پی ایس ایل : شیگی اور علی ظفر رنگ جمانے کو بے قرار

دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے کی افتتاحی تقریب کے حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں گلوکار علی ظفر نے ایونٹ کا آفیشل نغمہ ’کھیل جمے گا‘ گاکر ماحول خوشگوار کردیا۔

پریس کانفرنس میں علی ظفر کے علاوہ شہزاد رائے، فہد مصطفیٰ اور جمکیا کے معروف سنگر ’شیگی‘ بھی موجود تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ اور چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’پاکستانی کہیں بھی ہوں پاکستان سپر لیگ ان کیلئے خوشی کاموقع ہے‘۔

اس موقع پر سابق ٹیسٹ کرکٹر اور پی ایس ایل کے برانڈ ایمبسڈر رمیز راجہ نے کہا کہ ’امید ہے پی ایس ایل 2 اور بھی شاندار ہوگا، اس بار پی ایس ایل میں نئی چیزیں متعارف کرارہے ہیں‘۔

رمیز راجہ نے بتایا کہ ’ہرمیچ کے بہترین بولر کو جامنی کیپ دی جائے گی جبکہ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کو گرین کیپ دیں گے‘۔

گلوکار علی ظفر نے کہا کہ ’کرکٹ مجھے ہمیشہ سے ہی پسند ہے، خوشی ہے کہ کرکٹ کے اس میگا ایونٹ میں پرفارم کرنے کا موقع ملا‘۔

اس موقع پر علی ظفر نے پی ایس ایل 2 کا آفیشل نغمہ بھی سنایا۔

جمیکن اسٹار شیگی نے کہا کہ وہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کرنے کیلئے بے تاب ہیں۔

ُپریس کانفرنس کے بعد اسٹارز نے خصوصی پوسٹرز پر اپنے آٹوگراف دیے جنہیں شائقین پی ایس ایل کی ویب سائٹ سے خرید سکیں گے جبکہ اس سے حاصل ہونے والی آمدنی ایدھی فاؤنڈیشن کو دی جائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز 9 فروری کو ہوگا جبکہ اس سے قبل شاندار افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں علی ظفر، شہزاد رائے اور جمیکن اسٹار شیگی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

اس کے علاوہ افتتاحی تقریب میں لیزر شو اور آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔

افتتاحی تقریب کی میزبانی فہد مصطفیٰ کریں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے