مصر سے تعلق رکھنے والی دنیا کی وزنی ترین خاتون وزن میں کمی کی سرجری کے لیے ہندوستان پہنچ گئیں۔
36 سالہ ایمان احمد نامی مصری خاتون، جن کا وزن 500 کلوگرام (1100 پاؤنڈ) بتایا جاتا ہے، کو ویزا کے حصول کے لیے بھارت کے وزیر خارجہ کی مداخلت کی ضرورت پڑی۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق خاتون کو کارگو طیارے کے ذریعے ہندوستان بھیجا گیا اور انہیں گھر سے ایئرپورٹ منتقل کرنے کے لیے کرین کی مدد لینا پڑی۔
وزنی خاتون کے لیے ہوائی سفر یقینی بنانے کے لیے مصری ڈاکٹرز کی ٹیم نے انہیں 10 دن تک خصوصی نگرانی میں رکھا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر مفضل لکڑاوالا نے بتایا کہ ایمان احمد کے ہندوستان پہنچنے پر انہیں ممبئی کے سیفی ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔
500 کلوگرام وزنی خاتون کی بہن نے گذشتہ سال اکتوبر میں ممبئی سیفی ہسپتال کے ڈاکٹر سے اپنی بہن کے علاج کے لیے رابطہ کیا تھا اور انہیں بتایا تھا کہ بچپن میں ‘ایلیفینٹیاسز’ نامی بیماری کی تشخیص کی گئی تھی، جس کے باعث ان کا جسم سوج چکا ہے اور حرکت کے قابل نہیں رہا۔
ایمان احمد کو ایک بار دل کا دورہ بھی پڑچکا ہے جبکہ وہ ذیابیطس اور بلڈ پریشر کی تکالیف کا شکار ہیں اور انھیں سونے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
ان تمام مسائل کا سن کر ڈاکٹر مفضل لکڑاوالا نے ایمان احمد کا آپریشن مفت کرنے کی یقین دہانی کرائی تاہم ویزا نہ ملنے کی وجہ سے ایمان احمد کو بھارت لایا جانا ممکن نہ ہوسکا۔
جس کے بعد ڈاکٹر مفضل لکڑا والا نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے مدد کی درخواست کی۔
سرجن کے مطابق ایمان کو مصر سے ممبئی لانا ایک مشکل کام تھا کیونکہ وہ ایک ہائی رسک مریض ہیں جو 25 سال سے ہلنے جلنے اور گھر سے نکلنے سے قاصر تھیں۔
اگر ایمان کا وزن 500 کلو گرام ہونے کا دعویٰ درست ثابت ہوجاتا ہے تو وہ دنیا کی سب وزنی عورت قرار دی جانے والی پولین پوٹر کا ریکارڈ توڑ دیں گی۔
امریکا سے تعلق رکھنے والی پولین کا وزن 643 پاؤنڈز تھا۔