راحیل شریف صاحب کے نام جذباتی خط

پیارے ہر دلعزیز سپہ سالار،
محترم جناب راحیل شریف صاحب
السلام وعلیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
ہاتھ صاف ستھرے کیے اور پھر کمپیوٹر کھول کر آپ کو خط لکھنے کی جسارت کررہا ہوں۔ میرا یہ خط اُن تمام پاکستانیوں کے جذبات کی عکاسی کرے گا جو ملکی کرپٹ سیاسی نظام سے تنگ ہیں اور اپنے اس خط میں پوری کوشش کروں گا کہ قوم کی امانت اُن کے جذبات آپ یعنی سالار اعظم تک پہنچا سکوں۔
پوری قوم جانتی ہے کہ جب آپ نے منصب سنبھالا تو بہت کم ہی لوگ تھے جو آپ کے نام یا کارکردگی سے واقفیت رکھتے تھے، مگر خدا کا شکر ہے کہ کرپٹ سیاسی حکمرانوں نے آپ کا انتخاب کیا جو ہم سب کے لیے بہت بڑی نعمت کے طور پر ثابت ہوا۔

جنابِ عالی آپ نے اپنے دورِ مدت بہت سے ایسے کام کیے جو ہمارے کرپٹ سیاستدانوں کے حصے میں آتے تھے مگر آپ ہر جگہ اُن سے پہلے نظر آئے اور عوام کے دل جیتے۔ کوئی سانحہ ہو یا پھر قومی دن کی تقریب عرض یہ کہ آپ نے اپنے مصروف ترین شیڈول میں سے بمشکل وقت نکالا اور سب کے حوصلے بلند کیے۔
آپ نے اپنی ایمانداری اور بے باکی سے قوم کو تو خوش کیا ہی ساتھ ہی آپ نے دشمن کے دل پر ایسی دھاگ بٹھائی کہ اُسے نہ چاہتے ہوئے بھی خاموش ہونا پڑا ورنہ اگر صرف ایک ہی ملک (بھارت) کی بات کی جائے تو وہ جس اڑان کے ساتھ اڑنے کی کوششوں میں تھا اُسے آپ کے بیانات نے ناکام بنایا اور وہ لائن آف کنٹرول پر بہت زیادہ نقصان نہ پہنچا سکا۔

محترم سپہ سالار ہم نے آپ کی سربراہی میں دشمن کی کمر توڑی اور اللہ کا لاکھ لاکھ احسان ہے کہ دہشت گردی کے واقعات میں بہت کمی محسوس ہوئی ، اس کا کریڈیٹ کسی اور کو نہیں بلکہ صرف اور صرف آپ کو ہی جاتا ہے۔

جناب سپہ سالار آپ نے اپنے دورِ مدت میں ایک ایسا منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچایا جو نہ صرف ملک بلکہ قوم کے لیے بھی باعث فخر بھی ہے، اس منصوبے کے تحت ہزاروں پاکستانی برسرِ روزگار ہوجائیں گے اور خاص طور پر بلوچستان کے وہ ناراض بچے جو جمہوریت کے ثمرات سے متاثر ہوئے اور ریاست کے خلاف علمِ بغاوت بلند کیا۔

قوم کو آپ کے عملی اقدامات کی وجہ سے ہی ملک کے کئی علاقوں کو اپنی ٹیلی ویژن اسکرینوں پر دیکھنے کا موقع ملا جن کے نام پہلے نہیں سنتے تھے، آپ کی وجہ سے ہمیں معلوم ہوا کہ سوات، کلام، میران شاہ اور پہاڑی علاقوں پر چلغوزے کی کاشت ہوتی ہے جو اب الحمد اللہ ہمارے جوان بھائیوں کے ہاتھ میں ہے۔
ہمیں امید ہے کہ اب چلغوزے کی کاشت سے حاصل ہونے والی رقم کا کافی حصہ ہمارا فخر اور باعزم جوانوں کو بھی ملے گا کیونکہ اگر اس علاقے کو وہ آپ کی دی ہوئی ہدایت پر طالبان سے آزاد نہیں کرواتے تو ہمیں ابھی تک اس کا علم ہی نہیں ہوتا اور نہ ہی اس سے حاصل ہونے والے کمیشن پر کوئی لب کشائی کرتا۔
راحیل شریف صاحب آپ کو اللہ نے بہت عزت دی جبکہ مخالفین آپ کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے رہے، جیسے کہ جن لوگوں کے لیے آپ نے اسلام آباد دھرنے کے دوران انصاف دلوانے کا یقین دلایا بعد میں وہ مخالفین کے ساتھ مل گئے اور اپنی ناپاک زبانوں سے آپ کو ہی موردودِ الزام ٹھہرانے کی کوشش میں لگے رہے۔
ساتھ ہی انہوں نے اپنے اثر ورسوخ استعمال کرتے ہوئے جان بوجھ کر "شکریہ” "آبھی جاؤ” وغیرہ کے راتوں رات بینرز لگوائے، حتی کہ یہ بینرز جان بوجھ کر کنٹومنٹ اور دیگر علاقوں میں آویزاں کیے گئے مگر ہم ڈٹے رہے اور شیطان ہمیں بھکانے میں ناکام رہا ہمیں آپ پر پورا پورا بھروسہ رہا جو بہت بڑی نعمت ہے۔

پوری قوم چاہتی ہے کہ آپ کی مدتِ ملازمت میں توسیع ہو یا پھر آپ کو فیلڈ مارشل بنایا جائے تاکہ ہم مل کر بھارت ، افغانستان ایران اور ملک کو نقصان پہنچانے والے لوگوں سے جہاد کریں ، قوم کی دیرینہ خواہش ہے کہ ہم ایک قافلے کی صورت میں نکلیں جس کی سربراہی آپ جیسا نڈر بہادر سپہ سالار کرے اور ہم کشمیر فتح کرتے ہوئے بھارت میں بھی اسلام کا جھنڈا لہرائیں ساتھ ہی افغانستان میں بھی اسلام کا جھنڈا لہرا کر دنیا کو پیغام دیں کہ ہم اپنے اساتذہ، والدین، سیاستدانوں سے زیادہ اپنے سپہ سالار کو ہردل عزیز رکھتے ہیں اور دشمن کی ہر سازش پر کڑی نظر رکھتے ہوئے اُس کی کمر توڑنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔
خط کے اختتام پر آنکھیں نم ہیں اور دل میں یہ وسوسے اٹھ رہے ہیں کہ اگر خدا نہ کرے خاکم بدہن آپ چلے گئے تو ہم "شکریہ راحیل شریف” کے نعرے کس کے لیے لگائیں گے اور آپ پھر کس کے حق میں ریلیاں نکالیں گے کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ یہ کرپٹ سیاسی ٹولہ ایک دفعہ پھر نئے سپہ سالار کے چناؤ کے وقت خاص طور پر اس بات کو مدِ نظر رکھے گا کہ کہیں نئے آنے والے سپہ سالار سیاستدانوں کی دولت پر سوال یا اپوزیشن جماعتوں میں کسی کو یہ منشور نہ دے سکے کہ وہ کرپشن اور نااہلی پر آوزیں اٹھا سکے۔

خط کے اختتام پرآپ ہی کے مخصوص لب و لہجے میں یہ آپ کے الفاظ دہرانے کی "اللہ پاکستان کا حامی و ناصر ہو، ہم دشمن کو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں” ادا کرنے ناکام کوشش کی، اگر اُن الفاظ کی ادائیگی کا حق نہ نبھایا ہو تو پلیز مجھے معاف کردیجئے گا کیونکہ میں اس کو تحریر کرتے وقت اپنے جذبات کو بہت قابو میں کرنے کی ناکام کوشش کررہا ہوں۔
والسلام
آپ کا دیوانہ
پاکستان زندہ باد
پاک فوج پائندہ باد

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے