سوشل میڈیا تنہائی میں اضافے کی اہم ترین وجہ

دو گھنٹے سے زائد سوشل میڈیا کا استعمال لوگوں کو تنہا سمجھنے پر مجبور کرسکتا ہے۔

سماجی روابط کی ویب سائٹس کو عام طور پر دنیا بھر کے انسانوں سے جُڑنے اور روابط بڑھانے کا اہم ترین ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔

ان پلیٹ فارمز کے ذریعے صارفین اس بات سے آگاہ رہتے ہیں کہ ان کے دوستوں، رشتے داروں سمیت جان پہچان کے دیگر افراد کی زندگی میں کیا ہورہا ہے، ان کا کزن کس ریسٹورنٹ میں کھانا کھا رہا ہے؟ یا کسی دوست کی شادی کس روز ہے؟

لیکن اب امریکی ماہرین نفسیات نے ان ویب سائٹس کو لوگوں میں تنہائی پھیلانے کی وجہ قرار دے دیا ہے۔

نئی تحقیق کے مطابق سوشلائزیشن کا اہم ذریعہ سمجھی جانے والی یہ ویب سائٹس سماجی علیحدگی پیدا کرنے کی سب سے اہم وجہ ہیں۔

امریکی ماہرین کی اس کھوج کے مطابق روزانہ دو گھنٹے سے زائد سوشل میڈیا کا استعمال لوگوں کو تنہا سمجھنے پر مجبور کرسکتا ہے۔

یونیورسٹی آف پٹسبرگ میں امراض اطفال کی پروفیسر اور اس تحقیق کی محقق الزبتھ ملر کی پیش کردہ تھیوریز کے مطابق جو شخص دن کا زیادہ حصہ ان ویب سائٹس پر آن لائن رہ کر گزارتا ہے وہ حقیقی زندگی میں لوگوں سے کم رابطہ کرپاتا ہے۔

انسٹاگرام اور فیس بک پر ایسی تصاویر دیکھ کر جن میں ان کے دوست کسی بہترین پارٹی یا فنکشن کا حصہ ہوں، کو دیکھ کر صارف خود کو اکیلا محسوس کرسکتا ہے۔

ماہرین نے اپنی تحقیق کے دوران 19 سے 32 سال کی عمر کے 2 ہزار افراد کو شامل کیا تھا۔

یونیورسٹی آف پٹسبرگ اسکول آف میڈیسن سے تعلق رکھنے والے پروفیسر برائن پرائمیک کے مطابق یہ ایک اہم معاملہ ہے جس پر تحقیق کی گئی، انسان ایک سماجی مخلوق ہے لیکن جدید دور نے ہمیں ساتھ کرنے کے بجائے تقسیم کردیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جہاں ایک طرف ایسا لگتا ہے کہ سوشل میڈیا سماجی روابط میں موجود خلاء کو پُر کرتا ہے وہیں اس تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ لوگوں کا سوشل میڈیا کو حقیقی زندگی کے روابط کی جگہ دینا درست نہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے