عامر خان اولمپک میں پاکستان کی نمائندگی کے خواہشمند

کراچی: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامرخان کو انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن نے ریو اولمپک 2016 میں پاکستان کی نمائندگی کی اجازت دے دی ہے جبکہ عامر بھی اولمپک میں پاکستانی کی نمائندگی کے خواہشمند ہیں۔

عامر خان پاکستان میں باکسنگ کے فروغ اور تھر کے خشک سالی سے متاثرہ افراد کے لیے ان دنوں چیرٹی باکسنگ مقابلے کے انعقاد کے سلسلے میں کراچی میں موجود ہیں۔

انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن کے تازہ فیصلے کے حوالے سے عامر خان سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ‘میں اس کو دیکھوں گا، اگر یہ ممکن ہوا تو حیرت انگیز ہوگا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اس کا انحصار میرے پروموٹرز پر ہے جن کے ساتھ میرا پروفیشنل معاہدہ ہے، انگلینڈ واپسی پر میں اپنے پروموٹرز سے اس معاملے پر بات کروں گا’۔

عامر نے ریو اولمپک میں پاکستان کی نمائندگی کو اپنے لیے باعث فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ’تصور کیجیے اگر میں اولمپک میں اپنے مادر وطن کی نمائندگی کروں تو یہ میرے لیے بہت خاص ہوگا’۔

انھوں نے اولمپک میں پاکستان کی نمائندگی کرنے پر برطانیہ باکسنگ ایسوسی ایشن کے ممکنہ ردعمل کے حوالے سے کچھ نہیں کہا، تاہم پاکستان باکسنگ فیڈریشن (پی بی ایف) کے سیکریٹری اقبال حسین نے ڈان نیوز کو بتایا کہ ‘اگر عامر خان انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن کے حالیہ فیصلے کے بعد پاکستان کی نمائندگی کا فیصلہ کرتے ہیں تو یہ بہت بڑی بات ہوگی’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پی بی ایف اس وقت عامر خان کے ساتھ رابطے میں نہیں ہے کیونکہ وہ یہاں صرف پروفیشنل باکسنگ ٹورنامنٹ کی میزبانی اور اس کے فروغ کے لیے آئے ہوئے ہیں، لیکن وہ پاکستان کے لیے ہیرو کی طرح ہیں اور ہم ان کا احترام کرتے ہیں’۔

پی بی ایف کے سیکریٹری نے مزید کہا کہ پروفیشنل باکسنگ میں پاکستان کی جانب سے صرف ایک باکسر محمد وسیم حصہ لے رہے ہیں جبکہ 7 جونیئر باکسر اولمپک کوالیفائر مرحلے میں شرکت کے لیے 14 جون کو قازقستان روانہ ہوں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے