پاکستان کی ایک بار پھربھارت کو مذاکرات کی دعوت

[pullquote]وینٹیانے: وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے ایک بار پھر ہندوستان کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان، ہندوستان کے ساتھ کشمیر سمیت تمام حل طلب مسائل پر بامعنی، نتیجہ خیز اور جامع مذاکرات چاہتا ہے۔[/pullquote]

ایشیائی ملک لاؤس کے دارالحکومت وینٹیانے میں آسیان ریجنل فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان، ہندوستان کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر بات کرنا چاہتا ہے اور ہم پڑوسی ملک کے ساتھ بامعنی، نتیجہ خیز اور جامع مذاکرات چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ کی کمیٹی برائے دفاع کے ایک اجلاس میں ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی موجودہ صورت حال کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا آغاز نہیں ہوسکتا۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہندوستانی فوج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مشیر خارجہ نےعالمی برادری سے، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کی اپیل کی۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان، افغانستان مصالحتی عمل اور افغانستان میں بحالی اور تعمیر نو کے عمل میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ دہشت گردی کے حوالے سے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پوری دنیا کا مسئلہ ہے جس سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے تمام گروہوں کے خاتمے کے لیے آپریشن ’ضرب عضب‘ کامیابی سے جاری ہے، جبکہ ملک سے انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے بھی جامع نیشنل ایکشن پلان مرتب کیا گیا ہے۔


قبل ازیں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے آسیان ریجنل فورم کے اجلاس کے دوران امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے سائیڈ لائن ملاقات بھی کی۔ ملاقات کے دوران جان کیری نے سرتاج عزیز کو یقین دہانی کرائی کہ امریکا، پاکستان کے ساتھ کثیرالجہتی شراکت داری میں بہتری اور اسے فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے