مصر میں 162 جبکہ شام میں 30 جاں بحق

[pullquote]مصر: کشتی الٹنے کا واقعہ، ہلاکتیں 162 ہوگئیں[/pullquote]

قاہرہ: مصر کے ساحل کے قریب مہاجرین کی کشتی الٹنے کے واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 162 ہوگئی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق واقعے میں محفوظ رہنے والے افراد کا کہنا تھا کہ بحیرہ روم کے ساحلی شہر روزیٹا کے قریب الٹنے والی کشتی میں تقریباً 450 مہاجرین سوار تھے جو اس کی گنجائش سے کہیں زیادہ تھے۔

مہاجرین کی کشتی مصر سے اٹلی جارہی تھی، ریسکیو عملے نے مزید 13 افراد کو بچالیا جس کے بعد اب تک بچائے جانے والوں کی تعداد 163 ہوگئی، جبکہ دیگر افراد کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔

[pullquote]شام: فضائی کارروائی میں ’30 شہری’ ہلاک[/pullquote]

بیروت: شام میں حکومتی فورسز اور روسی فضائیہ کی حلب میں شدید بمباری کے نتیجے میں 30 سے زائد شہری ہلاک ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے شام میں انسانی حقوق کے حوالے سے کام کرنے والے برطانوی مانیٹرنگ گروپ کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک کے دوسرے بڑے اور معاشی طور پر اہم شہر حلب میں فضائی کارروائی کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 30 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

برطانوی مانیٹرنگ گروپ نے بتایا کہ حلب میں شامی فورسز اور روسی طیاروں کی جانب سے شدید بمباری جاری ہے، جس میں جنگجوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم اس میں درجنوں شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔

گروپ کا دعویٰ ہے کہ شہر میں تقریبا ڈھائی لاکھ شامی موجود ہیں، جن کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ یاد رہے کہ مذکورہ کارروائی امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے اپنے روسی ہم منصب سے جنگ بندی کیلئے مذاکرات کی ناکامی کے بعد کی گئی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے