ہیلی کاپٹر واقعہ: جنرل راحیل کا افغان صدر سے رابطہ

لاہور: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افغان صدر اشرف غنی سے گذشتہ روز افغانستان میں کریش ہونے والے پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کے مغوی عملے کی بخیر و عافیت واپسی میں مدد کی درخواست کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ترجمان لیفٹننٹ جنرل عاصم باجوہ نے اس سے قبل تصدیق کی تھی کہ ایک روسی شہری اور ریٹائرڈ فوجی افسران سمیت 7 لوگ مذکورہ ہیلی کاپٹر میں سوار تھے۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 مرمت کے لیے ازبکستان جا رہا تھا، تاہم تکنیکی خرابی کے باعث افغانستان کے صوبے لوگر میں اسے کریش لینڈنگ کرائی گئی جس کے بعد طالبان نے پاکستانی ہیلی کو آگ لگا کر اس میں سوار تمام افراد کو یرغمال بنا لیا۔

آئی ایس پی آر ترجمان عاصم باجوہ کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افغانستان کے صدر اشرف غنی سے رابطہ کیا اور یرغمال بنائے گئے افراد کی جلد بحفاظت بازیابی میں مدد کی درخواست کی۔

ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا افغانستان میں ہیلی کاپٹر جلائے جانے اور عملے کی باز یابی کے معاملے پر وزیراعظم اور آرمی چیف سے رابطہ کیا ہے،آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ عملے کی باز یابی کے لیے افغان ہم منصب اور اتحاد افواج کے سربراہ سے مسلسل رابطے میں ہیں ۔

ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ہیلی کاپٹر کے عملے کی جلد باز یابی کو ممکن بنانے کے لیے وزیراعظم نواز شریف ،وزیر داخلہ اور طارق فاطمی سے رابط کر کے فوری حل نکالنے پر بات کی ہے ۔

ترجمان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ساتھ ہونے والے رابطے میں آرمی چیف نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ اس معاملے پر اپنے افغان ہم منصب اور اتحادی افواج کے سربراہ سے مسلسل رابطے میں ہیں اور اس معاملے کو حل کرنے کے ساتھ عملے کی جلدباز یابی کو ممکن بنایا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے