یمن میں جنگ بندی کے معاملہ پر مذاکرات کی ناکامی افسوس ناک ہے سعودیہ عرب کو چاہئے کہ فوری طور فضائی حملے بند کرکے دانشمندی کا ثبوت دے۔علامہ عبدالخالق اسدی
مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی کاکہنا ہے سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں یمن کے تنازعے پر امن مذاکرات کسی نتیجہ پر نہ پہنچنا افسوس ناک امر ہے .
صوبائی سیکرٹریٹ میں کارکنان کے اعزاز میں دیے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حوثی قبائل کی جانب سے مذاکرات کی کامیابی کے لئے پہلے فضائی حملے بند کرنے کا مطالبہ درست ہے .
انہوں نے کہا یمن کے معاملہ میں سعودی دخل اندازی کے باعث ان تک چھبیس ہزار افراد شہید اور لاکھوں کی تعد اد میں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔
علامہ اسدی کاکہنا تھا کہ سعودیہ عرب کو کم سے کم رمضان المبارک کے احترام میں فضائی حملے بند کرنے کا اعلان کرنا چاہئے تھا تاکہ یمن میں بے آسرا افراد کی بحالی کا کام شروع کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ ذاتی مفاد اور تعصب کی وجہ سے مسلم امہ دنیا بھر میں تنزلی کا شکار ہے جس کی مثال یمن پر سعودیہ عرب کے حملے ہیں جس کا فائدہ اغیار اٹھاتے ہیں اور برما میں نہتے مسلمانوں کا قتل عام ہوتا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔