پاکستان پہلے ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیزسے کامیاب

دبئی: پاکستان نے عماد وسیم کی شاندار باولنگ اور بابراعظم کی نصف سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز کو سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیے گئے 116 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو شرجیل خان اور خالد لطیف نے پراعتماد مگر محتاط بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 28 رنز بنائے تاہم شرجیل خان 22 رنز بنانے کے بعد سیموئیل بدری کا نشانہ بنے۔

بابراعظم اور خالد لطیف نے دوسری وکٹ میں ناقابل شکست 88 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے 15 ویں اوور کی دوسری گیند میں مطلوبہ ہدف حاصل کرکے پاکستان کو نہ صرف میچ میں کامیابی دلادی بلکہ سیریز میں برتری بھی دلادی۔

بابراعظم نے 15 ویں اوور میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کی اور اگلی ہی گیند پر ویسٹ انڈیز کے کپتان بریتھویٹ کو چوکا رسید کرکے ٹیم کو فتح بھی دلادی وہ 55 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

خالد لطیف نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور آؤٹ ہوئے بغیر 34 رنزبنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے واحد وکٹ سیموئیل بدری نے حاصل کی۔

عماد وسیم کو تباہ کن باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی 24ستمبر کو دبئی میں ہی کھیلا جائے گا۔

قبل ازیں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے آل راؤنڈر عماد وسیم کی شاندارباؤلنگ کی بدولت 7 وکٹیں صرف 47 رنز گنوانے کے بعد ڈوون براوو کی ذمہ دارانہ بلے بازی کے باعث پاکستان کو جیت کے لیے 116 رنز کا ہدف دے دیا۔

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو عماد وسیم نے درست ثابت کر دکھایا۔

نوجوان اسپنر نے پہلے ہی اوور میں ایون لوئس کو پویلین لوٹا دیا۔

ابھی ویسٹ انڈین ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ عماد نے آندرے فلیچر اور پھر مارلن سیمیولز کی وکٹیں لے کر ویسٹ انڈین ٹیم کو تین وکٹوں سے محروم کردیا تھا۔

وکٹ میں اسپنرز کیلئے مدد کو دیکھتے ہوئے سرفراز احمد باؤؒنگ کیلئے محمد نواز کو لائے اور انہوں نے جانسن چارلس کی وکٹیں بکھیر کر یہ فیصلہ درست ثابت کر دیا۔

اگلے اوور میں جب حسن علی نے پہلا میچ کھیلنے والے نکلولس پوران کو آؤٹ کیا تو آدھی ویسٹ انڈین ٹیم ڈگ آؤٹ میں واپس لوٹ چکی تھی۔

کیرون پولارڈ اور ڈوون براوو نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 25 رنز کا اضافہ کیا تاہم وہ اس شراکت کو جاری رکھنے میں ناکام ہوئے۔

عماد وسیم نے اپنی نپی تلی باؤلنگ کے سلسلے کو جاری رکھا اور اور 11 ویں اوور میں خطرناک بلے بازوں کیرون پولارڈ اور کارلوس بریتھویٹ کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کو مزید مشکل میں ڈال دیا جبکہ میچ میں اپنی 5 وکٹیں مکمل کر کے پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے اسپنر بھی بن گئے۔

ویسٹ انڈیز کی آٹھویں وکٹ کی اس وقت گری جب سنیل نرائن اور براوو ایک تیز رن لینے کی ناکام کوشش کررہے تھے، سنیل نرائن ایک رنزبنا سکے۔

براوو نے جیروم ٹیلر کے ساتھ مل کر ٹیم کو مکمل تباہی سے باہر نکالا اور ٹیم کی سنچری مکمل کرلی جبکہ شراکت میں قیمتی 66 رنز جوڑے اس دوران براوو نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

ویسٹ انڈیز کا اسکور آخری اوور میں جب 114 رنز تھا تو سہیل تنویر نے ٹیلر کی وکٹیں بکھیر دیں، انھوں نے 21 رنز بنائے تھے جبکہ ایک رن کے اضافے کے بعد 55 رنز پر کھیلنے والے براوو کو بھی سہیل تنویر نے عمر اکمل کے ہاتھوں آؤٹ کردیا۔

ویسٹ انڈیز نے کی پوری ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے آخری اوور میں 115 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سہیل تنویر نے 2، محمد نواز اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

دبئی میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی کا ٹاس پاکستان کے کپتان سرفرازاحمد نے جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان ٹیم میں دوتبدیلیاں کی گئی ہیں فاسٹ باؤلر محمد عامر کو حتمی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا جبکہ عمراکمل کی ٹیم میں واپسی ہوئی، عامر کی جگہ آل راؤنڈر محمد نواز ٹیم کا حصہ تھے۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز ٹیم میں نیکولس پوران کو شامل کیا گیا جو اپنے کیریئر کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل رہے تھے۔

ویسٹ انڈیز ٹیم کے کپتان کارلوس بریتھویٹ کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی کی کوئی بھی ٹیم کرس گیل اور آندرے رسل کی کمی محسوس کرے گی تاہم ہمارے پاس نیکولس پوران جیسے نوجوان کھلاڑی موجود ہیں۔

سرفرازاحمد کا کہنا تھا کہ ہمارے حوصلے بلند ہیں اور مختصرطرز میں ہماری کارکردگی بہترہورہی ہے جبکہ پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی کھیل کر آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اوس کی وجہ سے بعد میں بیٹنگ کا فیصلہ کیا گیا اور ہم ہدف حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

پہلے ٹی ٹوئنٹی کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

ویسٹ انڈیز: کارلوس بریتھویٹ (کپتان)، ایون لیوس، جانسن چارلس، آندرے فلیچر(وکٹ کیپر)، مارلن سیموئلز، ڈوون براوو، نیکولس پوران، کیرون پولارڈ، سنیل نرائن، جیروم ٹیلر، سیموئیل بدری

پاکستان: سرفرازاحمد (کپتان)، شرجیل خان، خالد لطیف، بابراعظم، شعیب ملک، عمراکمل، محمدنواز، عمادوسیم، سہیل تنویر، وہاب ریاض، حسن علی

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے