حنا شاہ نواز قتل: مرکزی ملزم 3 ساتھیوں سمیت گرفتار

پشاور: کوہاٹ پولیس نے رواں ماہ کے آغاز میں قتل ہونے والی این جی او ورکر حنا شاہ نواز کے قتل کے مرکزی ملزم کو 3 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) کوہاٹ جاوید اقبال نے بتایا کہ مرکزی ملزم ذوالفقار علی بھٹو کو راولپنڈی سے جبکہ قتل میں ملوث اس کے 3 ساتھیوں کو کوہاٹ سے گرفتار کیا گیا۔

حنا شاہ نواز کو رواں ماہ 6 فروری کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا اور اس حوالے سے رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ انھیں مبینہ طور پر ان کے کزن نے ‘غیرت کے نام پر قتل’ کیا۔

پولیس نے واقعے کے بعد بتایا تھا کہ حنا کے کزن محبوب عالم نے کوہاٹ کے علاقے استارزئی میں مبینہ طور پر انھیں 4 گولیاں مار کر قتل کیا۔

رپورٹس کے مطابق حنا نے ایم فل کر رکھا تھا، وہ اسلام آباد میں ایک این جی او سے منسلک تھیں اور ماہانہ 80 ہزار روپے کما رہی تھیں اور اپنی والدہ اور بھابی کی کفالت ان کے ذمہ تھی، کیونکہ ان کے والد اور بھائی کا انتقال ہوچکا تھا۔

جبکہ خاندانی ذرائع کے حوالے سے یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ حنا کا کزن ان کی ملازمت سے خوش نہیں تھا اور انھیں متعدد مرتبہ اس سے منع کرچکا تھا۔

تاہم بعدازاں کیس نے اُس وقت نیا موڑ اختیار کرلیا تھا جب کیس میں نامزد مرکزی ملزم محبوب عالم نے سوشل میڈیا پر آکر اپنی بے گناہی کا دعویٰ کیا اور کہا کہ انھوں نے اپنی کزن کو قتل نہیں کیا بلکہ اصل مجرم کوئی اور ہے۔

ویڈیو پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے خاندان میں بہت سی دیگر لڑکیاں بھی ملازمت کر رہی ہیں جبکہ ان کی اپنی بہن بھی ایک اسکول میں پڑھاتی ہے، ساتھ ہی محبوب عالم نے دعویٰ کیا تھا کہ خاتون کے اہلخانہ نے اصل قاتل کو بچانے کے لیے انھیں پھنسایا ہے۔

تاہم 4 ملزمان کی گرفتاری کے بعد پولیس کا مزید کہنا ہے کہ محبوب عالم بھی کیس میں مرکزی ملزم نامزد ہے اور اس کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے