روہنگیا کی آواز، وہ بھی بلا جواز

فرنود عالم

آئی بی سی اردو ،اسلام آباد11377238_10205848123915847_5916298119550662153_n

کیا کہا۔؟؟؟

جی جی میں مانتا ہوں کہ کبھی تم بودھسٹ ہوا کرتے تھے۔

تسلیم کہ خلیفہ عمر ابن عبد العزیز کے تجارتی قافلے تمہارے اجداد کا پانی بھرنے آسام آتے تھے۔

مانا کہ ہارون الرشید کے کے قافلوں نے تم پہ اسلام کی حقانیت کو آشکار کیا تھا۔

معلوم کہ تمہارے بزرگ ملسمان ہوئے، پھر استقامت کے ساتھ کھڑے ہوگئے۔

قبول کہ تمہاری سرزمین پہ قبضہ ہوا۔

کوئی شک نہیں کہ تم میں سے لاکھوں نے ہجرت کی خاک چھانی، اور لاکھوں نے موت کے گھاٹ کو لہو سے رنگ دیا۔ یہ بھی کہ لاکھوں در بدر ہوگئے۔

سب مانتا ہوں۔ دل سے مانتا ۔ !!

آپ کا جواز مجھ پہ اثر انداز ہوچکا۔ اب تم بے کس ہی سہی۔ تم لاچار ہی سہی۔ تم غریب الدیار ہی سہی۔ تم تھکی ہوئی کرنسی کے مالک ہی سہی۔ تم ریال ڈالر اور درہم و دینار سے تہی دامن ہی سہی۔ یہ سب سہی۔ مگر ایک سوال اپنا جواب چاہتا ہے

کیا تم سنی ہو۔۔؟

کیا تم شیعہ ہو۔؟ نہیں نا۔؟ پھر کیا ہو۔؟ محض مسلمان۔؟ لاحول ولا۔!

خود ہی مجھے بتاؤ۔!!!

جب تم سنی ہی نہین، یہاں تک کہ شیعہ بھی نہیں

تو پھر میں اپنے بحر کی موجوں میں اضطراب کیسے پیدا کروں۔؟ میں اپنے جذبات میں تلاطم کیسے اٹھاؤں۔؟ میں اپنے لفظوں میں تاثیر کہاں سے لاؤں۔؟ میں اپنی بیانیئے میں درد کی لہر کیسے چھوڑوں۔؟ میں اپنے اظہاریئے کو کرب کے شعلے کیسے مہیا کروں۔؟ میں اپنے دیدوں میں اشکوں کا سیلِ رواں کیسے اتاروں۔؟ میں اپنے لہجے کو وہ قیامت خیز کڑک کہاں سے فراہم کروں۔

تھوک اڑاؤں تو کس بنیاد پر۔؟

آستین چڑھاؤں تو کس بھرتے پر ۔؟

گرجوں برسوں اور برس کر گرجوں، تو کس بنا پر۔

سنو۔۔!!!

وہ دیکھو کعبے کے سائے میں کھڑے میرے سنی مجھے پکار رہے ہیں۔ یہ دیکھو شام کی سرزمین سے شیعہ مجھے پکار رہا ہے۔۔

میں اپنے مذھب سے تعلق رکھنے والے ان مظلوموں کو چھوڑ کر تم مسلمانوں کی داد رسی کر کے اپنی عاقبت میں عذاب گھول دوں۔؟

تم مشکل میں ہو۔؟؟

یہ جو مزاروں کی چادریں خطرے میں ہیں، اس کا کیا کروں۔؟

وہ جو کعبے کی بے جان دیواریں خطرے میں ہیں، اس کا کیا کروں۔؟

مسلمان بھی تو تم آخر بنے ہی تھے نا۔؟ کیا چلا جائے گا، جو سنی بن جاؤ۔؟ کیا برا ہو، جو شیعہ بن جاؤ۔؟

فیصلہ تمہارے ہاتھ میں ہے۔ سوچو اور خوب سوچو۔

جو سمجھ جاؤ، تو سر حاضر۔

جو نہ سمجھو، تو مجھے ویڈیو دیکھنے دو، کعبے کا غلاف بدلا جارہا ہے۔۔!!

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے