‘شرجیل اور خالد پر فرد جرم عائد کی جائے گی‘

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں مبینہ اسپاٹ فکسنگ پر معطل شرجیل خان اور خالد لطیف پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

چند دن قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے دوران مبینہ اسپاٹ فکسنگ پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کر کے وطن واپس بھیج دیا تھا اور اب انہیں سخت سزا دیے جانے کا امکان ہے۔

گزشتہ دو دنوں کے دوران شرجیل خان اور خالد لطیف نے پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ سے غیر رسمی ملاقات کی اور اس دوران کھلاڑیوں نے کہا کہ وہ بیان دینے سے قبل اپنے اہلخانہ سے مشاورت کرنا چاہتے ہیں۔

جمعرات کو لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ ہم رسمی ویڈیو بیان ریکارڈ کریں گے اور اس کے بعد ایک یا دو دن میں ان پر فرد جرم عائد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بہت محتاط رہنا ہو گا اور یہ کوشش کرنا ہو گی کہ قانونی عمل مکمل ہو۔ قانوناً ہمارا موقف بالکل ٹھوس ہو اور اس میں کوئی سقم باقی نہ رہے کیونکہ یہ کھلاڑی عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں۔

پی سی بی چیف شہریار خان کا کہنا ہے کہ کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے انسداد کرپشن یونٹ نے محمد عرفان، شاہ زیب حسن اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ذوالفقار بابر سے بھی سوالات کیے تھے لیکن انہیں شواہد نہ ہونے پر معطل نہیں کیا گیا۔

گزشتہ روز ناصر جمشید کو پی ایس ایل میں مبینہ اسپاٹ فکسنگ کے الزامات کی تحقیقات کے لیے برطانیہ میں ایک شخص کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا تاہم بعدازاں انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ایک پی سی بی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ‘ناصر جمشید اور ایک یوسف نامی شخص کو نیشنل کرائم ایجنسی نے گرفتار کیا تھا’۔

پی سی بی چیئرمین شہریار خان پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ناصر جمشید کے خلاف بھی ثابت موجود ہیں اور شرجیل خان اور خالد لطیف کے ساتھ ساتھ اب ناصر مستقبل پر بھی سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے