے۔‘

وقار یونس خود بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کی پہلے ایشیا کپ اور پھر ورلڈ ٹی 20 میں ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے مستعفیٰ ہو چکے ہیں جبکہ ان کے معاہدے کے ختم ہونے میں ابھی تین ماہ باقی تھے۔

انھوں نے کہا کہ ’کرکٹ بورڈ کے دو سربراہوں کے ہونے سے نہ صرف کوچ بلکہ مجموعی طور پر کرکٹ کے لیے مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔ اس مسئلے کو حل ہونا چاہیے کیونکہ یہ بہت اہم ہے۔‘
سابق فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ ’پی سی بی کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ وہ پاکستان میں کرکٹ کو بڑھانے کے لیے ہیں۔ میں ماضی میں بھی یہ کہہ چکا ہوں کہ کرکٹ بورڈ کے لوگوں کو ٹیم پر توجہ دینی چاہیے، کوچنگ سٹاف کے پاس جانا چاہیے، تاکہ چیزیں بہتر ہو سکیں۔ وہ کرکٹ ٹیم کے لیے ہیں، وہ کھیل کے لیے ہیں، کرکٹ ٹیم ان کے لیے نہیں ہے۔‘

’ہمارے ہاں یہ کلچر ہے کہ کرکٹ ٹیمیں چیزوں کے لیے ان سے التجا کرتی ہیں لیکن ہونا اس کے برعکس چاہیے۔ اس سب کو فوری بنیادوں پر تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ ان تمام مسائل کے باوجود کیوں ہیڈ کوچ کے عہدے پر اتنا عرصہ برقرار رہے؟ تو ان کا کہنا تھا کہ ’میں پاکستان کرکٹ میں تبدیلی کا منتظر تھا۔ میں وہ سب نہیں کر پایا جو میں کرنا چاہتا تھا۔ ہمیشہ میں نے نوجوان کھلاڑیوں کی حمایت کی ہے۔ لیکن بد قسمتی سے ایسا نہیں ہو سکا، بہت سی ایسی قوتیں تھیں جنھوں نے مجھے یہ سب نہیں کرنے دیا۔‘

پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کے بارے میں وقار یونس نے کہا کہ ’شاہد آفریدی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق سے بالکل مختلف ہیں۔مصباح کے ساتھ میرے تعلقات بہت اچھے رہے ہیں۔میرے خیال میں مصباح کا کرکٹ کا مزاج بہت اچھا ہے۔‘

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے