ڈونلڈ ٹرمپ کا میڈیا پر ’غلط رپورٹنگ‘ کا الزام

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا پر غلط رپورٹنگ کا الزام لگایا ہے۔انھوں نے یہ الزام اپنے افتتاحی پروگرام کے دوران شریک ہونے والے لوگوں کی تعداد کے حوالے سے لگایا ہے۔

انھوں نے کہا کہ تصاویری شواہد کے برخلاف جب وہ امریکی کیپیٹل ہل سے خطاب کر رہے تھے تو بھیڑ واشنگٹن کی یادگار عمارت تک پہنچ چکی تھی۔وائٹ ہاؤس میں ان کے پریس سیکریٹری نے بعد میں بتایا کہ ’کسی بھی افتتاح کے دوران سامعین کی تعداد سب سے زیادہ تھی۔‘

دوسری جانب سنیچر کو لاکھوں افراد نے امریکہ اور دنیا بھر میں مسٹر ٹرمپ کی نئی انتظامیہ کے خلاف مظاہرہ کیا۔مسٹر ٹرمپ نے ورجینیا کے لینگلی میں سی آئي اے کے ساتھ رشتہ استوار کرنے کے لیے دورہ کیا جہاں انھوں نے اپنے خلاف مظاہروں کا ذکر نہ کرتے ہوئے میڈیا کو نشانہ بنایا۔

انھوں نے انٹیلیجنس برادری اور اپنے درمیان تنازع پیدا کرنے کے لیے میڈیا پر الزام لگایا اور نامہ نگاروں کو ’روئے زمین پر موجود سب سے زیادہ بے ایمان افراد میں سے ایک‘ کہا۔

انھوں نے کہا ٹی وی فوٹیج اور تصاویر میں ان کے افتتاح کی غلط تصویر پیش کی گئی ہے۔ انھوں نے میڈیا کی جانب سے اس موقعے پر ڈھائی لاکھ افراد کی موجودگی کی رپورٹنگ کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ جمعے کو وہاں تقریبا ساڑھے سات لاکھ افراد تھے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ بھیڑ واشنگٹن کی یادگار عمارت تک پہنچ چکی تھی لیکن اس دن کے فضائی نظارے سے ان کے اس دعوے کی تردید ہوتی ہے۔بعد میں وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرریٹری شان سپائسر نے میڈیا کے نمائندوں کو تقریب کے دوران وسیع خالی سیٹیں دکھانے کے لیے تنقید کا نشانہ بنایا۔

دوسری جانب امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ’واشنگٹن میں خواتین مارچ‘ کے لیے دو لاکھ مظاہرین جمع ہو رہے ہیں۔

یہ ریلی دنیا بھر میں ان 600 متوقع ریلیوں میں سے ایک ہے جو ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ صدارت پر فائز ہونے کے پہلے دن نکالی جارہی ہیں جبکہ صرف امریکہ میں نیویارک سے لے کر سیاٹل تک تقریبا 300 شہروں میں ایسے مظاہرے منعقد کیے جائیں گے۔

ان ریلیوں کا مقصد خواتین کے حقوق کو اجاگر کرنا ہے جن کے بارے میں مظاہرین کو خدشہ ہے کہ نئی انتظامیہ کے زیراثر ان حقوق کو خطرہ لاحق ہے۔اس ریلی میں شریک ہونے والے فنکاروں میں اداکارہ سکالیٹ جانسن، ایما واٹسن، گلوکارہ میڈونا اور ایلیشا کیز شامل ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صدر کی حیثیت سے پہلا قدم اٹھاتے ہوئے سابق صدر کی جانب سے ہیلتھ کيئر کے سلسلے میں کی جانے والی اصلاحات کو ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرکے نشانہ بنایا ہے۔امریکی دارالحکومت میں مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے نیشنل مال پر مظاہرین جمع ہوں گے اور شام کو مارچ کیا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے